ڈنمارک جرمن سرحد پر متنازعہ حفاظتی باڑ تعمیر کرے گا
15 اگست 2018
ڈنمارک کی حکومت جرمن سرحد پر متنازعہ حفاظتی باڑ کھڑی کرے گی، جس کا مقصد سوائن فلو کا پھیلاؤ روکنا ہے۔ تاہم ناقدین نے اس اقدام کو مہاجرین مخالف حلقوں کا اعتماد جیتنے کی ایک علامتی کوشش قرار دے دیا ہے۔
اشتہار
ڈنمارک کی حکومت نے کہا ہے کہ جرمن سرحد پر 68 کلو میٹر طویل حفاظتی باڑ کھڑی کی جائیں گی، جس کا بنیادی مقصد سوروں کے فارمز کو جنگلی خنزیروں سے بچانا ہے۔ حکام کے مطابق یہ جنگلی خنزیر ڈنمارک میں افریقی سوائن فلو کے پھیلاؤ کا باعث بن سکتے ہیں۔
تاہم ناقدین کے مطابق گیارہ ملین یورو کا یہ منصوبہ رقوم کا زیاں ہے کیونکہ ان سرحدی رکاوٹوں سے ایک ایسے مسئلے کا مقابلہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو حقیقت میں موجود ہی نہیں ہے۔ ماحول دوست کارکنان نے بھی اس منصوبے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس طرح حیاتیاتی تنوع کو خطرات لاحق ہو جائیں گے۔
ڈنمارک میں دائیں بازو کے سیاستدان ان سرحدی رکاوٹوں کو علامتی طور پر اپنی فتح تصور کریں گے کیونکہ وہ مہاجرین کے ملک میں داخلے کے خلاف ہیں اور وہ حکومت سے ایسے اقدامات کا مطالبہ کرتے رہتے ہیں، جن سے ڈنمارک میں غیرقانونی آمدورفت کا سلسلہ تھم سکے۔
ڈیرھ میٹر بلند یہ باڑ جرمنی سے متصل پوری ڈینش سرحد پر تعمیر کی جائے گی۔ حکومتی منصوبے کے مطابق سن 2019 کے اواخر تک یہ رکاوٹیں کھڑی کر دی جائیں گی۔
تاہم شینگن زون کے رکن ملک ڈنمارک میں قائم کی جانے والی ان رکاوٹوں سے سرحدی راستوں کی ٹریفک پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ ان دونوں ممالک کی سرحد پر متعدد سرحدی گزرگاہیں ہیں، جو معمول کے مطابق کھلی رہیں گی۔
ماہرین ماحولیات کے مطابق جنگلی خنزیروں کے سرحد عبور کرنے سے سوائن فلو کے پھیلنے کے خطرات نہیں ہوتے۔ یہ امر بھی اہم ہے کہ جرمنی میں اس بیماری کا کوئی خطرہ نہیں ہے کہ ڈںمارک اس طرح سرحدوں کو بند کرنا شروع کر دے۔
ماہرین یہ بھی کہتے ہیں اگر ایسی کوئی بیماری پھیلی تو اس کی وجہ جانوروں کا سرحد عبور کرنا نہیں ہو گا۔ ان کے مطابق جرمنی سے ڈنمارک آنے والے ٹرانسپورٹ ٹرکوں میں متاثرہ سور یا متاثرہ وائرس والی خوارک اس بیماری کے پھیلاؤ کا باع بنے گی۔
ع ب / ع ح / خبر رساں ادارے
جرمنی میں ملازمتیں، کس ملک کے تارکین وطن سر فہرست رہے؟
سن 2015 سے اب تک جرمنی آنے والے مہاجرین اور تارکین وطن میں سے اب ہر چوتھا شخص برسرروزگار ہے۔ پکچر گیلری میں دیکھیے کہ کس ملک کے شہری روزگار کے حصول میں نمایاں رہے۔
تصویر: DW/Aasim Saleem
شامی مہاجرین
گزشتہ تین برسوں کے دوران پناہ کی تلاش میں جرمنی آنے والے شامی مہاجرین کی تعداد سوا پانچ لاکھ سے زائد رہی۔ شامیوں کو جرمنی میں بطور مہاجر تسلیم کرتے ہوئے پناہ دیے جانے کی شرح بھی سب سے زیادہ ہے۔ تاہم جرمنی میں روزگار کے حصول میں اب تک صرف بیس فیصد شامی شہری ہی کامیاب رہے ہیں۔
تصویر: Delchad Heji
افغان مہاجرین
سن 2015 کے بعد سے اب تک جرمنی میں پناہ کی درخواستیں جمع کرانے والے افغان باشندوں کی تعداد ایک لاکھ نوے ہزار بنتی ہے۔ اب تک ہر چوتھا افغان تارک وطن جرمنی میں ملازمت حاصل کر چکا ہے۔
تصویر: DW/M. Hassani
اریٹرین تارکین وطن
افریقی ملک اریٹریا سے تعلق رکھنے والے چھپن ہزار سے زائد مہاجرین اس دوران جرمنی آئے، جن میں سے اب پچیس فیصد کے پاس روزگار ہے۔
تصویر: Imago/Rainer Weisflog
عراقی مہاجرین
اسی عرصے میں ایک لاکھ ساٹھ ہزار سے زائد عراقی بھی جرمنی آئے اور ان کی درخواستیں منظور کیے جانے کی شرح بھی شامی مہاجرین کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔ تاہم اب تک ایک چوتھائی عراقی تارکین وطن جرمنی میں ملازمتیں حاصل کر پائے ہیں۔
تصویر: picture alliance/dpa/W. Kastl
صومالیہ کے مہاجرین
افریقی ملک صومالیہ کے قریب سترہ ہزار باشندوں نے اس دورانیے میں جرمن حکام کو اپنی سیاسی پناہ کی درخواستیں جمع کرائیں۔ اب تک صومالیہ سے تعلق رکھنے والے پچیس فیصد تارکین وطن جرمنی میں نوکریاں حاصل کر چکے ہیں۔
تصویر: picture-alliance/dpa/P. Pleul
ایرانی تارکین وطن
ان تین برسوں میں قریب چالیس ہزار ایرانی شہری بھی بطور پناہ گزین جرمنی آئے۔ جرمنی کے وفاقی دفتر روزگار کی رپورٹ کے مطابق اب تک ان ایرانی شہریوں میں سے قریب ایک تہائی جرمنی میں ملازمتیں حاصل کر چکے ہیں۔
تصویر: DW/Aasim Saleem
نائجیرین تارکین وطن
افریقی ملک نائجیریا سے تعلق رکھنے والے پناہ گزینوں کو بھی جرمنی میں روزگار ملنے کی شرح نمایاں رہی۔ جرمنی میں پناہ گزین پچیس ہزار نائجیرین باشندوں میں سے تینتیس فیصد افراد کے پاس روزگار ہے۔
تصویر: DW/A. Peltner
پاکستانی تارکین وطن
جرمنی میں ملازمتوں کے حصول میں پاکستانی تارکین وطن سر فہرست رہے۔ سن 2015 کے بعد سیاسی پناہ کی تلاش میں جرمنی آنے والے قریب بتیس ہزار پاکستانی شہریوں میں سے چالیس فیصد افراد مختلف شعبوں میں نوکریاں حاصل کر چکے ہیں۔