ڈاووس: چینی صدر شی جن پنگ کی ’تسلط اور دھونس‘ کے خلاف تنبیہ
17 جنوری 2022
ورلڈ اکنامک فورم سے خطاب میں چینی صدر شی جن پنگ نے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے تصادم کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ’تباہ کن‘ نتائج ہوں گے۔
اشتہار
چینی صدر شی جن پنگ نے آج بروز پیر دنیا کو 'پروٹیکشنزم‘ کے خلاف خبردار کیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی مسائل کو حل کرنے کے لیے تعاون کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر شی نے کسی ملک کا نام لیے بغیر ''نظریاتی دشمنی کو ہوا دینے، اقتصادی، سائنسی اور تکنیکی مسائل‘‘ پر سیاست کرنے کے خلاف بھی خبردار کیا۔
صدر شی کا خطاب
چینی صدر کے بقول، ''تاریخ نے بار بار ثابت کیا ہےکہ محاذ آرائی سے مسائل حل نہیں ہوتے، یہ صرف تباہ کن نتائج کو دعوت دیتی ہے۔‘‘ اس سے قبل انہوں نے کہا کہ اعتماد اور تعاون کے ساتھ ہی کورونا وائرس کی عالمی وبا کو شکست دی جا سکتی ہے۔
صدر شی کا یہ بیان چین اور امریکا کے مابین بڑھتے مختلف تنازعات کے جواب میں سامنے آیا ہے، جن میں تائیوان کی خودمختاری، دانشورانہ ملکیتی حقوق، تجارت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں جیسے معاملات شامل ہیں۔
بیجنگ حکومت واشنگٹن پر ''سیاسی جوڑ توڑ اور اقتصادی دباؤ ڈالنے‘‘ کا الزام عائد کرتی ہے۔ جبکہ چین پر بھی بحیرہ جنوبی چین میں اپنے علاقائی دعوؤں کے تحت کئی چھوٹے ممالک کے ساتھ تنازعات میں دھونس جمانے کے الزامات عائد کیے جاتے ہیں۔
عالمی اقتصادی فورم
چینی صدر عالمی اقتصادی فورم کے پہلے روز آن لائن خطاب کر رہے تھے، جو کہ ہر سال سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈاووس میں منعقد ہوتا ہے۔ تاہم کورونا وبا کے سبب اس مرتبہ ورچوئل ورلڈ اکنامک فورم کا انعقاد کیا گیا ہے۔
دنیا میں سفارت کاری کے سب سے بڑے نیٹ ورک کن ممالک کے ہیں
دنیا میں اقتصادی ترقی اور سیاسی اثر و رسوخ قائم رکھنے میں سفارت کاری اہم ترین جزو تصور کی جاتی ہے۔ دیکھیے سفارت کاری میں کون سے ممالک سرفہرست ہیں، پاکستان اور بھارت کے دنیا بھر میں کتنے سفارتی مشنز ہیں۔
تصویر: Getty Images/AFP/A. Harnik
1۔ چین
لوی انسٹی ٹیوٹ کے مرتب کردہ عالمی سفارت کاری انڈیکس کے مطابق چین اس ضمن میں دنیا میں سب سے آگے ہے۔ دنیا بھر میں چینی سفارتی مشنز کی مجموعی تعداد 276 ہے۔ چین نے دنیا کے 169 ممالک میں سفارت خانے کھول رکھے ہیں۔ مختلف ممالک میں چینی قونصل خانوں کی تعداد 98 ہے جب کہ مستقل مشنز کی تعداد آٹھ ہے۔
تصویر: Getty Images/AFP
2۔ امریکا
امریکا دنیا بھر میں تعینات 273 سفارت کاروں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ امریکا کے دنیا کے 168 ممالک میں سفارت خانے موجود ہیں جب کہ قونصل خانوں کی تعداد 88 ہے۔ علاوہ ازیں اقوام متحدہ اور دیگر اہم جگہوں پر تعینات مستقل امریکی سفارتی مشنز کی تعداد نو ہے۔
تصویر: AFP/B. Smialowski
3۔ فرانس
فرانس اس عالمی انڈیکس میں 267 سفارتی مشنز کے ساتھ دنیا میں تیسرے نمبر پر ہے۔ دنیا کے مختلف ممالک فرانس کے 161 سفارت خانے، 89 قونص خانے، 15 مستقل سفارتی مشنز اور دو دیگر سفارتی مشنز ہیں۔
تصویر: picture-alliance/AP Images/Y. Valat
4۔ جاپان
جاپان نے دنیا کے 151 ممالک میں سفارت خانے کھول رکھے ہیں اور مختلف ممالک کے 65 شہروں میں اس کے قونصل خانے بھی موجود ہیں۔ جاپان کے مستقل سفارتی مشنز کی تعداد 10 ہے اور دیگر سفارتی نمائندوں کی تعداد 21 ہے۔ مجموعی طور پر دنیا بھر میں جاپان کے سفارتی مشنز کی تعداد 247 بنتی ہے۔
