’ڈاکٹر ژواگو‘ کا بطور پراپیگنڈا استعمال
8 اپریل 2014
اس امریکی اخبار نے اتوار چھ اپریل کو شائع ہونے والے اپنے اِس جائزے میں سی آئی اے کی اُن دستاویزات کا حوالہ دیا ہے، جو اب تک خفیہ تھیں اور جنہیں اب جانچ پڑتال کے بعد عام کیا گیا ہے۔ امریکی انٹیلیجنس ایجنسی اس کتاب کو کمیونزم کے لیے ایک چیلنج کے طور پر دیکھتی تھی۔ سی آئی اے کے حکام کے خیال میں اس کتاب کی مدد سے سوویت شہریوں کو اپنی حکومت سے یہ سوال پوچھنے پر مجبور کیا جا سکتا تھا کہ آخر عظیم ترین روسی ادیبوں میں سے ایک کی آواز کو کیوں دبایا جا رہا ہے۔
سوویت حکومت نے اس ناول پر پابندی عائد کر دی تھی اور برطانوی انٹیلیجنس حکام کو سوویت یونین کے خلاف پراپیگنڈے کے لیے اس ناول کی اہمیت کا پہلے پہل اندازہ 1958ء میں ہوا۔ تب برطانوی حکام نے اس ناول کے صفحات کے دو فلم رول سی آئی اے کو بھیجے اور تجویز پیش کی کہ اس ناول کو سوویت یونین اور مشرقی یورپی ریاستوں میں پھیلایا جانا چاہیے۔
اس ناول کو اور پھر 1965ء میں اس ناول پر مبنی ڈیوڈ لِین کی فلم کو جو بے مثال کامیابی حاصل ہوئی، اُس پر اُس وقت کی ماسکو حکومت ناراض بھی تھی اور پریشان بھی۔ بہترین فلم کے شعبے میں آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد ہونے والی ’ڈاکٹر ژواگو‘ یہ ایوارڈ تو نہ جیت پائی تاہم یہ فلم پانچ دیگر شعبوں میں اکیڈمی ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔
انقلابوں، جنگوں، خانہ جنگی اور کمیونسٹ استحصال کی عشروں پر پھیلی ہوئی یہ رومانی داستان دو عورتوں سے محبت کرنے والے ایک ڈاکٹر اور شاعر یُوری ژواگو کے بارے میں تھی۔ اس داستان میں مذہب کا رنگ بھی غالب تھا اور اس کا مرکزی کردار مارکسی نظریے سے بھی متفق نہیں تھا۔
روسی ناقدین نے پاسٹرنک کو ایک غدار قرار دیتے ہوئے اُس کی مذمت کی جبکہ سوویت پبلشنگ انڈسٹری نے بھی اُس کے ناول کو شائع کرنے سے گریز کیا۔ ادب میں دلچسپی رکھنے والا ایک اطالوی شہری اس ناول کے مسودے کو ملک سے باہر لانے میں کامیاب ہو گیا اور یوں ایک اطالوی اشاعتی ادارے نے 1957ء میں اس ناول کو شائع کیا۔
نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق اس کتاب کی اشاعت کے فوراً بعد ہی سی آئی اے نے بھی اس میں دلچسپی لینا شروع کر دی۔ یہ باتیں حال ہی میں منظرِ عام پر آنے والی اُن دستاویزات سے معلوم ہوئی ہیں، جو دو مصنفین پیٹر فِن اور پیٹرا کُووی نے اپنی تحقیقی کتاب ’دی ژواگو افیئر: دی کریملن، دی سی آئی اے اینڈ دی بَیٹل اوور اے فوربِڈن بُک‘ کے لیے حاصل کیے ہیں۔ یہ کتاب جون میں شائع ہو رہی ہے۔ واشنگٹن پوسٹ نے بھی دراصل اسی کتاب کا خلاصہ شائع کیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ سی آئی اے نے مفت تقسیم کرنے اور سوویت یونین کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے اس کتاب کو غیر ملکی زبانوں میں ترجمہ کروایا۔ اس کتاب میں پاسٹرنک کا دیا ہوا یہ پیغام کہ ہر شخص اپنے سیاسی نظریات سے قطعِ نظر ایک نجی زندگی کا حق رکھتا ہے اور ایک انسان کے طور پر اُس کا احترام کیا جانا چاہیے، سی آئی اے کے افسران کے خیال میں کمیونسٹ نظام میں کسی فردِ واحد کی قربانی کی سوویت اخلاقیات کو چیلنج کرتا تھا۔
’ڈاکٹر ژواگو‘ کو پھیلانے میں اپنے کردار کو چھُپانے کے لیے سی آئی اے نے اس کتاب کے روسی زبان کے ایڈیشن کو شائع کرنے کے لیے ہالینڈ کے ایک اشاعتی ادارے کی مدد لی۔ پھر یہ کتابیں یورپ بھر میں تقسیم کی گئیں۔ اس کتاب کے منی ایچر ایڈیشن شائع کیے گئے، جو ایک جیب میں بھی سما سکتے تھے اور یہ ایڈیشن 1959ء میں ویانا میں منعقدہ ایک یُوتھ کانفرنس میں سوویت یونین اور مشرقی یورپی ممالک کے نوجوانوں میں تقسیم کیے گئے۔ یوں سی آئی اے نے اس کتاب کو سوویت یونین اور مشرقی یورپ کی کمیونسٹ ریاستوں تک بھی پہنچا دیا تھا۔
1958ء میں پاسٹرنک کو ادب کے نوبل انعام سے نوازا گیا جبکہ ’ڈاکٹر ژواگو‘ کا انگریزی ایڈیشن چھ مہینے تک نیویارک ٹائمز کی بیسٹ سیلر کتابوں میں سرِفہرست رہا۔ پاسٹرنک 1960ء میں ستر سال کی عمر میں عارضہء قلب اور پھیپھڑوں کے سرطان کے باعث اپنے انتقال تک سوویت یونین ہی میں رہے۔