1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین میں پالتو جانوروں کی شادیوں کا رجحان عروج پر

4 جولائی 2024

تیزی سے عمر رسیدہ ہونے والے چینی سماج میں شادیوں کی تعداد میں مسلسل گراوٹ کو روکنے اور شرح پیدائش میں اضافہ کرنے کی حکومتی پالیسیوں کو کامیابی نہیں مل رہی ہے۔ لیکن ملک میں پالتو جانوروں کی شادیوں کارجحان عروج پر ہے۔

لنگ اور بری نے کہا کہ اگر انسانوں کی شادیاں ہوسکتی ہیں تو جانوروں کی شادیاں کیوں نہیں ہو سکتیں؟
لنگ اور بری نے کہا کہ اگر انسانوں کی شادیاں ہوسکتی ہیں تو جانوروں کی شادیاں کیوں نہیں ہو سکتیں؟تصویر: Fotolia/Willee Cole

چین میں پالتو جانوروں کی مقبولیت اور انہیں سجانے اور سنوار کر رکھنے اور پھر ان کی شادیاں کرانے میں لوگوں کی دلچسپی دن بہ دن بڑھتی جارہی ہے۔

چینی اپنے پالتو جانوروں پر خرچ کرنے میں بخالت سے کام نہیں لیتے۔ چینی صنعت کی طرف سے جاری اعدادو شمار کے مطابق سن 2023 میں چینیوں نے پالتو جانوروں پر 38.41 بلین ڈالر خرچ کیے، جو اس سے ایک سال قبل کے مقابلے میں 3.2 فیصد زیادہ ہے۔

چینی ویلنٹائنز ڈے پر نوجوانوں کو بچے پیدا کرنے کی ترغیب

چین میں 25 سال سے کم عمر لڑکی سے شادی کرنے پر نقد انعام

ایک تحقیقاتی ادارے ایکویٹی نالج پارٹنرز کے مطابق سن 2023 میں چین کے شہری علاقوں میں 116 ملین سے زیادہ بلیاں اور کتے تھے۔

ادارے کے مطابق اگر پورے چین کی شہری آبادی پر ان پالتو جانوروں کو تقسیم کردیا جائے تو ہر آٹھ چینی میں سے ایک کے پاس ایک بلی یا کتا ہو گا۔ پالتو جانور رکھنے والے بیشتر لوگوں کی عمریں 40 سال سے کم ہیں۔

سن 2023 میں چینیوں نے پالتو جانوروں پر 38.41 بلین ڈالر خرچ کیے، جو اس سے ایک سال قبل کے مقابلے میں 3.2 فیصد زیادہ ہےتصویر: Reuters/K. Kyung-Hoon

'لوگوں کی شادیاں ہوتی ہیں تو کتوں کی کیوں نہیں ہو سکتیں؟'

گزشتہ دنوں شنگھائی میں ایک "یادگار شادی" کا انعقاد کیا گیا۔ شادی خانے کو نہایت خوبصورتی سے سجایا گیا تھا اور وہاں درجنوں مہمان موجود تھے۔ لیکن یہ شادی ایک کتے اور ایک کتیا، بونڈ اور بری کے درمیان ہو رہی تھی۔

مراعات کے باوجود چینی نوجوان خاندان بڑھانے کی خواہش کیوں نہیں رکھتے؟

چھ عشروں بعد چین کی آبادی میں کمی

اس 'جوڑے' نے خوبصورت سرخ اور سنہرے لباس زیب تن کر رکھے تھے۔ شادی کو یاد گار بنانے کے لیے ان کے 'احباب سگ' کے ساتھ ہی ان کے مالکان اور ان کے دوست بھی موجود تھے۔

لنگ اور ان کی گرل فرینڈ گیگی چین کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی شادی کی کوئی جلد بازی نہیں ہے۔ لیکن انہوں نے اپنے پالتو کتے کی شادی کی تقریب کی منصوبہ بندی کافی احتیاط کے ساتھ اور تفصیلی غورو خوض اور مشورے کے بعد کی ہے۔ اس کی تیاری میں مہینوں لگے۔ انہوں نے پیشہ ور فوٹو گرافروں کی خدمات حاصل کیں۔شادی کے خصوصی ڈیزائن والے کتابچے تیار کروائے اور 800 یوان کا ایک کیک بنوایا۔ جس کے اوپر بری اور بونڈ کے نام لکھے تھے۔

لنگ اور بری نے کہا کہ یہ شادی ان کے لیے ایک اہم موقع ہے اور"اگر انسانوں کی شادیاں ہوسکتی ہیں تو جانوروں کی شادیاں کیوں نہیں ہو سکتیں؟"

پندرہ سو یوآن میں کتے کو پانڈا بنا لیں، چین میں بحث

01:00

This browser does not support the video element.

پالتو جانوروں کی شادیوں سے کاروباریوں کو بھی فائدہ

شنگھائی میں یانگ تاو  ایک بیکری چلاتی ہیں، جس میں پالتو جانوروں کے لیے خصوصی کیک بھی تیار کیے جاتے ہیں۔ یانگ کہتی ہیں کہ شروع میں تو انہیں کافی حیرت ہوئی جب گاہکوں نے ان سے اپنے کتوں کے لیے شادی کے کیک تیار کرنے کو کہا۔

یانگ تاو کا کہنا تھا،"میرے خیال میں کتے اور بلیوں کی شادیوں کے رجحان میں مزید اضافہ ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ سن 2022 میں بیکری شروع کرنے کے بعد سے وہ پالتو جانوروں کی شادی کی تقریب کے لیے متعدد بار کیک تیار کرچکی ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ اگلے چند ماہ بعد ایک کتے کی شادی کے لیے کیک تیار کرنے کا آرڈر بھی انہیں مل چکا ہے۔

لنگ کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ شادی کے بندھن میں بندھنے سے بونڈ اور بری کو ایک "روحانی احساس" ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ جلد ہی اپنے آنگن میں پلّوں کو اچھلتا کودتا دیکھنا چاہتے ہیں۔

 لنگ تاہم اپنی شادی کے بعد صرف ایک ہی بچے کے خواہش مند ہیں۔

ج ا/ ص ز (روئٹرز)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں