چیمپئنز لیگ: لیورکوزن فتح مند، ڈورٹمنڈ کی شکست
20 اکتوبر 2011جرمن شہر لیور کوزن کے بے ایرنا میں کھیلے گئے میچ میں لیورکوزن نے مضبوط ہسپانوی کلب ویلینسیا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ اس فتح کے بعد لیورکوزن گروپ ای میں تین میچ کھیل کر چھ پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر پہنچ گیا ہے۔ ویلینسیا کی تیسری پوزیشن ہے اور اس کے پوائنٹس کی تعداد دو ہے۔ گروپ ای میں برطانوی کلب چیلسی پہلے مقام پر ہے۔
اپنے ہوم گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے میچ کے پہلے ہاف میں مہمان فٹ بال کلب نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ چوبیسویں منٹ میں ویلنسیا کے جوناس نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ لیکن دوسرے ہاف کے پہلے پانچ منٹ ویلینسیا کے لیے انتہائی پریشان کن ثابت ہوئے۔ پہلے آندرے شؤرلے نے گول کیا اور پھر سڈنی سیم کے گول نے میزبان ٹیم کو برتری دلا دی۔ اس میچ میں مشہور جرمن کھلاڑی مشائیل بالاک بھی شریک تھے۔
چیمپئنز لیگ میں بدھ کی شام کھیلے گئے ایک اور میچ میں جرمن فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کی دفاعی چیمپئن ٹیم ڈورٹمنڈ کو ایک بڑی شکست کا سامنا رہا۔ گروپ ایف میں یونان کے فٹ بال کلب اولمپیاکس (Olympicos) نے ڈورٹمنڈ کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا۔ یونانی کلب کے خلاف ڈورٹمنڈ کی کارکردگی متاثر کن نہیں تھی۔
یہ میچ یونانی دارالحکومت ایتھنز کے نواح میں واقع شہر پیریاس (Piraeus) کےKaraiskakis Stadium میں کھیلا گیا۔ اولمپیاکس نے ڈورٹمنڈ کے خلاف پہلا گول آٹھویں منٹ میں کیا۔ یہ گول یوزے ہولیباس (Jose Holebas) نے کیا۔ اس برتری کو ڈورٹمنڈ کی جانب سے اس کے پولستانی فارورڈ رابرٹ لیوانڈو وسکی (Robert Lewandowski) نے چھبیسویں منٹ میں برابر کردیا۔ یونانی کلب نے پہلے ہاف کے چالیسویں منٹ میں ایک بار پھر سبقت حاصل کر لی اور پھر دوسرے ہاف میں ایک اور گول سے اس نے اپنی برتری کو استحکام دے دیا۔ گروپ ایف میں جرمن کلب سب سے نچلے مقام پر ہے۔ اس نے تین میچ کھیل کر صرف ایک پوائنٹ حاصل کر رکھا ہے۔ یونانی فٹ بال کلب اولمپیاکس نے چیمپئنز لیگ میں پہلی کامیابی حاصل کی اور اس طرح اس نے تین پوائنٹ حاصل کر کے تیسرا مقام حاصل کر لیا ہے۔
چیمپئنز لیگ کے گروپ مرحلے میں کل بتیس ٹیمیں شریک ہوتی ہیں۔ ان تمام ٹیموں کو آٹھ مختلف گروپوں میں تقسیم کردیا جاتا ہے۔ ہرگروپ سے دو ٹاپ ٹیمیں دوسرے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرتی ہیں۔کوارٹر فائنل اور سیمی فائنل مرحلے پر ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف دو بار کھیلتی ہیں۔ فائنل میچ انیس مئی سن 2012 کو جرمن شہر میونخ میں کھیلا جائے گا۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: عدنان اسحاق