چین طاقت ور سمندری طوفان بیبنکا سے نمٹنے کی تیاریوں میں
15 ستمبر 2024
چینی حکام ایک ایسے طاقت ور سمندری طوفان سے نمٹنے کی تیاریوں میں ہیں، جو اتوار اور پیر کی درمیانی شب ملک کے گنجان آباد ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کو ہے۔ ان علاقوں میں بہت زیادہ آبادی والا شہر شنگھائی بھی شامل ہے۔
اشتہار
شنگھائی سے اتوار 15 ستمبر کو موصولہ رپورٹوں کے مطابق بیبنکا (Bebinca) نامی یہ بہت طاقت ور سمندری طوفان انتہائی تیز رفتار جھکڑوں اور شدید بارشوں کے ساتھ خشکی پر جن علاقوں سے ٹکرائے گا، ان میں مشرقی چین کے بہت گنجان آباد ساحلی خطے بھی شامل ہیں۔
طوفانی جھکڑ اور شدید بارشیں
ملکی دارالحکومت بیجنگ میں قومی سطح کی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کی ذمے دار چین کی وزارت کے مطابق خاص طور پر شنگھائی شہر اور اس کے قریبی ساحلی علاقوں سے یہ سمندری طوفان اتوار اور پیر کی درمیانی رات ٹکرائے گا اور خدشہ ہے کہ یہ طوفان وہاں وسیع تر مادی نقصانات کا باعث بن سکتا ہے۔
اس چینی وزارت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے، ''اس ٹائیفون کے باعث ایسی بہت شدید بارشیں بھی ہوں گی، جو اتوار سے لے کر منگل کے دن تک مقامی یا علاقائی سطح پر وسیع تر نقصانات کا سبب بن سکتی ہیں۔‘‘
اس وزارت کے ایک ہنگامی اجلاس کے بعد جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا کہ سب سے زیادہ متاثر ہو سکنے والے کئی علاقوں میں اس طوفان اور ممکنہ سیلابوں کے خلاف جامع احتیاطی اقدامات کر لیے گئے ہیں۔‘‘
چین کے سرکاری خبر رساں ادارے شنہوا نے بتایا ہے کہ آبی وسائل کی ملکی وزارت نے اس لیے ایمرجنسی نظام کو بھی الرٹ کر دیا ہے کیونکہ بیبنکا کی وجہ سے تقریباﹰ 25 ملین کی آبادی والے شہر شنگھائی کے ساتھ ساتھ کم از کم تین صوبوں جیانگ سُو، ژی جیانگ اور اَن ہُوئی میں بھی سیلابوں کا خطرہ ہے۔
عوامی تہوار کے موقع پر سمندری طوفان
بیجنگ سے آمدہ دیگر رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ بیبنکا نامی سمندری طوفان مشرقی چین کے ساحلی علاقوں سے ایک ایسے وقت پر ٹکرائے گا، جب پورے چین میں خزاں کے وسط کے موقع پر ایک ایسا عوامی تہوار منایا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے ملک بھر میں عام تعطیل ہے۔
اسی لیے ہنگامی حالات میں ضروری اقدامات کرنے والی چین وزارت نے عام شہریوں سے کہا ہے کہ وہ اپنی سلامتی کے لیے بیبنکا کی وجہ سے پیدا ہونے والے طوفانی حالات بھی پیش نظر رکھیں۔
اس وزارت نے یہ تنبیہ اس لیے کی کہ چین میں اس تہوار کے موقع پر عام شہری بہت بڑی تعداد میں اپنے گھروں کو جانے کے لیے سفر کرتے ہیں اور اپنے گھروں سے باہر ہونے کے باعث بیبنکا ان کے لیے اضافی طور پر خطرناک ہو سکتا ہے۔
اس طوفان کی وجہ سے شنگھائی کے ہوائی اڈے سے مسافر پروازوں کی آمد و رفت بھی یا تو مؤخر کر دی گئی ہے یا سرے سے ہی منسوخ۔ اس کے علاوہ شنگھائی سے ملک کے دیگر علاقوں کی طرف مسافر بردار بحری جہازوں کے ذریعے سفر بھی معطل کر دیا گیا ہے۔
م م / ا ا (اے ایف پی، اے پی)
سمندری طوفان ’بیرل‘ تباہی مچاتا ہوا
