1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپئنز لیگ: دفاعی چیمپئن بارسیلونا کو شکست

19 اپریل 2012

لندن میں کھیلے گئے چیمپئنز لیگ کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں برطانوی فٹ بال کلب چیلسی نے دفاعی چیمپئن بارسیلونا کو ایک گول سے شکست دے کر اپ سیٹ کر دیا۔ سیمی فائنل کے لیے بارسیلونا کو فیورٹ قرار دیا جا رہا تھا۔

تصویر: Reuters

یورپی براعظم کے مختلف ملکوں میں کھیلی جانے والی قومی چیمپئن شِپس کی ٹاپ ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا معتبر ٹورنامنٹ چیمپئنز لیگ اب اپنی منزل کے قریب ہے۔ اس کے سیمی فائنل میچوں کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے۔ اب دوسرے مرحلے میں سیمی فائنل میچوں کا میلہ ایک بار پھر اگلی منگل اور بدھ کے روز سجے گا۔ چیمپئنز لیگ کے دوسرے سیمی فائنل کا نتیجہ بھی حیران کن رہا۔ دفاعی چیمپئن اور انتہائی مضبوط ہسپانوی فٹ بال کلب بارسیلونا کو سیمی فائنل میچ میں شکست کا سامنا رہا۔

آئیوری کوسٹ کے کھلاڑی ڈیڈیے ڈوگبا گول کرنے کے بعدتصویر: AP

دوسرے سیمی فائنل میچ کا میزبان شہر برطانیہ کا دارالحکومت لندن تھا۔ سیمی فائنل میچ سٹیم فورڈ برج اسٹیڈیم (Stamford Bridge ) میں کھیلا گیا۔ یہ میدان چیلسی کلب کا ہوم اسٹیڈیم ہے۔ میچ کے ریفری جرمنی سے تعلق رکھنے والے فیلکس بریخ (Felix Brych) تھے۔ ہزاروں شائقین کے سامنے بارسیلونا کے جارحانہ کھیل کے سامنے چیلسی کلب نے انتہائی جُراٴت اور ہمت کا مظاہرہ کیا۔ میچ کے دوران بارسیلونا کے کھلاڑی گول کرنے کی جُستجُو میں برطانوی فٹ بال کلب چیلسی کے ہاف میں کھیلتے رہے۔ اس تمام تر اٹیک کے باوجود برٹش کلب کے کھلاڑیوں نے انتہائی متوازن دفاع کا مظاہرہ کیا اور اس دوران کسی بھی وقت وہ کنفیوز نہیں ہوئے۔

سیمی فائنل میچ کے پہلے ہاف کے ختم ہونے پر ضائع شدہ اضافی وقت کے دو منٹوں کے دوران چیلسی کے سینٹر فارورڈ پوزیشن پر کھیلنے والے افریقی ملک آئیوری کوسٹ کے کھلاڑی ڈیڈیے ڈوگبا (Didier Drogba) نے گول کر کے اپنے کلب کو برتری دلا دی۔ ڈوگبا نے رامیرز (Raul Meireles) کے پاس کو گول میں تبدیل کر کے بارسیلونا کی صفوں میں بے چینی پھیلا دی۔

چیلسی نے سیمی فائنل میں اپ سیٹ کر دیاتصویر: picture-alliance/dpa

دوسرے ہاف میں بارسیلونا نے انتہائی کوشش کی لیکن دفاعی اور مڈ فیلڈر کھلاڑیوں کے ہمراہ چیلسی کے چیک جمہوریہ سے تعلق رکھنے والے مشہور گول کیپر پیٹر چیخ (Petr Čech) نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ میں فتح کو یقینی بنایا۔ میچ کے دوران بارسیلونا کے کھلاڑی مناسب اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ ضرور کر رہے تھے لیکن ان کی فِنشنگ معیاری نہیں تھا اور اس وجہ سے وہ گول کرنے کے مواقع حاصل کرنے کے باوجود ایک گول سے بھی محروم رہے۔ بارسیلونا کلب کے ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے برق رفتار فارورڈ لیونل میسی (Lionel Messi) کو چیلسی کلب کے مِڈ فیلڈرز جان ٹیری اور گیری کے ہل (Gary Cahill) نے عمدگی سے بلاک کیے رکھا۔

چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل میچوں کا اگلا مرحلہ یورپی ملک اسپین میں مکمل ہو گا۔ جرمن فٹ بال کلب بائرن میونخ کو ریئل میڈرڈ کا سامنا ہو گا اور یہ میچ ہسپانوی دارالحکومت میڈرڈ کے سینتیاگو بیرنابیاُو (Santiago Bernabéu) اسٹیڈیم میں اگلے بدھ کے روز کھیلا جائے گا۔ انگلش فٹ بال کلب کو بارسیلونا کے ہوم گراؤنڈ کا سامنا ہو گا اور میچ منگل کے روز کیمپ نُو (Camp Nou) اسٹیڈیم میں شیڈیول ہے۔ کیمپ نُو اسٹیڈیم تعمیر کے بعد سے بارسیلونا کا میدان خیال کیا جاتا ہے۔

ah/hk (Reuters, AP)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں