1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین میں پھیلنے والے پراسرار بیماری کونسی ہے؟

9 جنوری 2020

چین میں پھیلنے والی یہ نامعلوم بیماری نہ تو سارس وائرس ہے اور نہ ہی دنیا کے سائنسدانوں کو معلوم ابھی تک کے خطرناک وائرس میں سے کوئی ہے۔ اس پراسرار بیماری میں مبتلا متعدد افراد کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے۔

Mysteriöse Lungenkrankheit in China ausgebrochen
تصویر: picture-alliance/dpa/AP/A. Wong

چین کے سرکاری میڈیا نے جمعرات کو بتایا ہے  کہ وسطی شہر وُوہان میں پھیلنے والی بیماری کسی ایسے وائرس کی وجہ سے ہو سکتی ہے، جو ابھی تک کسی کو معلوم نہیں ہے۔ اس شہر میں نمونیا جیسی بیماری کے پچاس سے زیادہ مریض سامنے آ چکے ہیں اور ان میں سے متعدد کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

چین نے یہ بیان ایک ایسے وقت میں جاری کیا ہے، جب اُس  سے پہلے ہی عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او نے بھی ایسا ہی ایک بیان جاری کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارے کا کہنا تھا کہ یہ نہ تو سارس، نہ میرس، نہ برڈ فلو اور  نہ ہی انفلوئنزا بلکہ یہ کوئی اور وائرس ہے۔

چینی سائنسدانوں کے مطابق یہ کورونا وائرس کے خاندان کا کوئی وائرس ہو سکتا ہے۔ یہ وائرس کا نیا دریافت شدہ گروپ ہے اور یہ کھانسی، چھینکنے یا  کسی کو چُھونے سے بھی لگ جاتا ہے۔ چینی حکام نے گزشتہ اتوار کے روز ایک بیان جاری کیا تھا، جس کے مطابق ابھی تک اس پراسرار بیماری میں مبتلا 59 افراد کو ہسپتال لایا جا چکا ہے اور ان میں سے سات کی حالت تشویش ناک ہے۔ اندازوں کے مطابق یہ بیماری بارہ سے انتیس دسمبر کے درمیان پھیلی ہے۔

چین میں وبائی امراض پھیلنے کی حالیہ تاریخ

چین ماضی میں بھی متعدد مرتبہ ایسی ہی وبائی بیماریوں کا سامنا کر چکا ہے۔ سن 2002 سے 2003 کے درمیان بھی چین میں ایک نامعلوم بیماری منظر عام پر آئی تھی۔ تب اسے سارس وائرس کے طور پر جانا گیا۔ اس وائرس کی وجہ سے تقریبا آٹھ ہزار افراد متاثر ہوئے تھے، جن میں سے تقریبا آٹھ سو مریضوں کی موت واقع ہو گئی تھی۔

بیجنگ نے سن 2003 میں اس بیماری پر قابو پانے کے لیے بھرپور کوششیں کیں لیکن پھر بھی یہ بین الاقوامی سطح پر پھیل گئی۔ اسی طرح سن 2012 میں چین کو سانس لینے والی بیماری کے سینڈروم 'میرس‘ کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔

ا ا / ع ح (روئٹرز، اے ایف پی)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں