بھارت کے ساتھ جاری سرحدی تنازعے کے تناظر میں چینی میڈیا نے بھارت مخالف بیانیے میں تیزی لانا شروع کر دی ہے۔ بیجنگ حکومت اور میڈیا میں جاری اس بیانیے میں بھارت کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کا تذکرہ بھی زور پکڑ رہا ہے۔
اشتہار
دونوں ہمسایہ ممالک کے مابین جون کے مہینے سے جاری اس کشیدگی کے بعد معاملات کسی ممکنہ مسلح تصادم کی جانب بڑھ رہے ہیں اور اس بارے میں چینی میڈیا میں بھارت مخالف بیانیے کے ساتھ ساتھ ’ممکنہ جنگی کارروائی‘ کی خبریں سرحدی باشندوں اور سیاسی مبصرین و تجزیہ کاروں کے لیے پریشانی کا باعث بن رہی ہیں۔
چینی وزارت دفاع نے گزشتہ روز ہی بھارت سے مطالبہ کیا تھا کہ نئی دہلی حکومت دونوں ممالک کے مابین متنازعہ سرحدی علاقے پر تعینات اپنے فوجی ’فوری طور پر‘ واپس بلا لے۔ حالیہ ہفتوں کے دوران چین اور بھارت کے مابین متنازعہ سرحدی علاقے میں بھارتی فوجوں کی تعیناتی کے بعد سے ہمسایہ ممالک کے مابین کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ اس سرحدی تنازعے کے باعث سفارتی سطح پر دونوں ممالک کے تعلقات میں مسلسل کشیدگی اور دونوں جانب کے عوام عوام میں ’قوم پسندانہ جذبات‘ بھی بڑھ رہے ہیں۔
چین کے سرکاری نیوز ایجنسی ژنہاؤ کے مطابق بیجنگ کی وزارت دفاع نے بھارت سے اپنے فوجی ’فوری طور پر‘ اس متنازعہ سرحدی علاقے سے واپس بلا لینے کا مطالبہ چار اگست بروز جمعہ کیا ہے۔
چینی وزارت دفاع کے ترجمان رین گواچیانگ کا کہنا تھا کہ بھارتی فوجوں کی جانب سے چین کی سرحدی حدود میں داخل ہونے کے بعد بیجنگ نے ’انتہائی برداشت کا مظاہرہ کیا ہے، لیکن چین کی برداشت کی بھی ایک حد ہے‘۔
بھارت کو تنبیہہ کرتے ہوئے چینی وزارت دفاع کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ’تاخیری حربے استعمال کر کے بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے‘ اور چین کے ’اعتماد اور دفاعی صلاحیتوں‘ کے بارے میں بھی بھارت کو ’غلط اندازہ‘ نہیں لگانا چاہیے کیوں کہ ’چین اپنی خودمختاری اور مفادات کا دفاع‘ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
چینی ٹی وی پر جمعہ چار اگست کے روز ایک ویڈیو نشر کی گئی، جس میں تبت میں کسی نامعلوم مقام پر چینی فوجوں کو جنگی مشقیں کرتے دکھایا گیا۔ ویڈیو میں دکھایا گیا کہ چینی فوج کا ایک اہلکار فائرنگ کا حکم دیتا ہے جس کے بعد یکے بعد دیگرے کئی راکٹ فائر کیے جاتے ہیں۔ علاوہ ازیں چینی آرٹلری کو توپوں میں گولہ بارود لوڈ کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔
چین اور بھارت کے مابین اس حالیہ سرحدی تنازعے کا آغاز جون میں ہوا تھا۔ چین کا الزام ہے کہ بھارتی فوجیں چین، بھارت اور نیپال کے سنگم پر واقع سرحدی علاقے میں چین کی سرحدی حدود میں داخل ہو گئی تھیں۔ بھارت کے انتہائی شمال مشرق میں ہمالیائی سطح مرتفع پر واقع اس علاقے کو ہندی میں ’دوکلام‘ اور چینی زبان میں ’دونگ لانگ‘ کہا جاتا ہے۔
China displays its military might
01:10
چین کے مطابق بھارت نے اپنے اتحادی بھوٹان کی سرحد کے قریب اس چینی علاقے میں داخل ہو کر سن 1890 میں طے پانے والے اس سرحدی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے جو کہ چین اور اس وقت کے برصغیر میں برسراقتدار برطانوی حکومت کے مابین طے پایا تھا۔
دوسری جانب بھارت کا کہنا ہے کہ چینی فوجوں نے بھوٹانی علاقے میں سڑک تعمیر کرنے کی کوشش کی تھی جس کے بعد بھوٹان کی جانب سے شکایت اور مداخلت کی اپیل کے بعد بھارتی فوجیں اس علاقے میں روانہ کی گئی تھیں۔
بھارت اور چین کے مابین سرحدی تنازعہ عشروں پرانا ہے۔ یہ تنازعہ تبت کے چین میں شامل کیے جانے سے شروع ہوا تھا۔ اس تنازعے کے اہم نکات پر ایک نظر:
تصویر: Getty Images/AFP/I. Mukherjee
طویل تنازعہ
قریب 3500 کلومیٹر طویل مشترکہ سرحد کی حدیں کیا ہونی چاہییں؟ اسی معاملے پر دونوں ہمسایہ ممالک نے سن 1962 میں ایک جنگ بھی لڑی لیکن کوئی تصفیہ پھر بھی نہ ہو سکا۔ ناقابل رسائی علاقے، غیر حتمی سروے اور برطانوی سامراجی دور کے نقشے نے اس تنازعے کو مزید پیچیدہ بنا دیا۔ دنیا کی دو بڑی اقتصادی طاقتوں کے درمیان سرحد پر کشیدگی ان کے اپنے اور پوری دنیا کے لیے تشویش کا باعث ہے۔
