1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

 چینی ٹینس کھلاڑی کی خود پر جنسی حملے کی تردید

20 دسمبر 2021

چین کی کھلاڑی پینگ شوائی نے غیر ملکی پریس کے لیے ایک ویڈیو میں کہا، ’’میں نے کبھی یہ نہیں کہا یا لکھا کہ کسی نے مجھ پر جنسی حملہ کیا تھا۔‘‘ اس سے قبل انہوں نے ایک اعلٰی چینی اہلکار پر جنسی زیادتی کا الزام عائد کیا تھا۔

2017 China Open - Day 8 | Pressekonferenz: Peng Shuai
تصویر: VCG/MAXPPP/picture alliance

چین کی اسٹار ٹینس کھلاڑی پینگ شوائی نے 19 دسمبر اتوار کے روز کہا کہ انہوں نے  کبھی بھی کسی پر جنسی زیادتی کا الزام نہیں لگایا تھا اور یہ کہ انہوں نے نومبر میں سوشل میڈیا پر جو پوسٹ لکھی تھی اسے غلط طریقے سے سمجھا گیا ہے۔

سنگاپور کے ایک میڈیا ادارے لیانہے زاؤباؤ کی جانب سے پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو کلپ میں وہ کہتی ہیں، ’’سب سے پہلے مجھے ایک نکتے پر زور دینے کی ضرورت ہے جو انتہائی اہم ہے، میں نے کبھی یہ نہیں کہا یا لکھا کہ کسی نے مجھ پر جنسی حملہ کیا، مجھے اس ایک نکتے پر واضح طور پر زور دینا ہے۔‘‘

پینگ شوائی نے وضاحت کیے بغیر چینی سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ویبو' پر اپنی اصل پوسٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا،’’جہاں تک ویبو کا سوال ہے تو،  یہ میری ذاتی پرائیویسی کے بارے میں ہے۔۔۔۔۔ بہت ساری غلط فہمیاں پیدا ہوئی ہیں۔۔۔۔۔ اس کی کوئی مسخ شدہ تشریح نہیں ہونی چاہیے۔‘‘

ان کی صورت حالت کے بارے میں تشویش

خواتین سے متعلق بین الاقوامی ٹینس ایسوسی ایشن (ڈبلیو ٹی اے) نے ان کے اس بیان کے بعد 20 دسمبر پیر کے روز کہا ہے کہ جس انداز میں بظاہر ان کا بیان آیا ہے اس سے، ’’سنسرشپ یا جبر کے بغیر بات چیت کرنے کی ان کی صلاحیت اور ان کی خیریت کے بارے میں ڈبلیو ٹی اے کے جو اہم خدشات تھے وہ کم یا دور نہیں ہوئے ہیں۔‘‘

تصویر: zaobao.com.sg

تین بار کی اولمپیئن اور ڈبلز کی سابق عالمی نمبر ایک کھلاڑی پینگ شوائی دو نومبر کو سوشل میڈیا پر ایک پیغام پوسٹ کرنے کے بعد اچانک لا پتہ ہو گئی تھیں۔ سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے چین کے سابق نائب وزیر اعظم ژانگ گاؤلی پر اپنے ساتھ جنسی زیادتی کا الزام عائد کیا تھا۔  چین میں انٹرنیٹ کی نگرانی کرنے والے ادارے نے ان کی اس پوسٹ کو چند منٹوں میں ہی ہٹا دیا تھا۔

اس کے بعد وومنز ٹینس ایسوسی ایشن (ڈبلیو ٹی اے) نے چین میں ہونے والے ٹورنامنٹس میں کھلاڑیوں کی حفاظت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ایک اہم فیصلے میں چین میں ہونے والے خواتین کے اپنے تمام ٹورنامنٹس کو معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

لیکن پینگ نے اتوار کے روز کہا کہ وہ بغیر کسی نگرانی کے بیجنگ میں اپنے گھر میں رہ رہی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے نومبر میں ڈبلیو ٹی اے کے سربراہ اسٹیو سائمن کو ذاتی طور پر ایک خط لکھا تھا، جس میں انہوں نے جنسی حملے کے الزام کی تردید کی تھی۔

اس وقت سائمن نے کہا تھا کہ انہیں اس بات پر یقین نہیں آ رہا ہے کہ آیا وہ ای میل پینگ شوائی نے خود تحریر کی تھی یا نہیں۔ پینگ نے اپنے تازہ بیان میں سابق نائب وزیر اعظم ژانگ گاؤلی کے نام کا ذکر نہیں کیا ہے۔

بیجنگ میں سرمائی اولمپک کے آغاز میں اب صرف چند ہفتوں کا وقت بچا ہے اور چینی ٹینس کھلاڑی اس دوران انٹرنیشنل اولپمک کیمٹی کے ساتھ دو بار ویڈیو کال کر چکی ہیں۔    

ص ز/ (ڈی پی اے، روئٹرز)

چین میں جبری گمشدگیاں

01:28

This browser does not support the video element.

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں