1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈان بریڈمین کے شہر میں پاکستان کا کوارٹر فائنل

طارق سعید، ایڈیلیڈ اوول، آسٹریلیا19 مارچ 2015

ایڈیلیڈ جنوبی آسٹریلیا کا دارالحکومت ہے۔ جمعہ بیس مارچ کو یہاں پاکستان اور آسٹریلیا کی قومی کرکٹ ٹیمیں عالمی کپ کے کوارٹر فائنل میں ایک دوسرے کے خلاف صف آرا ہو رہی ہیں۔

ایڈیلیڈ اوول گراؤنڈتصویر: DW/T. Saeed

مائیکل کلارک اور اسٹیو سمتھ جیسے شہرہ آفاق بلے بازوں اور شین واٹسن اور جیمز فاکنر جیسے آل راؤنڈرز کی موجودگی آسٹریلوی ٹیم کی بیٹنگ آٹھویں نمبر تک لے جاتی ہے۔ اسی لیے ہوم ٹیم یہ میچ جیتنے کے لیے فیورٹ ہے۔ تاہم پاکستانی کپتان مصباح الحق کہتے ہیں کہ ضروری نہیں کہ کامیابی فیورٹ ٹیم ہی کے قدم چومے۔

ایڈیلیڈ کا شہر قدامت پسندی اور جدت پسندی کا ایک دلکش امتزاج ہے۔ یہ شہر اپنے ’ایبوریجنیز‘ ثقافتی ورثے، انگوری شرابوں اور کوہساروں کے علاوہ ڈان بریڈمین اور کرکٹ کی وجہ سے بھی مشہور ہے۔

پاکستانی کپتان مصباح الحق کوارٹر فائنل سے ایک روز پہلے جمعرات کو پریس کانفرنس کرتے پوئےتصویر: DW/T. Saeed

ورلڈ کپ کوارٹر فائنل کے لیے بھی یہاں ’کرکٹ فِیور‘ عروج پر ہے۔ پاکستانی کرکٹ کے پرجوش حامی نہ صرف آسٹریلیا کی دوسری ریاستوں نیو ساؤتھ ویلز اور وکٹوریہ سے ایڈیلیڈ پہنچ رہے ہیں بلکہ انگلینڈ اورامریکا سے تارکین وطن کا ایک گروپ بھی ’ٹیم گرین‘ کی حوصلہ افزائی کے لیے یہاں موجود ہے۔ ان دنوں شہرکا موسم خنک اور خوشگوار ہے۔ اس ڈے اینڈ نائٹ میچ کے تمام پچاس ہزار ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں۔

پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں چار چار میچ جیت کرکوارٹر فائنل میں پہنچی ہیں۔ یہ 1999ء کے لارڈز ورلڈ کپ فائنل کے بعد ان دونوں ٹیمیں کے ورلڈ کپ ناک آؤٹ میچ میں آمنے سامنے آنے کا پہلا موقع ہے۔ اس ورلڈ کپ میں پاکستان اور آسٹریلیا کے لیفٹ آرم فاسٹ باؤلرز کا بول بالا رہا ہے۔ آسٹریلیا کے مچل اسٹارک اور پاکستان کے وہاب ریاض ٹورنامنٹ میں تیس وکٹیں لے چکے ہیں۔ جمعے کے میچ کے لیے ایڈیلیڈ کی پچ پر موجود گھاس نے بھی بیٹسمینوں کی نیندیں حرام کر رکھی ہیں کیونکہ راحت علی اور مچل جونسن کا سامنا بھی آسان نہیں ہوگا۔

آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک کے مطابق ایڈیلیڈ کی پچ فاسٹ باؤلنگ کے لیے سازگار لگ رہی ہے اور یہاں بیٹنگ آسان نہیں ہو گی۔

پاکستانی کپتان مصباح الحق کے مطابق فاسٹ باؤلر محمد عرفان کے ان فٹ ہو جانے کے باوجود پاکستانی باؤلنگ میں وار کرنے کی صلاحیت کم نہیں ہوئی۔

مشہور آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسنتصویر: DW/T. Saeed

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے میچ کی تیاری کے لیے جمعرات کی صبح تاریخی ایڈیلیڈ سے متصل پریکٹس ایریا میں تین گھنٹے تک خوب پسینہ بہایا۔ دونوں ٹیموں کو شہر کے سب سے پرتعیش ہوٹل میں ٹھہرایا گیا ہے، جہاں پریکٹس سیشن کے بعد میچ کی حکمت عملی تیار کرنے کے لیے پاکستانی ٹیم میٹنگ کا اہتمام کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی ٹیم میں کسی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔ ان فٹ ہونے والے فاسٹ باؤلر محمد عرفان کی گزشتہ روز گراؤنڈ میں موجودگی ایک معمہ بنی رہی۔ ایڈیلیڈ میں موجودہ عالمی کپ کے دوران کھیلے گئے تینوں میچوں میں اسپن باؤلرز صرف چار وکٹیں لے سکے ہیں۔ اس لیے ٹیم میٹنگ میں لیگ اسپنر یاسر شاہ کو نہ کھلانے کا فیصلہ کیا گیا۔

کامیابی کی صورت میں پاکستان یا آسٹریلیا میں سے کوئی ایک ٹیم ریکارڈ ساتویں بار ورلڈ کپ سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرے گی۔ دونوں ٹیمیں اس سے پہلے چھ چھ بار ورلڈ کپ سیمی فائنل کھیل چکی ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں