چیمپئنز لیگ: چیلسی کے ہاتھوں بارسلونا کو شکست
25 اپریل 2012سیمی فائنل کے سیکنڈ لیگ مقابلے میں چیلسی نے کھیل کے آخری لمحات میں گول کر کے بارسلونا کے خواب چکنا چور کر دیے۔ منگل کے روز سیمی فائنل کا یہ دوسرا میچ کیمپ نو میں کھیلا گیا، جو دو دو گول سے برابر رہا۔ اس سے قبل اس سیمی فائنل کے پہلے لیگ میچ میں چیلسی نے ایک صفر سے فتح حاصل کی تھی۔ اس طرح چیلسی نے مجموعی طور پر فائنل تین دو سے اپنے نام کر لیا۔
بارسلونا کی جانب سے کھیلنے والے شہرہ آفاق کھلاڑی لیونیل میسی سے پینلٹی کک ضائع ہو گئی۔
میچ کے آغاز میں بارسلونا نے برتری حاصل کی۔ پہلے ہاف میں بارسلونا کی ٹیم مکمل طور پر کھیل پر حاوی رہی اور پہلا ہاف ایک طرف تو بارسلونا کی دو ایک سے برتری پر ختم ہوا اور دوسری طرف چیلسی کے کھلاڑی ٹیری کو سرخ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر کر دیا گیا۔ چیلسی کو باقی میچ دس کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا پڑا۔
بارسلونا کی جانب سے پہلا گول کھیل کے 35 ویں منٹ میں Sergio Busquets نے کیا جبکہ 43 ویں منٹ میں Andres Iniesta نے ایک اور گول کر کے بارسلونا کی برتری کو دو صفر تک پہنچا دیا تاہم پہلے ہاف کے اختتامی لمحات میں چیلسی کی جانب سے رامیریس نے گول کر کے اس برتری کو کم کیا۔
دوسرے ہاف کے آغاز کے کچھ ہی دیر بعد بارسلونا کو پنیلٹی کک ملی، جو لیونیل میسی نے ضائع کر دی۔ ان کی کک گول پوسٹ سے ٹکرا کر ضائع ہوئی۔ اس کے بعد دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے گول پر حملے کرتی رہیں، مگر کوئی گول کرنے میں کامیاب نہ ہو پایا۔ کھیل کے اختتامی لمحات میں چیلسی کی جانب سے فرنانڈو ٹوریس نے ایک ڈرامائی گول کر کے اس میچ میں بارسلونا کی برتری کو ختم کر دیا۔ اس طرح پہلے اور دوسرے لیگ کے سیمی فائنل میں مجموعی اسکور تین دو ہو گیا، جو چیلسی کو یورپ کے سب سے بڑے کلب فٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کروا گیا۔
at/ss (Reuters, AFP)