تصویر: Getty Images
اکسائی چین
كاراكاش دریا پر سمندر سے 14 ہزار فٹ سے لے کر 22 ہزار فٹ تک کی بلندی پر موجود اکسائی چین کا زیادہ تر حصہ ویران ہے۔ 32 ہزار مربع کلومیٹر میں پھیلا یہ علاقہ پہلے ایک کاروباری راستہ تھا اور اسی وجہ سے اس کی بڑی اہمیت بھی ہے۔ بھارت کا کہنا ہے کہ چین نے جموں کشمیر کے اکسائی چین میں اس کے 38 ہزار مربع کلومیٹر علاقے پر قبضہ کر رکھا ہے۔
تصویر: Vogel/Bläse
اروناچل پردیش
چین دعویٰ کرتا ہے کہ میکموہن لائن کے ذریعے بھارت نے اروناچل پردیش میں اس کا 90 ہزار مربع کلومیٹر علاقہ دبا لیا ہے جبکہ بھارت اس علاقے کو اپنا حصہ قرار دیتا ہے۔ ہمالیہ کے علاقے میں اس سرحدی تنازعے کے حل کی خاطر سن 1914 میں برٹش انڈیا اور تبت کے درمیان شملہ میں ایک کانفرنس کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔
تصویر: picture-alliance/dpa/dinodia
کس نے کھینچی یہ لائن
برطانوی نوآبادیاتی انتظامیہ نے وہ میكموہن لائن کھینچی تھی، جس نے برطانوی بھارت اور تبت کے درمیان سرحدی علاقے کو تقسیم کر دیا تھا۔ چین کے نمائندے شملہ کانفرنس میں موجود تھے لیکن انہوں نے اس معاہدے پر دستخط کرنے یا اسے تسلیم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ تبت چینی انتظامیہ کے تحت ہے، اس لیے تبت کو دوسرے ملک کے ساتھ سمجھوتہ کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔
تصویر: Imago
بین الاقوامی سرحد
سن 1947 میں آزادی کے بعد بھارت نے میكموہن لائن کو سرکاری سرحدی لائن کا درجہ دے دیا۔ اگرچہ 1950ء میں تبت پر چینی کنٹرول کے بعد بھارت اور چین کے درمیان یہ لائن ایسی متنازعہ سرحد بن گئی تھی، جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوا تھا۔ چین میكموہن لائن کو غیر قانونی، نوآبادیاتی اور روایتی قرار دیتا ہے جبکہ بھارت اسے بین الاقوامی سرحد کی حیثیت دیتا ہے۔
تصویر: Reuters/D. Sagol
معاہدہ
بھارت کی آزادی کے بعد سن 1954 میں بھارت اور چین کے درمیان تبت کے علاقے میں تجارت اور نقل و حرکت کے لیے ایک معاہدہ ہوا۔ اس معاہدے کے بعد بھارت نے سمجھا کہ اب سرحدی تنازعے کی کوئی اہمیت نہیں رہی اور چین نے اس کی تاریخی حیثیت کو قبول کر لیا ہے۔
تصویر: picture-alliance/Bildagentur-online
چین کا موقف
چین کا کہنا ہے کہ اس متنازعہ سرحد پر بھارت کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں ہوا اور بھارت تبت پر چینی حاکمیت کو تسلیم کرے۔ اس کے علاوہ چین کا یہ بھی کہنا ہے کہ میكموہن لائن پر بیجنگ کو آج بھی تحفظات ہیں۔
تصویر: Getty Images/AFP/G. Baker
سکم
سن 1962 میں چین اور بھارت کے درمیان جنگ ہوئی۔ مہینہ بھر جاری رہنے والی اس جنگ میں چینی فوج بھارت علاقوں لداخ اور اروناچل پردیش میں بھی گھس گئی تھی۔ تاہم بعد ازاں چینی فوج حقیقی کنٹرول لائن پر واپس لوٹ گئی تھی۔ اسی مقام پر بھوٹان کی سرحد بھی ہے۔ سکم وہ آخری علاقہ ہے، جہاں تک بھارت کو رسائی حاصل ہے۔ سکم کے کچھ علاقوں پر بھوٹان کا بھی دعویٰ ہے اور بھارت اس دعوے کی حمایت بھی کرتا ہے۔
تصویر: Getty Images
مان سروَور
چین کے خود مختار علاقے تبت میں واقع مان سروَور ہندوؤں کا اہم مذہبی مقام ہے، جس کی یاترا کے لیے ہر سال ہندو وہاں جاتے ہیں۔ بھارت اور چین کے کشیدہ تعلقات کا اثر ہندوؤں کے لیے اس مقدس مقام کی یاترا پر بھی پڑا ہے۔ موجودہ تنازعہ شروع ہونے کے بعد چین نے بھارتی ہندوؤں کو وہاں مشرقی راستے سے ہو کر جانے سے روک دیا تھا۔
تصویر: Dieter Glogowski
مذاکراتی تصفیے کی کوشش
بھارت اور چین کی جانب سے گزشتہ 40 برسوں میں اس تنازعے کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی بہت کوششیں کی گئیں۔ اگرچہ ان کوششوں سے اب تک کوئی خاص نتائج حاصل نہیں ہو سکے تاہم چین کئی بار کہہ چکا ہے کہ اس نے اپنے پڑوسیوں کے ساتھ سرحدی تنازعے بات چیت سے حل کر لیے ہیں اور بھارت کے ساتھ یہ معاملہ بھی نمٹ ہی جائے گا۔ لیکن دوطرفہ مذاکرات کے 19 طویل ادوار کے بعد بھی اس سلسلے میں اب تک کوئی پیشرفت نہیں ہو سکی۔