1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چینی حکومت کے منحرف کا نظربندی سے ڈرامائی فرار

28 اپریل 2012

چین کی حکومتی پالیسیوں پر سخت تنقید کرنے والے نابینا ناقد اور منحرف چین گوانگ چینگ اپنے گھر سے، سکیورٹی اہلکاروں کو چکمہ دے کر فرار ہو گئے ہیں۔

چین گوانگ چینگتصویر: YouTube

چین کی حکومت نے عالمی سطح پر انتہائی اہم انسانی حقوق کے چینی ایڈووکیٹ اور ناقد Chen Guangcheng کی سرگرمیوں کو محدود کر رکھا تھا۔ وہ تقریباً اپنے گاؤں کی حدود میں رہنے کے پابند تھے۔ ایسی اطلاعات ہیں کہ نابینا چینی منحرف کے گھر سے فرار ہونے کے بعد دارالحکومت بیجنگ میں امریکی سفارت خانے پہنچ گئے ہیں۔ ان کے امریکی سفارت خانے میں پناہ لینے کے بارے میں اطلاع ان کے ساتھی اور ایک دوسرے انسانی حقوق کے سرگرم کارکن ہو جیا نے بی بی سی دی۔

چین گوانگ چینگ کا مکانتصویر: YouTube

چینگ جبری اسقاط حمل کے سخت مخالف ہونے کے ساتھ ساتھ حکومتی پالیسیوں پر بھی تنقید کرنے سے چوکتے نہیں تھے۔ گاؤں تک پابند کرنے کی وجہ سے انہیں چین کے اندر موجود متعدد حکومتی ناقدین کی ہمدردیاں حاصل ہو چکی ہیں۔ وہ ستمبر سن 2010 میں چار برس کی قید کاٹنے کے بعد رہا کر دیے گئے تھے۔ رہائی کے وقت سے حکام نے گوانگ چینگ کو ان کے گاؤں تک محدود کر دیا تھا۔ ان کا گاؤں لِنیائی مشرقی شانڈونگ صوبے کے ڈونگ شیگُو نامی قصبے میں واقع ہے۔

فرار ہونے کے بعد چَین گوانگ چینگ کی جانب سے ایک ویڈیو یو ٹیوب پر ریلیز کی گئی ہے اور اس میں چینی منحرف نے وزیر اعظم وین جیا باؤ سے کہا ہے کہ ان سے اور ان کے خاندان کے افراد پر مقامی حکومتی اہلکاروں نے جو نامناسب سلوک روا رکھے تھا، اسے کی باقاعدہ تحقیقات کروائی جائے۔ چینگ کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ آسان نہیں تھا لیکن وہ اپنے گاؤں سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ یو ٹیوب پر جاری ویڈیو میں چینی منحرف کا یہ بھی کہنا تھا کہ لِنیائی میں ان پر کیے جانے والے تشدد کی جو خبریں انٹرنیٹ پر آتی رہی ہیں وہ درست اور حقیقت ہے۔ گوانگ چینگ نے اپنے مستقبل کے پلان کے بارے میں کچھ بھی نہیں بتایا۔ اس ویڈیو کے حقیقی ہونے کی تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔

چین گوانگ چینگ کو ان کے گاؤں تک محدود کر دیا گیا تھاتصویر: AP

چینگ کے گھر سے فرار ہونے کے بعد کی صورت حال پر بظاہر کوئی تصدیقی اطلاع موجود نہیں ہے۔ مختلف آرا کے باوجود امریکی ریاست ٹیکساس میں قائم مذہبی اور سیاسی معاملات سے متعلق گروپ چائنا ایڈ کے صدر بوب فُو کا کہنا ہے کہ چَین گوانگ چینگ اس وقت بیجنگ میں ہیں اور سو فیصد محفوظ ہیں۔

چائنا ایڈ کے صدر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسی اطلاعات ہیں کہ چَین گوانگ چینگ نے بیجنگ میں امریکی سفارت خانے میں پناہ لے لی ہے۔ بوب فُو کا یہ بھی کہنا ہے کہ چَین گوانگ چینگ کے غائب ہونے کے بعد چینی حکام نے ان کے گاؤں والے مکان کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ اس مکان کے اندر ان کی اہلیہ، ماں اور بیٹی موجود ہیں۔

امریکی سفارت خانے اور چینی وزارت خارجہ نے اس مناسبت سے فوری طور پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں وزارت خارجہ کی ترجمان وکٹوریا نولینڈ کا بھی کہنا ہے کہ ان کے پاس اس بابت کوئی اطلاع موجود نہیں ہے۔

ah/ng (Reuters, AP)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں