چین میں ڈیری مصنوعات کی مانگ بڑھ رہی ہے
21 جنوری 2012
اس صنعت سے وابستہ افراد کے مطابق آنے والے وقتوں میں یہ مانگ مزید بڑھے گی مگر معیار سے جڑے خدشات برقرار ہیں۔ یاد رہے کہ چین میں 2008ء کے دوران دودھ کے معیار سے متعلق ایک بہت بڑا اسکینڈل سامنے آیا تھا۔ اس کی ایک وجہ دودھ کی صنعت سے وابستہ حلقوں میں حفظان صحت کے اصولوں کو نظر انداز کر دینا تھا۔ مگر پھر بھی چین میں دودھ اور اس سے بنی اشیاء کے استعمال میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ مثال کے طور پر دہی اور بالائی جیسی دیگر اشیاء کو مقامی ذوق کے مطابق سبز چائے اور مونگ پھلی وغیرہ کا ذائقہ دے کر فروخت کیا جا رہا ہے اور یہ ہاتھوں ہاتھ بک رہی ہیں۔
اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ تین سال قبل کے اسکینڈل نے صارفین کے اعتماد کو بہت زیادہ نقصان نہیں پہنچایا اور دودھ کی طلب روز بہ روز بڑھ رہی ہے۔ دودھ روایتی طور پر چینی کھانے پینے میں بنیادی جُز نہیں رہا ہے۔ اسی لیے موجودہ طلب کو اقتصادی خوشحالی، مغربی اشیائے خورد و نوش کی دستیابی اور دودھ کو لمبے عرصے تک محفوظ رکھنے کی ذرائع کی دستیابی سے جوڑا جا رہا ہے۔
محتاط اندازوں کے مطابق شہری علاقوں میں ایک چینی کُنبہ اوسط بنیادوں پر راشن کی مد میں چالیس فیصد رقم دودھ اور اس سے بنی اشیا پر خرچ کرتا ہے۔ دودھ کی صنعت سے متعلق اعداد و شمار پر رکھنے والے ادارے Euromonitor کا اندازہ ہے کہ اگلے چند برسوں میں یہ رقم دُگنی ہوجائے گی۔ اس کا مطلب ہے کہ چین میں دودھ کی سالانہ 35 ملین ٹن پیداوار مقامی ضرورت پوری کرنے کے لیے ناکافی ثابت ہوگی۔
چین میں ایک گائے اوسط بنیادوں پر ایک سال میں زیادہ سے زیادہ ساڑھے چار ہزار لیٹر دودھ دیتی ہے جو مغربی ممالک کے مقابلے میں محض ایک تہائی ہے۔ گزشتہ ماہ دسمبر میں چینی وزارت صحت نے ان خبروں کو مسترد کر دیا تھا کہ ڈیری صنعت سے وابستہ با اثر افراد نے وزارت کو یرغمال بنایا ہے اور انہیں جانچ پڑتال کرنے نہیں دیا جارہا۔
چین میں مقامی طور پر دودھ کی پیداوار کے بہت بڑے حصے کو بلند درجہ حرارت UHT پر گرم کرنے کے بعد محفوظ کرلیا جاتا ہے اور یوں یہ لمبے عرصے تک استعمال کے قابل رہتا ہے۔ چین نے 2010ء کے دوران قریب چار لاکھ ٹن خشک دودھ برآمد کیا تھا اور آنے والے وقتوں میں یہ مقدار ساڑھے پانچ لاکھ ٹن تک پہنچنے کا امکان ہے۔ بڑھتی ضرورت کے پیش نظر اب چین میں ڈیری صنعت میں حفظان صحت کی صورتحال سے متعلق خدشات کا اظہار بھی اور زیادہ وسیع پیمانے پر ہونے لگا ہے۔
رپورٹ: شادی خان سیف
ادارت: ندیم گِل