1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’چینی سلک روڈ اٹلی تک پہنچ گیا‘

24 مارچ 2019

چین اور اٹلی نے تجارت اور ٹرانسپورٹ کے ’سلک روڈ‘ معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ یہ دستخط چینی صدر کے اطالوی دورے کے موقع پر کیے گئے۔ چینی صدر اٹلی کے بعد مناکو اور فرانس کا دورہ کریں گے۔

Italien Rom Vertragsunterzeichnung | Xi Jinping, He Lifeng & Luigi Di Maio & Giuseppe Conte
تصویر: Getty Images/AFP/A. Pizzoli

چینی ’شاہراہ ریشم‘ اب ایشیا سے نکل کر یورپ میں پھیلنا شروع ہو گئی ہے۔ اس کی نئی مثال یہ ہے کہ اطالوی حکومت نے ہفتہ تئیس مارچ کو چین کے ساتھ ٹرانسپورٹ اور تجارت کے نئے’سلک روڈ‘ معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ اس معاہدے پر بظاہر فریقین کے لیے عمل کرنا لازم نہیں ہے۔ اطالوی میڈیا کے مطابق چینی صدر کے ساتھ طے پانے والے معاہدوں کا حجم پانچ سے آٹھ بلین امریکی ڈالر کے درمیان ہے۔

کل ہفتے کو چینی صدر کے دورے کے دوسرے دن دونوں لیڈروں کی موجودگی میں انتیس نکات پر مشتمل اقتصادی تعلقات کو بہتر بنانے کی ایک تفصیلی یاداشت پر دستخط کیے گئے۔ اس تقریب میں چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ اطالوی وزیراعظم جوزیپے کونٹے بھی موجود تھے۔ چینی صدر تئیس مارچ کو اپنی اہلیہ کے ہمراہ سسلی کے شہر پالیرمو بھی گئے تھے۔

چین کے ساتھ ’سلک روڈ‘ پروٹوکول پر دستخط کرنے سے اٹلی ترقی یافتہ اقوام کے گروپ جی سیون کا وہ پہلا ملک بن گیا ہے، جو چین کے ’ون بیلٹ اینڈ روڈٴ‘ سلسلے کا حصہ بنا ہے۔ اس سمجھوتے پر بعض یورپی ممالک نے تحفظات کا اظہار بھی کیا ہے۔ اسی چینی منصوبے میں پرتگال نے بھی گزشتہ برس دسمبر میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔

چینی صدر شی جن پنگ اور اٹلی کے وزیراعظم جوزیپے کونٹےتصویر: Reuters/Y. Nardi

چینی صدر شی جن پنگ اتوار چوبیس مارچ کو اٹلی کا تین روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد فرانس پہنچ رہے ہیں۔ یہ اُن کے موجودہ سہ ملکی دورے کی آخری منزل ہے۔ وہ بحیرہ روم کے کنارے پر واقع شہر نیس پہنچنے کے بعد مناکو جائیں گے۔ مناکو یورپ کا ایک انتہائی چھوٹا مگر متمول ملک ہے۔

کل پیر پچیس مارچ کو صدر شی جن پنگ پیرس میں اپنے میزبان صدر ایمانوئل ماکروں سے ملاقات کریں گے۔ دونوں صدور کی ملاقات چین اور فرانس کے روابط استوار ہونے کی 55 ویں سالگرہ کے موقع پر ہو رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس ملاقات میں چینی صدر اپنے ملک کے یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی کوشش کریں گے۔

منگل چھبیس مارچ کو فرانسیسی و چینی صدور یعنی ایمانوئل ماکروں اور شی جن پنگ کے ساتھ جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلود ینکر ایک میٹنگ میں شریک ہوں گے۔ یہ میٹنگ اگلے ماہ چین یورپی یونین سمٹ کے لیے اہم نکات مرتب کرنے کے سلسلے میں ہے۔

03:53

This browser does not support the video element.

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں