چیمپئنز لیگ کے فائنل میں میڈرڈ کو کڑا وقت دیں گے، کلاپ
3 مئی 2018انگلش فٹ بال کلب ایف سی لیورپول کی ٹیم چیمپئنز لیگ کے فائنل میں پہنچ گئی ہے۔ بدھ کی رات ہونے والے اس ٹورنامنٹ کے اطالوی کلب اے ایس روم کے خلاف اپنے دوسرے سیمی فائنل میچ میں لیورپول دو کے مقابلے میں چار گول سے ہار گئی۔ لیکن پہلا میچ دو کے مقابلے میں پانچ گولوں سے جیتنے کے باعث وہ فائنل میں پہنچ گئی۔ دونوں میچوں میں روم نے چھ جبکہ لیورپول نے سات گول کیے۔
فٹ بال ورلڈ کپ 2018: کون اندر، کون باہر؟
’رونالڈو نے چیمپئنز لیگ کا فائنل جیت لیا‘
یورپ میں فٹ بال، اربوں یورو کی کمائی
اب چھبیس مئی کو کییف میں چیمپئنز لیگ کے فائنل میں لیورپول کا مقابلہ ہسپانوی کلب ریئل میڈرڈ سے ہو گا۔ اس حوالے سے لیور پول کے کوچ ژورگن کلاپ نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم ہسپانوی کلب کے خلاف عمدہ کھیل پیش کرنے کے لیے تیار ہے۔
لیور پول گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے چیمپئنز لیگ جیتنے میں ناکام رہی ہے۔ تاہم جرمن کوچ کلاپ کی سربراہی میں لیور پول کو امید ہے کہ وہ اس مرتبہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتی ہے۔
کلاپ کی کوچنگ میں لیور پول نے سن دو ہزار سولہ میں لیگ کپ اور یوروپا لیگ کے فائنل میچوں تک رسائی حاصل کی تھی۔ تاہم وہ یہ دونوں میچ ہی ہار گئی تھی۔ کلاپ نے اس حوالے سے کہا، ’’ہم لیگ کپ کے فائنل تک پہنچے لیکن ہار گئے۔ ہم نے یوروپا کپ کا فائنل بھی کھیلا۔ یہ افسوس کی بات ہے کہ ہم ناکام رہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اب چیمپئنز لیگ کا فائنل اہم معرکہ ہے اور ابھی کام باقی ہے۔
رئیل میڈرڈ نے جرمن کلب بائرن میونخ کو سیمی فائنل میں شکست دے کر گزشتہ پانچ سالوں میں مسلسل چوتھی مرتبہ چیمپئنز لیگ کے فائنل تک رسائی حاصل کی ہے۔ اگر میڈرڈ کی ٹیم اس مرتبہ بھی کامیاب ہوتی ہے تو وہ مسلسل تیسری مرتبہ اس یورپی ٹائٹل کو اپنے نام کرنے کے قابل ہو جائے گی۔
ہسپانوی کلب کے کوچ زیڈان کی ٹیم میں وہ تمام اہم کھلاڑی شامل ہیں، جنہوں نے سن دو ہزار چودہ، سولہ اور سترہ میں چیمپئنز لیگ کا فائنل جیتا تھا۔ ’ان فارم‘ کرسٹیانو رونالڈو، سیرگئی راموس، لوکا موڈرِچ اور کریم بینزیما اس مرتبہ بھی اپنی ٹیم کو کامیابی کی نئی بلندیوں پر لے جانے کے لیے تیار نظر آتے ہیں۔
لیور پول کے کوچ ژورگن کلاپ نے رئیل میڈرڈ کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا، ’’آپ اس ٹورنامنٹ میں رئیل میڈرڈ کے خلاف اس سے زیادہ تجربہ کار نہیں ہو سکتے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اس ہسپانوی کلپ کی طرف سے اس مرتبہ فائنل کھیلنے والی ٹیم کے اسّی فیصد کے کھلاڑی حالیہ برسوں میں تمام فائنل میچ کھیل چکے ہیں، ’’وہ گزشتہ پانچ سالوں میں چار مرتبہ چیمپئنز لیگ کے فائنل کھیل چکے ہیں۔ یہ ٹیم انتہائی تجربہ کار ہے لیکن ہم اس میچ میں اپنی بھرپور توانائی دکھائیں گے۔‘‘
ع ب / ع ت / خبر رساں ادارے