چین میانمار گیس پائپ لائن اور تحفظات
29 جولائی 2013
خبر رساں ادارے اے پی نے چین کی ریاستی گیس کمپنی کے حوالے سے بتایا کہ بیجنگ نے میانمار سے چین میں گیس لے جانے والی ایک نئی پائپ لائن کو فعال کر دیا ہے۔ اس گیس پائپ لائن کی لمبائی 793 کلومیٹر ہے۔ یہ پائپ لائن خلیج بنگال میں موجود گیس فیلڈ کو چین کے صوبے یونان میں موجود گیس پلانٹ سے منسلک کرے گی۔ اس منصوبے سے چین کو سالانہ 12 بلین کیوبک میٹر گیس حاصل ہو سکے گی۔
چین کے تیل و گیس کے قومی ادارے ’چائنہ نیشنل پٹرولیم گیس کمپنی لمیٹڈ‘ کی جانب سے جاری کی گئی ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اس گیس پائپ لائن کے متوازی ایک اور پائپ لائن بھی زیر تعمیر ہے۔ اس پائپ لائن کی لمبائی 771 کلومیٹر ہوگی اور یہ بحرہند کے نیچے سے گزرے گی۔ اس پائپ لائن کی مدد سے خلیجی ریاستوں سے تیل چین میں منتقل کیا جائے گا۔
چین کی میانمار میں تیل ،گیس اور معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری نے میانمار کی مقامی آبادی کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔ میانمار میں توانائی کا شدید بحران موجود ہے، لہذا ملکی آبادی میں مقامی وسائل کی دوسرے ملکوں کو فروخت پر تحفظات پائے جاتے ہیں۔ انہی تحفظات کی وجہ سے حال ہی میں میانمار کی حکومت نے چین کے تعاون سے بننے والے ایک ڈیم کی تعمیر کا کام فوری طور پر روک دیا تھا۔
اس گیس پائپ لائن کی افتتاحی تقریب اٹھائیس جولائی کو منعقد ہوئی تھی، جس میں میانمار کے نائب صدر او نیان تون اور میانمار میں چین کے سفیر یان ہولان نے حصہ لیا۔ ماہرین کے مطابق گو کہ ان دونوں پائپ لائنز سے حاصل ہونے والا تیل اور گیس چین کی توانائی کی ضروریات کے مقابلے میں نہ ہونے کے برابر ہے لیکن بیجنگ حکومت کے لیے یہ منصوبے کافی زیادہ اہمیت کے حامل ہیں۔ اس گیس پائپ لائن پراجیکٹ میں جنوبی کوریا اور بھارت کی سرمایہ کاری بھی شامل ہے۔
اس گیس منصوبے کے خلاف اپریل کے مہینے میں میانمار کی مغربی ریاست راکھین میں سینکڑوں افراد نے مظاہرہ بھی کیا تھا۔ اس مظاہرے میں شریک مقامی کسانوں کا مطالبہ تھا کہ پائپ لائنیں بچھانے کے لیے ان سے جو زمین لی گئی ہے اس کے لیے معاوضہ ادا کیا جائے۔ اس کے علاوہ اس منصوبے پر کام کرنے والے مقامی مزدور بھی کم معاوضوں کی وجہ سے نالاں نظر آتے ہیں۔ چین میں بھی گیس اور تیل پائپ لائن منصوبوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے شدید ردعمل پایا جاتا ہے۔