تصویر: Reuters/I. Kalnins
5۔ روس
روس 242 سفارتی مشنز کے ساتھ اس عالمی درجہ بندی میں پانچویں نمبر پر ہے۔ دنیا کے 144 ممالک میں روسی سفارت خانے ہیں جب کہ قونصل خانوں کی تعداد 85 ہے۔
تصویر: picture-alliance/Kremlin Pool
6۔ ترکی
مجموعی طور پر 234 سفارتی مشنز کے ساتھ ترکی سفارت کاری کے حوالے سے دنیا میں چھٹے نمبر پر ہے۔ 140 ممالک میں ترکی کے سفارت خانے قائم ہیں اور قونصل خانوں کی تعداد 80 ہے۔ ترکی کے 12 مستقل سفارتی مشنز بھی سرگرم ہیں۔
تصویر: picture alliance/dpa/K. Ozer
7۔ جرمنی
یورپ کی مضبوط ترین معیشت کے حامل ملک جرمنی نے دنیا کے 150 ممالک میں سفارت خانے کھول رکھے ہیں۔ جرمن قونصل خانوں کی مجوعی تعداد 61 اور مستقل سفارتی مشنز کی تعداد 11 ہے۔ جرمنی کے سفارتی مشنز کی مجموعی تعداد 224 بنتی ہے۔
تصویر: Reuters/F. Bensch
8۔ برازیل
لاطینی امریکا کی ابھرتی معیشت برازیل کے بھی دنیا بھر میں 222 سفارتی مشنز ہیں جن میں 138 سفارت خانے، 70 قونصل خانے اور 12 مستقل سفارتی مشنز شامل ہیں۔
تصویر: AFP/S. Lima
9۔ سپین
سپین 215 سفارتی مشنز کے ساتھ اس درجہ بندی میں نویں نمبر پر ہے۔ دنیا کے 115 ممالک میں ہسپانوی سفارت خانے ہیں اور مختلف ممالک کے شہروں میں قائم ہسپانوی قونصل خانوں کی تعداد 89 ہے۔
تصویر: Fotolia/elxeneize
10۔ اٹلی
اٹلی نے 124 ممالک میں اپنے سفارت خانے کھول رکھے ہیں۔ قونصل خانوں کی تعداد 77 ہے جب کہ آٹھ مستقل سفارتی مشنز بھی سرگرم ہیں۔ دنیا بھر میں اٹلی کے مجموعی سفارتی مشنز کی تعداد 209 ہے۔
تصویر: Imago
11۔ برطانیہ
برطانیہ کے دنیا بھر میں مجموعی سفارتی مشنز کی تعداد 205 ہے جن میں 149 سفارت خانے، 44 قونصل خانے، نو مستقل سفارتی مشنز اور تین دیگر نوعیت کے سفارتی مشنز شامل ہیں۔
تصویر: imago/ITAR-TASS/S. Konkov
12۔ بھارت
جنوبی ایشیائی ملک بھارت مجموعی طور پر 186 سفارتی مشنز کے ساتھ عالمی درجہ بندی میں بارہویں اور ایشیا میں تیسرے نمبر پر ہے۔ بھارت نے 123 ممالک میں سفارت خانے کھول رکھے ہیں جب کہ دنیا بھر میں بھارتی قونصل خانوں کی تعداد 54 ہے۔ اقوام متحدہ، یورپی یونین اور آسیان کے لیے خصوصی سفارتی مشن سمیت بھارت کے دنیا میں 5 مستقل سفارتی مشنز بھی ہیں۔
تصویر: Reuters/D. Siddiqui
28۔ پاکستان
پاکستان مجموعی طور پر 117 سفارتی مشنز کے ساتھ اس درجہ بندی میں 28ویں نمبر پر ہے۔ پاکستان نے دنیا کے 85 ممالک میں سفارت خانے کھول رکھے ہیں جب کہ پاکستانی قونصل خانوں کی تعداد 30 ہے۔ علاوہ ازیں نیویارک اور جنیوا میں اقوام متحدہ کے لیے مستقل پاکستانی سفارتی مشنز بھی سرگرم ہیں۔
تصویر: Press Information Department Pakistan/I. Masood
13 تصاویر1 | 13
چینی صدر کے علاوہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش کا خطاب بھی متوقع ہے۔ اس دوران امریکا میں متعدی امراض کے سربراہ انتھونی فوچی ایک مباحثے میں شرکت کریں گے، جس میں کورونا وبا کے خلاف آئندہ کے لائحہ عمل پر گفتگو کی جائے گی۔
علاوہ ازیں عالمی اقتصادی فورم کے دوسرے روز اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیٹ اور جاپانی وزیراعظم کشیدا فومیو بھی تقاریر کریں گے۔ جرمنی کے اولاف شولس بھی پہلی مربتہ بطور چانسلر بدھ کے روز خطاب کریں گے۔
ع آ / ا ا (رچرڈ کونر)
بچیوں کی تعلیم کے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا، ملالہ