1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈومينيک اسٹراؤس کاہن کی ضمانت منظور

19 مئی 2011

نیو یارک کی ایک عدالت نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کے سابق سربراہ ڈومينيک اسٹراؤس کاہن کوایک ملین ڈالر کی ضمانت پر رہا کرنے کا حکم صادرکیا ہے۔ ان کے مقدمے کی تاریخ 6 جون مقرر کی گئی ہے۔

ڈومينيک اسٹراؤس کاہن عدالت میںتصویر: AP

نیویارک اسٹیٹ کی سپریم کورٹ کے جج مائیکل اوبس نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کے سابق سربراہ ڈومينيک اسٹراؤس کاہن کو سخت نگرانی میں رہا کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ ان کی ضمانت دس لاکھ ڈالر نقد رقم کے عوض منظور کی گئی۔ رہائی کے بعد وہ چوبیس گھنٹے گھر پر پابند رہیں گے۔ عدالتی حکم کے تحت ایک مسلح گارڈ ہر وقت ان کے ساتھ رہے گا۔ ضمانت کے بعد ان کی نگہداشت اور نگرانی کے عمل میں الیکٹرانک بریسلیٹ بھی شامل ہے۔ جو مسلح گارڈ ان کے ہمراہ گھر پر رہے گا، اس کا خرچہ بھی اسٹراؤس کاہن خود ادا کریں گے۔ ان کی ضمانت کے لیے پانچ ملین ڈالر کے انشورنس بونڈ بھی جمع کروائے گئے ہیں۔

جس وقت عدالت میں ان کی ضمانت کی اپیل پر کارروائی شروع ہوئی تو ان کی صحافی بیوی این سنکلیئر اور بیٹی کامیلے سٹراؤس کاہن بھی کمرہ عدالت میں موجود تھیں۔ جیل سے جب ڈومينيک اسٹراؤس کاہن عدالت میں لائے گئے تو وہ بغیر ٹائی کے تھے۔ پر تعیش زندگی گزارنے والے عالمی مالیاتی ادارے کے سابق سربراہ نے گزشتہ تین راتیں نیویارک کی بدنام زمانہ رائیکرز آئلینڈ جیل میں گزاریں۔

ڈومينيک اسٹراؤس کاہن عدالت میں اپنے وکیل کے ہمراہتصویر: dapd

عالمی مالیاتی ادارے کے سربراہ نے پرزور انداز میں عندیہ دیا کہ وہ اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کا بھرپور دفاع کریں گے۔ انہوں نے مالیاتی ادارے کو روانہ کیے گئے اپنے استعفے میں الزامات کی صحت سے انکار کیا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ اگر ان پر الزامات ثابت ہوگئے تو انہیں کم از کم پچیس سال تک کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔

نیو یارک کے ڈسٹرکٹ اٹارنی سائرس وانس کے مطابق گرینڈ جیوری نے بھی ڈومينيک اسٹراؤس کاہن پر فرد جرم عائد کرنے کی منظوری دی ہے۔ ان پر سات مختلف الزامات کے شبے میں فرد جرم عائد کی گئی ہے۔

ڈومينيک اسٹراؤس کاہن کے خلاف باقاعدہ عدالتی کارروائی کے لیے 6 جون کی تاریخ مقرر کردی گئی ہے۔ اس طرح وکلائے استغاثہ اور دفاع کے پاس مقدمے کی تیاری کے سلسلے میں ڈھائی ہفتے کا وقت ہے۔

ڈومينيک اسٹراؤس کاہن گزشتہ ہفتہ ایک ہوٹل کی ملازمہ پر جنسی حملے کے الزام کے تحت حراست میں لیے گئے تھے۔ ماتحت عدالت نے ان کی ضمانت کی اپیل منسوخ کردی تھی۔

رپورٹ: عابد حسین ⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں