ڈاکٹروں کا وقت ضائع کرنے والے مریضوں پر پانچ یورو جرمانہ
7 اپریل 2024
فرانسیسی وزیر اعظم گیبریئل ایٹال نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ فرانس ان لوگوں کے لیے پانچ یورو جرمانہ متعارف کرائے گا جو ہر سال لاکھوں ڈاکٹروں کی اپوائنٹمنٹس ضائع کردیتے ہیں۔ وزیر اعظم ایٹال کے مطابق جرمانہ عائد کرنے کے اقدام سے دیگرمریضوں کے لیے پندرہ تا بیس ملین اپوائنٹمنٹس کو بچایا جا سکتا ہے۔
یہ جرمانہ حکومت کے ان متعدد اقدامات میں سے ایک ہے جس کا اعلان وزیر اعظم گیبریئل ایٹال نے صحت کی خدمات کو فروغ دینے کے لیے کیا تھا۔ پیرس حکومت صحت کے شعبہ میں عمر رسیدہ افراد اور بڑھتی ہوئی آبادی کی بڑھتی مانگوں کو پورا کرنے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔
گیبریئل ایٹال فرانس کے سب سے کم عمر وزیر اعظم منتخب
فرانسیسی وزیر اعظم نے ڈاکٹروں کی مرکزی یونین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں ہرسال ڈاکٹروں کی اپوائنٹمنٹ کے باوجود مریضوں کے نہ آنے کی وجہ سے ستائیس ملین اپوائٹمنٹس ضائع ہوجاتی ہیں۔ "ہم اس بات کی ہرگز اجازت نہیں دے سکتے۔"
ایٹال کے مطابق اس اقدام سے دیگرمریضوں کے لیے پندرہ تا بیس ملین اپوائنٹمنٹس کو بچایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "ذمہ داری کے طریقہ کار" کی اجازت دینے والا قانون پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا اور حکومت چاہتی ہے کہ یہ جرمانہ یکم جنوری سے شروع ہو۔
فرانس میں صدر ماکروں کا ’مرنے میں مدد‘ کے مجوزہ قانون کا اعلان
ہر وہ شخص جو اپوائنٹمنٹ کے مقررہ وقت میں آنے میں ناکام رہے گا یا جو 24 گھنٹے سے کم وقت کا نوٹس دے گا اسے یہ جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ تاہم اگر کوئی مریض چیک اپ کے لیے نہ آنے کا معقول جواز پیش کرتا ہے تو ڈاکٹرز انفرادی طور پر فیصلہ کرسکیں گے کہ اس شخص پر جرمانہ عائد ہونا چاہیے یا نہیں۔
علاوہ ازیں فرانسیسی وزیر اعظم نے ایک پریس بریفنگ میں بتایا کہ اگلے سال سے ایک تجربہ بھی کیا جائے گا تاکہ مریضوں کو کسی عام ڈاکٹر کی طرف سے ریفر کیے بغیر اسپیشلسٹ ڈاکٹر کے پاس اپوائنٹمینٹ کی اجازت دی جا سکے۔
فرانس میں امیگریشن سے متعلق متنازعہ قانونی بل منظور
اس تجویز کو جنرل پریکٹیشنرز کی مرکزی یونین، ایم جی فرانس نے تنقید کا نشانہ بنایا، جن کا کہنا ہے "یہ مسئلے کا حل نہیں ہے کیونکہ اسپیشلسٹس کی بھی اتنی ہی کمی ہے جتنی جنرل ڈاکٹرز کی ہے۔"
ف ن/ ع ا (اے ایف پی)