چیمپئنز لیگ: سیمی فائنل میں بائرن میونخ کو ریال میڈرڈ کا سامنا
12 اپریل 2014یورپی ملکوں کے ٹاپ فٹ بال کلبوں کے درمیان کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ چیمپئنز لیگ کے دوسرے مرحلے کے کوارٹر فائنل میچ گزشتہ بدھ کو مکمل ہو گئے تھے۔ ان میچوں میں جیتنے والی چار ٹیمیں بائرن میونخ، ریال میڈرڈ، چیلسی اور ایتلیٹکو میڈرڈ ہیں۔ سیمی فائنل میں کون کس کے ساتھ کھیلے گا یہ فیصلہ کرنے کے لیے کل جمعے کے روز سوئٹزرلینڈ کے شہر نِیُوآں (Nyon) میں قرعہ اندازی کی گئی۔ اس کے مطابق جرمن کلب بائرن میونخ کو ریال میڈرڈ کا سامنا ہے اور انگلش کلب چیلسی کو ایتلیٹکو میڈرڈ سے پنجہ آزمائی کرنا ہو گی۔
ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ اب تک نو مرتبہ چیمپئنز لیگ کی ٹرافی اٹھا چکا ہے جبکہ میڈرڈ کا یہ مشہور کلب مسلسل چوتھے سال سیمی فائنل کھیل رہا ہے۔ جرمنی کے تاریخ ساز فٹ بال کلب بائرن کے ساتھ ریال میڈرڈ کا میچ22 اپریل کو ہسپانوی دارالحکومت میڈرڈ میں کھیلا جائے گا۔ ریال میڈرڈ اور بائرن میونخ کا میچ سنتیاگو بیرنابیُئو اسٹیڈیم (Santiago Bernabeu Staadium) میں کھیلا جائے گا۔ ریال میڈرڈ کے ہوم گراؤنڈ میں توقع کی جا رہی ہے کہ 85 ہزار سے زائد شائقین میچ دیکھنے پہنچیں گے۔ ریال میڈرڈ کی ٹیم اس گراؤنڈ پر سن1947 سے کھیل رہی ہے۔ کواٹر فائنل مرحلے میں ریال میڈرڈ نے جرمن کلب ڈورٹمنڈ کو شکست دی تھی۔
بائرن میونخ چیمپئنز لیگ کی دفاعی چیمپیئن ہے۔ جرمن ٹیم سیمی فائنل کے دوسرے راؤنڈ کے میچ کی میزبانی میونخ شہر میں کرے گی جو 29 اپریل کو کھیلا جائے گا۔ کوارٹر فائنل مرحلے میں انگلش فٹ بال کلب مانچسٹر یونائٹیڈ کو جرمن کلب سے ہارنا پڑا تھا۔ چیمپئنز لیگ کی تاریخ میں بائرن پہلی ٹیم ہے جو اپنے اعزاز کے دفاع میں سیمی فائنل مرحلے میں داخل ہوئی ہے۔ کوارٹر فائنل کے دوسرے راؤنڈ میں ڈورٹمنڈ نے ریال میڈرڈ کو دو گول سے ہرایا تھا لیکن مجموعی اوسط پر ہسپانوی کلب سیمی فائنل مرحلے میں پہنچنے میں کامیاب رہا۔ اِس باعث خیال کیا گیا ہے کہ بائرن اپنی موجودہ اسپرٹ اور مورال سے فائنل تک رسائی حاصل کرنے کی پوزیشن میں ہے۔
دوسرے سیمی فائنل میں انگلش کلب چیلسی اور ہسپانوی دارالحکومت میڈرڈ کا ایک اور کلب ایتلیٹکو کا مقابلہ ہوا گا۔ چالیس برسوں بعد چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل مرحلے میں داخل ہونے والے ایتلیٹکو کلب کو مضبوط اور مشہور انگلش کلب چیلسی کا سامنا ہے۔
کوارٹر فائنل میں ایتلیٹکو نے مشہور فٹ بالر لیونل میسی کے کلب بارسلونا کو شکست دے کر اپ سیٹ کیا تھا۔ سیمی فائنل کے پہلے راؤنڈ کا میچ ایتلتیٹکو کے ہوم گراؤنڈ پر 23 اپریل کو کھیلا جائے گا۔ ایتلیٹکو میڈرڈ اورچیلسی کے درمیان جوابی سیمی فائنل لندن کے سٹیم فورڈ برِج اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جو فُلہم کے علاقے میں واقع ہے۔
چیمپئنز لیگ کا فائنل میچ 24 مئی کو پرتگال کے دارالحکومت لِزبن میں کھیلا جائے گا۔ بعض مبصرین کا خیال ہے کہ رواں برس میڈرڈ کے دونوں کلب لِزبن کے ڈا لُوئس اسٹیڈیم (Estádio da Luz) میں مدمقابل ہو سکتے ہیں۔ اس اسٹیڈیم میں 65 ہزار سے زائد شائقین بیٹھ سکتے ہیں۔