سمندری طوفان ’بیرل‘ بحیرہ کریبیین سے گزر رہا ہے اور اب جزیرہ ریاست جمیکا کی طرف بڑھ رہا ہے۔ یہ پہلے ہی چھ انسانی جانیں لے چکا ہے اور ماہرین موسمیات اسے ایک ’تاریخی طوفان‘ قرار دے رہے ہیں۔
تصویر: NOAA/REUTERS
تباہی کے نشانات
جولائی میں ریکارڈ کیا گیا بحر اوقیانوس کا یہ سب سے طاقت ور سمندری طوفان ہے۔ سمندری طوفانوں پر نظر رکھنے والے امریکی مرکز این ایچ سی نے اسے دوسری طاقت ور ترین یعنی گیٹیگری چار کا طوفان قرار دیا ہے۔ کریبیین کی جزیرہ ریاست گریناڈا پر تباہی کے بعد اب یہ جمیکا کی طرف بڑھ رہا ہے۔
تصویر: Curlan Chrissey Campbell/Reuters
یہ طوفان پہلے ہی چھ جانیں لے چکا ہے
جو بچ سکتا ہے، وہ بچے۔ بدھ تک تصدیق شدہ ہلاکتوں کی تعداد چھ تھی۔ کم از کم تین افراد گریناڈا میں ہلاک ہوئے اور ایک سینٹ ونسنٹ میں مارا گیا۔ وینزویلا میں بھی دو اموات ہوئی ہیں۔ ان ہلاکتوں کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔
تصویر: CHANDAN KHANNA/AFP/Getty Images
سب سے زیادہ وارننگ لیول والا طوفان
بارباڈوس میں سفر کے راستے پر موجود لوگوں نے پیر کو یہ طوفان خشک خطے سے ٹکراتے ہوتے دیکھا۔ ’بیرل‘ رواں سیزن کا پہلا خطرناک طوفان ہے اور اسے پہلے سب سے زیادہ خطرناک کیٹیگری پانچ میں رکھا گیا تھا۔ تاہم اب یہ کچھ کمزور ہوا ہے اور اس کی گیٹیگری چار کر دی گئی ہے۔
تصویر: CHANDAN KHANNA/AFP/Getty Images
بے چینی سے ’بیرل‘ کا انتظار
جمیکا میں یہ طوفان سے پہلے آخری خریداری کے مناظر ہیں۔ یہ جزیرہ ’بیرل‘ کی آمد کی تیاری کر رہا ہے۔ یہ طوفان بدھ کے روز اس ملک سے ٹکرائے گا۔ حکام نے سات دنوں کے لیے اس ملک کو آفت زدہ علاقہ قرار دے دیا ہے۔
تصویر: Gilbert Bellamy/REUTERS
تباہی مچا دینے والی قوت
اس طوفان سے یونین جزائر خاص طور پر متاثر ہوئے ہیں۔ سینٹ ونسنٹ اور گریناڈا کے جنوبی حصے میں 90 فیصد مکانات کو شدید نقصان پہنچا یا وہ مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ ابھی تک مجموعی تباہی کے اندازے لگائے جا رہے ہیں۔ خطے کے کئی ممالک نے گریناڈا اور سینٹ ونسنٹ کو امداد دینے کا وعدہ کیا ہے۔
تصویر: The Agency For Public Information St. Vincent and the Grenadines/Reuters
جزیرہ کیریاکاؤ پر تباہی
اس سمندری طوفان نے برج ٹاؤن کی اس بندرگاہ کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ طوفان سب سے پہلے کیریاکاؤ جزیرے سے ٹکرایا، جو گریناڈا کا حصہ ہے۔ گریناڈا کے سربراہ حکومت نے کہا کہ آدھ گھنٹے کے اندر اندر کیریاکاؤ میں سب کچھ زمیں بوس ہو چکا تھا۔ اس جزیرے کے بیرونی دنیا سے رابطے کٹ چکے ہیں۔
تصویر: Ricardo Mazalan/AP Photo/picture alliance
جان بچا کر فرار ہونے والے
یونین جزائر کے رہائشیوں کو سینٹ ونسنٹ کے محفوظ علاقے کنگز ٹاؤن میں منتقل کیا گیا ہے۔ لیکن یہاں بھی صورتحال کشیدہ ہے۔ جنوب مشرقی کریبیین میں سڑکیں ٹوٹے ہوئے درختوں اور منہدم عمارات کے ملبے سے بھری پڑی ہیں۔ منگل کے روز ہر جگہ بجلی غائب تھی اور جزیروں کے درمیان رابطے بدستور مشکل ہیں۔
امریکی موسمیاتی ادارے کے مطابق بحر اوقیانوس میں سمندری طوفانوں کا موسم جون سے شروع ہو چکا ہے اور اس سال غیرمعمول طور پر زیادہ طوفان آنے کا خدشہ ہے۔ اس کی وجہ سمندری پانی کا درجہ حرارت زیادہ ہونا بتایا جا رہا ہے۔