1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین نے اپنی ’گریٹ گرین وال‘ مکمل کرنے کا اعلان کر دیا

29 نومبر 2024

چین نے اپنے سب سے بڑے صحرا کے اردگرد درخت لگانے کی اپنی 46 برسوں پر محیط مہم مکمل کر لی ہے۔ یہ منصوبہ صحرا کو ختم کرنے اور موسم بہار میں وبا کی طرح آنے والے ریت کے طوفانوں کو روکنے کے لیے شروع کیا گیا تھا۔

چین نے اپنے سب سے بڑے صحرا کے اردگرد درخت لگانے کی اپنی 46 برسوں پر محیط مہم مکمل کر لی ہے
چین نے اپنے سب سے بڑے صحرا کے اردگرد درخت لگانے کی اپنی 46 برسوں پر محیط مہم مکمل کر لی ہےتصویر: Ren Junchuan/Xinhua/imago images

تقریباً ساڑھے چار عشروں پر محیط اس منصوبے کی تکمیل کا اعلان آج بروز جمعہ چین کے سرکاری میڈیا پر کیا گیا ہے۔ کمیونسٹ پارٹی کے زیر انتظام چلنے والے اخبار پیپلز ڈیلی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے، ''سنکیانگ کے شمال مغربی علاقے میں واقع صحرائے تکلامکان کے ارد گرد تقریباً 3,000 کلومیٹر طویل گرین بیلٹ مکمل ہو گئی ہے۔‘‘

اس تاریخی منصوبے کا آغاز کب ہوا؟

اس صحرا کو درختوں اور پودوں سے مزین کرنے کی کوششیں سن 1978 میں چین کے ''تھری نارتھ شیلٹر بیلٹ‘‘ منصوبے کے تحت شروع کی گئی تھیں۔ اسے چین میں 'گریٹ گرین وال‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔

اس منصوبے کے تحت 30 ملین ہیکٹر (116,000 مربع میل) سے بھی زیادہ رقبے پر درخت لگائے گئے ہیں۔ خشکی کے شکار شمال مغرب میں درخت لگانے سے چین میں جنگلاتی رقبہ 25 فیصد سے بھی زیادہ ہو گیا ہے۔ سن 1949 میں چین کا جنگلات پر مشتمل رقبہ صرف 10 فیصد تھا۔

چین نے اپنے سب سے بڑے صحرا کے اردگرد درخت لگانے کی اپنی 46 برسوں پر محیط مہم مکمل کر لی ہےتصویر: Carlos Garcia Rawlins/REUTERS

شیلٹر بیلٹ پروجیکٹ میں درختوں اور پودوں کی مختلف انواع کے ساتھ ساتھ کئی دہائیوں کا تجربہ بھی شامل ہے، جس سے یہ تعین ہوا کہ کون سا پودا یا درخت کتنے مشکل حالات میں پروان چڑھ سکتا ہے۔

پھیلتے صحراؤں کو روکنے میں چین کی ابتدائی کامیابی

دوسری جانب ناقدین کا کہنا ہے کہ صحرا میں زندہ رہنے والے درختوں اور پودوں کی شرح اکثر کم رہی ہے اور یہ منصوبہ ریت کے طوفانوں کو کم کرنے میں غیر موثر رہا ہے، جو معمول کے مطابق دارالحکومت بیجنگ تک پہنچ جاتے ہیں۔

سنکیانگ کے محکمہ جنگلات کے ایک اہلکار ژو لڈونگ نے پیر کو بیجنگ میں ایک پریس بریفنگ میں بتایا کہ ان کا محکمہ مستقبل میں بھی صحرائے تکلامکان میں پودوں اور درختوں کو لگانے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

چین کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق درخت لگانے کی کوششوں کے باوجود اس ملک  کی کل اراضی کا 26.8 فیصد حصہ اب بھی ''صحرا‘‘ کے زمرے میں آتا ہے۔ تاہم ایک دہائی قبل کے مقابلے میں یہ کم ہوا ہے۔

ا ا / ش ر (روئٹرز)

چین نے اپنے سب سے بڑے صحرا کے اردگرد درخت لگانے کی اپنی 46 برسوں پر محیط مہم مکمل کر لی ہےتصویر: CFOTO/picture alliance
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں