1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین کی ایک فیکٹری میں آگ لگنے سے درجنوں افراد ہلاک

22 نومبر 2022

چین کے وسطی صوبے ہنان میں آتش زدگی کے ایک واقعے میں درجنوں افراد ہلاک ہو گئے۔ حکام نے "مشتبہ مجرموں'' کو حراست میں لے لیا ہے، تاہم فی الحال یہ واضح نہیں ہے کہ آگ کیسے لگی۔

China Anyang | Feuer in Fabrik
تصویر: CCTV/AP/picture alliance

چینی حکام نے بتایا کہ انیانگ میں ایک فیکٹری میں منگل کے روز آگ لگنے کی وجہ سے 38 افراد ہلاک ہو گئے جب کہ دو دیگر افراد ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ مقامی حکام نے بتایا کہ چار گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔

فوری طورپر یہ واضح نہیں ہے کہ چین کے وسطی ہنان صوبے کے صنعتی پارک میں واقع فیکٹری میں آگ کیسے لگی۔

حکام نے بتایا کہ آتش زدگی  کے اس واقعے کے سلسلے میں "مشتبہ مجرموں" کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ انہوں نے تاہم اس کی مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

ویب سائٹ پر درج تفصیلات کے مطابق جس فیکٹری میں آگ لگی وہ کائی زنڈا ٹریڈنگ کمپنی پرائیوٹ لمیٹیڈ کی ملکیت ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ یہ کمپنی صنعتی اشیاء بالخصوص کیمیکلز کی تھوک تجارت کرتی ہے۔

سرکاری میڈیا کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لیے 200 سے زائد کارکنوں اور 60 سے زائد فائر ٹنڈروں کو لگایا گیا۔

چین کے سرکاری میڈیا سی سی ٹی وی نے بتایا کہ "آگ لگنے کی اطلاع ملنے کے فوراً بعد میونسپل حکام نے فائر بریگیڈ جائے واقعہ کے لیے روانہ کر دیا۔"

شنگھائی کی عمارت میں آتشزدگی: کم از کم 53 ہلاک

اس نے مزید کہا کہ "پبلک سکیورٹی، ہنگامی خدمات، میونسپل انتظامہ اور بجلی سپلائی محکمہ کے اہلکاروں نے مشترکہ طور پر ہنگامی کارروائی اور بچاو مہم میں حصہ لیا اور تقریباً چار گھنٹے میں آگ پر قابو پالیا گیا۔ "

سی سی ٹی وی کے مطابق ہلاک ہونے والوں کے علاوہ دو افراد ہسپتال میں زیر علاج ہیں اور خطرے سے باہر بتائے گئے ہیں۔

چین میں صنعتی کارخانوں میں حادثات بہت عام ہیںتصویر: CCTV/AP/picture alliance

ماضی میں بھی آتش زدگی کے واقعات

چین میں صنعتی کارخانوں میں حادثات بہت عام ہیں اس کی وجہ کمزور حفاظتی معیاراور قانون نافذ کرنے والے افسران میں پائی جانے والی بدعنوانی بتائی جاتی ہے۔

جون میں شنگھائی کے ایک کیمیکل کارخانے میں دھماکے کی وجہ سے ایک شخص ہلاک اور ایک دیگر زخمی ہوگیا تھا۔

جن شان ضلع میں واقع سائنو پیک شنگھائی پیٹروکیمیکلز کمپنی کے کارخانے میں لگنے والے آگ کی وجہ سے پور ے صنعتی علاقے میں سیاہ بادل چھا گئے تھے۔

گزشتہ برس وسطی شہر شیان میں ایک گیس دھماکے کی وجہ سے 25 افراد ہلاک ہوگئے تھے اور متعدد عمارتیں ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئی تھیں۔

چین کے پولٹری فارم میں آتشزدگی

مارچ 2019 میں یان چینگ میں ایک کیمیکل فیکٹری میں دھماکہ ہونے سے کم از کم 78 افراد ہلا ک اور کئی کلومیٹر کے دائرے میں واقع سینکڑوں مکانات تباہ ہوگئے تھے۔

اس سے قبل سن 2015 میں تیان جن میں کیمیکل کے ایک گودام میں بہت شدید دھماکہ ہوا تھا جس میں 165 افراد کی موت ہوگئی تھی۔ اسے چین کے بدترین صنعتی حادثات میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے۔

ج ا/ ص ز (اے پی، اے ایف پی، ڈی پی اے)

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں