چین میں نئے وزیر اعظم کی نامزدگی
15 مارچ 2013
لی کیکیانگ اور شی چِن پنگ گزشتہ برس نومبر میں پارٹی کانگریس کے موقع پر قیادت کے اعلیٰ منصبوں پر پہنچے تھے، جس کے بعد ان کے لیے ان نامزدگیوں کا اعلان اب کیا گیا ہے۔
دونوں رہنما عندیہ دے چکے ہیں کہ وہ سرکاری سطح پر بدعنوانی اور ماحولیاتی آلودگی کے خلاف کام کرنے کے ساتھ ساتھ غریب اور امیر کے درمیان پائی جانے والی وسیع تر خلیج کے خاتمے کے لیے بھی کام کریں گے۔
چین کی مجلسِ قانون ساز نیشنل پیپلز کانگریس کا سالانہ اجلاس کابینہ کے ارکان کی تقرریوں کے ساتھ اس ویک اینڈ پر اختتام کو پہنچ جائے گا۔
جمعرات کی صبح، چین کی پارلیمنٹ نے کمیونسٹ پارٹی کے رہنما شی چن پنگ کو ملک کا صدر مقرر کیا تھا۔ عمر اور عہدے کی مدت کے دورانیے کے قواعد کے تحت 70 سالہ ہو جِن تاؤ نومبر میں پارٹی کی قیادت سے سبکدوش ہو گئے تھے۔
انسٹھ سالہ شی جن پنگ نے نومبر میں ہی کمیونسٹ پارٹی کی قیادت کی ذمہ داریاں سنبھال لی تھیں۔ انہیں نیشنل پیپلز کانگریس کے 2,961 مندوبین نے 99.7 فیصد ووٹوں کے ساتھ صدارت کی اضافی ذمہ داریاں سونپی ہیں جو بڑی حد تک رسمی عہدہ ہے۔ ستاون سالہ لی کیکیانگ کو 2,940 مندوبین کی جانب سے ڈالے گئے ووٹوں میں سے 99.69 فیصد ووٹ ملے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق بڑی حد تک کمیونسٹ پارٹی کے ہاتھ میں کٹھ پتلی نیشنل پیپلز کانگریس کی جانب سے یہ تقرریاں متوقع ہی تھیں۔
یہ ووٹنگ بیجنگ کے گریٹ ہال میں ہوئی۔ اس میں لی کے خلاف صرف تین ووٹ پڑے جبکہ چھ ارکان نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ ووٹنگ کے بعد ارکان پارلیمنٹ کی تالیوں کی گُونج میں وہ اپنی نشست سے اٹھے اور انہوں نے شی سے ہاتھ ملایا۔
شی چن پنگ چین کے اعلیٰ رہنما ہیں جبکہ لی اسٹیٹ کونسل کہلانے والی کابینہ کے سربراہ ہیں، ساتھ ہی حکومتی پالیسی کی تعمیل اور معیشت کی نگرانی بھی ان کے فرائض میں شامل ہیں۔
چین دنیا کے ان ملکوں میں سے ایک ہے جہاں غریب اور امیر کے درمیان وسیع تر خلیج پائی جاتی ہے اور وزیر اعظم کے طور پر لی کیکیانگ کے سامنے اس فرق کو کم کرنے کا چیلنج بھی ہے۔
پیکنگ یونیورسٹی میں طالب علم کی حیثیت سے لی نے جمہوریت نواز اپنے دوستوں سے ’جان چھڑائی‘، ان میں سے بعض نے بعدازاں کھل کر پارٹی کنٹرول کی مخالفت کی۔ 1989ء کے کریک ڈاؤن کے بعد جلاوطنی اختیار کر لینے والے بعض حکومت مخالف کارکن بھی لی کے دوستوں میں شامل تھے۔ لی کیکیانگ نے قانون کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد معاشیات میں ڈاکٹریٹ کیا۔
ng/ah (Reuters, AFP, AP)