1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپئنز لیگ کا آغاز

19 ستمبر 2012

یورپی فٹ بال کلبوں کے معتبر ٹورنامنٹ چیمپئنز لیگ کے رواں سیزن کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ اس کے گروپ لیول کے میچز منگل کے ساتھ ساتھ بدھ کے روز بھی کھیلے جائیں گے۔ آٹھ میں سے چار گروپوں کے میچ منگل کی شام کھیلے گئے۔

تصویر: REUTERS

منگل کی شام چیمپئيز لیگ کے میچوں کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ اس ٹورنامنٹ میں کل 32 ٹیمیں شریک ہیں اور ان کے آٹھ گروپ ہیں۔ پہلے چار یعنی گروپ اے، بی ، سی اور ڈی کے میچ مکمل ہو گئے ہیں۔ آج بدھ کے روز گروپ ای، ایف، جی اور ایچ کی ٹیموں کے میچ شیڈیول ہیں۔ منگل کے روز جرمن فٹ بال کلبوں ڈورٹمنڈ اور شالکے کے میچ تھے۔ آج بدھ کے روز گزشتہ سال کی رنر اپ بائرن میونخ اپنا میچ مضبوط ہسپانوی کلب ویلینسیا کے خلاف کھیل رہی ہے۔

چیمپئنز لیگ کے گروپ بی میں شالکے نے میچ میں کامیابی حاصل کیتصویر: REUTERS

جرمنی کی قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کی دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ کا میچ ہالینڈ کے شہر ایمسٹر ڈیم کی ٹیم اژاکس (Ajax) کے ساتھ شیڈیول تھا۔ اژاکس کے خلاف یہ میچ ڈورٹمنڈ فٹ بال کلب نے اسی نام کے شہر میں واقع اپنے ہوم گراؤنڈ میں کھیلا۔ ڈورٹمنڈ کی ٹیم یہ میچ ایک گول سے جیت کر سرخرو ہوئی۔ میچ کا پہلا ہاف برابری پر ختم ہوا۔ دوسرے ہاف کے آخری منٹوں میں رابرٹ لیوانڈووسکی (Robert Lewandowski) نے گول کر کے ڈورٹمنڈ کی ٹیم کو فتح دلائی۔

ایک اور جرمن کلب شالکے نے منگل کے روز چیمپئيز لیگ کے گروپ بی اپنا میچ یونانی فٹ بال کلب اولمپیاکوس (Olympiacos) کے ساتھ اس کے شہر پیریاس (Piraeus) میں واقع Georgios Karaiskakis Stadium میں کھیلا ۔ اس میچ میں شالکے کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے کامیابی حاصل ہوئی۔ شالکے کی جانب سے پہلے ہاف میں بینیڈکٹ ہوویڈس (Benedikt Hoewedes) نے گول کیا جسے بعد میں یونانی ٹیم نے برابر کر دیا۔ یونانی ٹیم کے گول کے ایک ہی منٹ بعد جرمن کلب کی جانب سے کلاس ژان ہُنٹے لار (Klaas-Jan Huntelaar) نے گول کر کے دوبارہ اپنی ٹیم کے لیے برتری حاصل کر لی اور یہ آخر تک قائم رہی۔

ڈورٹمنڈ نے ڈچ کلب اژاکس کو شکست دیتصویر: REUTERS

منگل کے روز کھیلے گئے دیگر میچوں میں پرتگال کے فٹ بال کلب پورٹو نے کروشیائی کلب ڈائنمو زغرب کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔ فرانسیسی شہر پیرس میں کھیلے گئے اس میچ میں مقامی فٹ بال کلب پیرس سینٹ جرمین نے یوکرائن کے ڈائنمو کییف کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی۔ فرانسیسی کلب موں پیلئر (Montpellier) کو برطانوی فٹ بال کلب آرسنل نے ہرایا۔ ہسپانوی کلب مالاگا نے روسی کلب زانیت (zenit) کو شکست سے دوچار کیا۔ میلان اور اندرلیشٹ (anderlecht) کے درمیان میچ برابر رہا۔ ہسپانوی کلب ریئل میڈرڈ نے برطانوی کلب مانچیسٹر سٹی کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔

براعظم یورپ کے مقبول ترین کھیل فٹ بال کے اہم کلبوں کا معتبر ٹورنامنٹ سن 1955 سے جاری ہے۔ ابتدا میں اس کا نام یورپی فٹ بال کلبز کپ یا یورپی کپ تھا۔ سن 1992 میں اس کا نام اور فارمیٹ تبدیل کر دیا گیا۔ یورپ لیگ کے نام سے ایک اور یورپی سطح پر ٹورنامنٹ کھیلا جاتا ہے۔ چیمپئنز لیگ کا ونر فیفا سپر کپ اور فیفا کلب ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر جاتا ہے۔ گزشتہ سال یہ چیمپئن شپ انتہائی ڈرامائی انداز میں برطانوی کلب چیلسی نے جیت لی تھی۔ فائنل میں جرمن کلب بائرن میونخ کو حیران کن انداز میں شکست کا سامنا رہا۔

ah/ab(AP, Reuters)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں