1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین: سیلاب میں 154 ہلاکتیں اور 124 افراد لاپتہ

کشور مصطفیٰ23 جولائی 2016

چین میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں 154 افراد ہلاک اور 124 لاپتہ ہو گئے ہیں۔

تصویر: picture-alliance/AP Photo/L. Hongxiao

طوفان باد و باراں نے شمالی اور وسطی حصوں کو پوری طرح اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ سیلابی ریلوں اور مٹی کے تودے گرنے سے صوبہ ہیبی اور ہینان میں ہزاروں مکان تباہ ہوگئے ہیں اور فصلوں کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے۔ سب سے زیادہ جانی نقصان شمالی صوبے کو پہنچا ہے جہاں کے دیہات کے رہنے والوں نے شکایت کی ہے کہ انہیں اسی مہلک طوفان سے خبر دار کرنے کے لیے کوئی انتباہی پیغام نہیں دیا گیا تھا۔

شدید بارشوں کا سلسلہ گزشتہ پیر کو شروع ہوا جس کے نتیجے میں نہروں نے سیلاب کی شکل اختیار کر لی۔ سیلاب کی شدت سے مٹی کے تودے گرنے لگے اور ملک بھر میں تباہ شدہ گھروں کی تعداد تیزی سے بڑھنے لگی۔ سب سے زیادہ اموات ہیبی کے شمالی صوبے میں رپورٹ کی گئیں جہاں شہری امور کے صوبائی محکمہ کے مطابق 114 افراد ہلاک ہو گئے اور 111 دیگر لاپتہ ہو گئے ہیں۔

کم ازکم ایک کروڑ 60 لاکھ افراد نقل مکانی پر مجبورتصویر: picture-alliance/dpa/Z. Bin

خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق سیلاب زدہ علاقوں سے کم ازکم ایک کروڑ 60 لاکھ افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں جب کہ تین لاکھ متاثرین کو ہیبی پہنچا دیا گیا ہے اور اس صوبے میں سیلاب زدگان کے لیے خیمے، کمبلیں، بارش کے جوتے،جنریٹرز اور دیگر ضروری اشیاء کی دوسری کھیپ پہنچا دی گئی ہیں۔

میڈیا کے ذرائع سے سامنے آنے والی تصویروں میں سیلاب میں ڈوب کر ہلاک ہونے والے بچوں کی کیچڑ میں لت پت لاشیں دیکھی گئی ہیں۔ چینی حکام کے مطابق رواں سال بارشوں اور سیلاب میں 200 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

ریسکیو کا کام جاری ہےتصویر: picture-alliance/dpa/H. Guolin

ایک اندازے کے مطابق ایک لاکھ 50 ہزار ہیکٹر رقبے پر فصلوں کو نقصان ہوا ہے جب کہ کل نقصان کا تخمینہ تین ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔

حکام نے غیر معمولی بارش اور ایک دریا کےبند ٹوٹ جانے کو اس المیے کا ذمہ دار ٹھیرایا ہے۔ یہ بند اچانک پانی کی سطح میں غیر معمولی اضافے کے سبب دیہات کے رہائشی علاقوں کے نزدیک باندھا گیا تھا جو ناکامی کا شکار ہو گیا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں