چین میں مائیکرو فلموں کی مقبولیت
19 دسمبر 2013
محدود دورانیے کی ان فلموں تک ہر اس فرد کو رسائی حاصل ہے، جس کے پاس اسمارٹ فون ہے۔ ان فلموں کو یو ٹیوب کی طرز کی ایک چینی ویب سائٹ پر دیکھا جا سکتا ہے۔ ان فلموں کے موضوعات ملک کے سینما گھروں میں پیش کی جانے والی اُن روایتی فلموں سے قدرے مختلف ہوتے ہیں، جو سینسر کے سخت مراحل سے گزرنے کے بعد ہی پردہ سیمیں تک پہنچتی ہیں۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق مائیکرو فلمیں اسمارٹ فونز اور ویڈیو ایڈیٹنگ کے بنیادی سوفٹ ویئرز کی بدولت ممکن ہوئی ہیں۔ چین میں فلموں کے ناقد ریمنڈ ژو کہتے ہیں:’’فلمسازی میں حائل رکاوٹیں اس قدر دُور ہو گئی ہیں کہ اب فلمیں اظہار کا ایک جمہوری طریقہ بن گئی ہیں۔‘‘
ان مائیکرو فلموں کا دورانیہ عام طور پر 40 منٹ سے کم ہوتا ہے۔ یہ چین میں گزشتہ چند برسوں کے دوران سامنے آئی ہیں۔ فلمساز اپنے طور پر سینسر کے ضوابط کا خیال رکھتے ہیں تاکہ حکومت کی جانب سے ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹس کے لیے مقرر کردہ ضابطوں پر پورے اتر سکیں۔ سیاسی موضوعات سے بھی پرہیز کیا جاتا ہے۔
یہ فلمیں دراصل دفتری ملازمین نے ایک مشغلے کے طور پر بنانا شروع کی تھیں۔ تاہم اب یہ ایک پیشہ ورانہ اور منافع بخش دَور میں داخل ہو گئی ہیں۔ ان کے پروڈیوسر نوجوانوں کی دلچسپی کی کہانیوں کا انتخاب کرتے ہیں۔
دستاویزی فلمیں بنانے والے یون رین کہتے ہیں کہ سیکس اور مار دھاڑ والے موضوعات عام ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مائیکرو فلمیں مایوس کُن ہیں۔ اس کے برعکس ہدایت کار سُن ژینڈونگ ایسی فلموں سے خاصی اُمید رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے: ’’لوگ بالکل اپنی موبائل ڈیوائسز پر پرُ لطف مائیکرو فلمیں دیکھنا پسند کرتے ہیں۔‘‘
چین کے سینما گھروں میں پیار محبت اور جنگ کے موضوعات پر فلمیں دکھائی جاتی ہیں جبکہ ٹیلی وژن پر سنجیدہ ڈرامے پیش کیے جاتے ہیں۔
مائیکرو فلموں کے لیے نشریاتی انتظامیہ کی منظوری درکار نہیں ہوتی، نہ ہی کسی طرح کے لائسنس کی ضرورت ہوتی ہے۔ نیوزی لینڈ میں اوٹاگو یونیورسٹی کے ایک لیکچرر پاؤلا ووچی کہتے ہیں کہ مائیکرو فلمیں تخلیقی اظہار کا ذریعہ ہیں۔ ووچی چین میں دستاویزی فلموں اور فلمسازی کی تعلیم دیتے ہیں۔ وہ ایک کتاب ’چائنا آن ویڈیو‘ کے مصنف بھی ہیں۔
مائیکرو فلموں کے بارے میں وہ مزید کہتے ہیں کہ بیشتر اوقات یہ انفرادی صلاحیتوں کے اظہار کا ایک ذریعہ ہیں، جو چین جیسے معاشروں کے لیے ضروری بھی ہے کیونکہ وہاں اسکولوں میں تخلیقی صلاحیتوں پر زور نہیں دیا جاتا۔
ویڈیو شیئرنگ کی چینی ویب سائٹ یوُکُو میں مائیکرو فلموں کے سیکشن کے انچارج رین سیومئی کا کہنا ہے کہ ان کی ویب سائٹ پر روزانہ 10 سے 15 مائیکرو فلمیں اَپ لوڈ کی جاتی ہیں۔ یہ ویب سائٹ خود بھی سالانہ تقریباﹰ 40 مائیکرو فلمیں بناتی ہیں جبکہ نوجوان فلمسازی کے لیے نوجوان ہدایت کاروں کی معاونت بھی کرتی ہے۔
مائیکرو فلموں کی آمدنی کا بنیادی ذریعہ مختلف مناظر میں دکھائی جانے والی معروف مصنوعات ہوتی ہیں۔