1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈریم لائنر پھر مسائل کا شکار

شادی خان سیف27 جولائی 2013

امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کے 787 ڈریم لائنر کو جمعے کے روز مزید کچھ مسائل کا سامنا رہا۔ اس ماڈل کو رواں برس کے اوائل میں تین ماہ تک گراؤنڈ رکھا گیا تھا۔

Boeing 787 Dreamliner in Buenos Aires Argentinien
تصویر: Reuters

787 ڈریم لائنر بوئنگ کمپنی کا نیا ڈبل جیٹ انجن طیارہ ہے، جسے یہ کمپنی دنیا بھر میں ایندھن کے استعمال کے حوالے سے کفایت شعار ترین ماڈل ٹھہراتی ہے۔ اس طیارے کی قیمت دو سو میلن ڈالر سے زائد ہے جبکہ اس ماڈل کی تیاری کے پورے پروگرام پر قریب 32 ارب ڈالر لاگت آئی ہے۔

ہوا بازی کے وفاقی امریکی ادارے اور چند دیگر ممالک کے ریگولیٹرز نے رواں برس کے اوائل میں کچھ تکنیکی مسائل کی وجہ سے ڈریم لائنر کی پرواز پر پابندی عائد کر دی تھی۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اُن دنوں طیارے کی بیٹریوں میں حد سے زیادہ گرمائش نے مسائل کھڑے کیے تھے۔

تصویر: Reuters

جمعے کے روز دو مزید تکنیکی مسائل کی نشاندہی کی گئی۔ ہوا بازی کے شعبے سے متعلق ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا کہ قطر ایئر لائن کے زیر استعمال بوئنگ 787 کو دوحا میں گراؤنڈ کر دیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ایک طیارے کے برقی پینل میں کچھ مسائل پیدا ہوگئے تھے۔ لندن میں قطر ایئر ویز کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ کمپنی اس ’بہت ہی چھوٹے‘ واقعے سے آگاہ ہے اور اسے سلجھا لیا گیا ہے۔ عہدیدار نے واقعے کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔ ذرائع کے مطابق طویل سفر کے لیے موزوں اس طیارے کو قطر ایئر لائن نے رواں ہفتے کے دوران بالکل استعمال نہیں کیا۔

دیگر میڈیا رپورٹوں کے مطابق بھارتی فضائی کمپنی ایئر انڈیا کے زیر استعمال ایک 787 طیارے میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے۔ ایئر انڈیا نے اسے ’معمولی واقعہ‘ قرار دیا ہے۔ جاپان کی آل نیپون ایئر ویز کے مطابق ان کے زیر استعمال 787 کی بیٹری وائرنگ میں نقص پایا گیا ہے۔

یاد رہے کہ ممکنہ طور پر اسی مسئلے کی وجہ سے رواں ماہ کے اوائل میں لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر کھڑے ہوئے ایتھوپیئن ایئر لائن کے 787 میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا۔ جاپانی فضائی کمپنی کے اعلامیے کے مطابق طیارے کے اندر ہنگامی حالت میں رہنمائی کرنے والے دو ٹرانسمیٹرز کی وائرنگ میں مسائل دیکھے گئے ہیں۔

تصویر: Fotomontage/AP/DW

خود بوئنگ کی ترجمان نے ان واقعات کے بارے میں انفرادی جواب دینے سے گریز کیا۔ کمپنی کی خاتون ترجمان نے کہا، ’’787 ایک بہترین طیارہ ہے، ہم جانتے ہیں اسے توجہ ملتی رہے گی جب سروس اور بھروسے متعلق واقعات رونما ہوں گے۔‘‘ کمپنی کے مطابق ہر نئے طیارے کی طرح 787 کو بھی اوائل میں کچھ مسائل درپیش ہوں گے۔

اے ایف پی کے مطابق پیداواری عمل میں برسوں کے تعطل کے بعد اکتوبر 2011ء میں مارکیٹ میں آنے والے بوئنگ 787 نے مایوسیوں کے کئی دور دیکھے ہیں۔ اس ضمن میں رواں برس جنوری میں جاپانی ایئر لائن کے بوئنگ 787 طیارے میں آتشزدگی کا واقعہ قابل ذکر ہے، جس کے بعد تین ماہ تک دنیا بھر میں اس ماڈل کے طیاروں کو گراؤنڈ کر دیا گیا تھا۔

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں