1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستامریکہ

ڈونلڈ ٹرمپ پر فرد جرم عائد کر دی گئی

2 اگست 2023

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر دوہزار بیس کے صدارتی انتخابات کے نتائج میں ردو بدل کرنے کی کوششوں اور کیپیٹل ہل میں بغاوت کو ہوا دینے جیسے جرائم کے الزامات پر وفاقی محکمہ انصاف کی طرف سے فرد جرم عائد کر دی گئی۔

Former US President Donald Trump
تصویر: Charlie Neibergall/AP/picture alliance

منگل یکم اگست کو امریکہ کے وفاقی محکمہ انصاف کی تحقیقات کے نتائج کے مطابق وفاقی گرینڈ جیوری کی طرف سے ڈونلڈ ٹرمپ  پر 2020 ء کے انتخابات کو الٹانے کی کوششوں اور یو ایس کیپیٹل میں 6 جنوری کو ہونے والی بغاوت کے سلسلے میں مجرمانہ الزامات پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔ ٹرمپ پر فرد جرم عائد کی جانے پر جو بائیڈن کی طرف سے  خاموشی اختیار کی گئی۔ وائٹ ہاؤس اور صدر جو بائیڈن نے فرد جرم کے اعلان کے بعد کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا اور رپورٹرز کے سوالات کا جواب نہیں دیا۔

یاد رہے کہ وائٹ ہاؤس کی پریس سکریٹری کیرن جین پیئر نے گزشتہ جمعے کو صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا، ''محکمہ انصاف آزاد ہے۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا،''آپ ہمیں ہر وقت یہ کہتے سنتے ہیں کہ ہم قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں۔ صدر اس پر بہت ثابت قدم  رہے ہیں۔‘‘

مختلف سیاستدانوں کا رد عمل

امریکی استغاثہ کی طرف سے سابق صدر کے خلاف فرد جرم عائد کیے جانے کے بعد سابق نائب صدر مائیک پینس نے امریکی کیپیٹل ہل پر حملے کے بارے میںٹرمپ  کے اقدامات کی مذمت کی۔ پینس نے کہا کہ یہ الزامات ایک یاد دہانی ہے اس بات کی کہ ''جو بھی اپنے آپ کو آئین سے بالاتر رکھتا ہے اسے کبھی بھی  امریکہ کا صدر نہیں ہونا چاہیے۔‘‘

امریکی اٹارنی جیک سمتھتصویر: Jacquelyn Martin/AP Photo/picture alliance

پینس نے مزید کہا،'' ہمارا ملک ایک آدمی سے زیادہ اہم ہے۔ ہمارا آئین کسی ایک شخص کے کیریئر سے زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔‘‘ پینس 2024 ء کے صدارتی  انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کے امیدوار کے طور پر نامزدگی کی دوڑ میں شامل ہیں۔

ایک اور جی او پی امیدوار، فلوریڈا کے گورنر رون ڈے سانٹیس نے ٹرمپ پر فرد جرم کے رد عمل میں کہا کہ وہ اُس فیصلے کو روکنے کی کوشش کریں گے جسے وہ ''حکومت کو ہتھیار بنانے‘‘ کے مترادف سمجھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا،'' بطور صدر، میں حکومت کی ہتھیار سازی کو ختم کروں گا، ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کو تبدیل کروں گا، اور تمام امریکیوں کے لیے انصاف کا ایک ہی معیار یقینی بناؤں گا۔‘‘ رون ڈے سانٹیس نے مزید کہا کہ انہوں نے ابھی تک فرد جرم نہیں پڑھی ہے۔

کیپیٹل ہل میں 6 جنوری کی بغاوت میں ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کے سلسلے میں بھی فرد جرم عائد ہوئی ہےتصویر: J. Scott Applewhite/AP Photo/picture alliance

ٹرمپ عدالت میں کب پیش ہوں گے؟

ٹرمپ کی جمعرات کو پہلی عدالتی پیشی متوقع ہے۔ اس میں وفاقی استغاثہ کی طرف سےٹرمپ   کے خلاف الزامات کا ایک خاکہ پیش کیا جائے گا اور جج ٹرمپ  کی ضمانت کی شرائط طے کرے گا۔  ٹرمپ ایک درخواست داخل کر سکتے ہیں۔ دریں اثناء ایک جج مقدمے کی سماعت سے پہلے ''پری ٹرائل موشن‘‘ کا ایک شیڈیول تیار کرے گا۔ استغاثہ دستاویزات اور دیگر ثبوت دفاعی وکلاء کے حوالے کرے گا۔ یہ کئی مہینوں تک جاری رہنے والا عمل ہو سکتا ہے۔

آنے والے مہینوں میں ٹرمپ کے وکلاء ممکنہ طور پر فرد جرم کو برخاست کرنے کی تحریک دائر کریں گے تاہم اس کا موقع فوجداری مقدمات میں شاذ و نادر ہی دیا جاتا ہے۔

دونوں فریقین کی جانب سے مقدمے کی سماعت میں ثبوت اور قانونی دلائل کی اجازت کی شکل ترتیب دینے سے متعلق تحریکیں دائر کرنے کا بھی امکان ہے۔

ک م/ ع ت (روئٹرز، اے پی)

 

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں