ڈھاکہ کے کيفے پر حملے ميں ملوث سات مجرمان کے ليے سزائے موت
27 نومبر 2019
بنگلہ ديش ميں سن 2016 ميں ڈھاکہ کے ايک کيفے پر حملہ کرنے اور متعدد غير ملکيوں کو قتل کرنے کے جرائم ثابت ہونے پر شدت پسند تنظيم جماعت المجاہدين بنگلہ ديش کے سات ارکان کو سزائے موت سنا دی گئی ہے۔
اشتہار
بنگلہ ديشی دارالحکومت ڈھاکہ کے ايک کيفے پر سن 2016 ميں کيے جانے والے حملے ميں ملوث سات مجرمان کو سزائے موت سنا دی گئی ہے۔ مجرمان کو يہ سزا انسداد دہشت گردی کے ايک خصوصی ٹريبيونل نے بدھ ستائيس نومبر کو سنائی۔ وکيل استغاثہ عبداللہ ابو نے بتايا کہ مجرمان کو آتشيں اسلحہ استعمال کرنے، قتل اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے جرائم ثابت ہونے پر يہ سزا سنائی گئی ہے۔ ايک ملزم کو ناکافی شواہد کی بنياد پر رہا کر ديا گيا۔
ڈھاکہ کے گلشن ڈپلوميٹک اينکليوو کی معروف ہولی آرٹيسان بيکری پر يکم جولائی سن 2016 کے روز مسلم شدت پسندوں نے دھاوا بول ديا تھا۔ اس حملے ميں مجموعی طور پر بيس افراد ہلاک ہوئے تھے جن ميں نو اطالوی، سات جاپانی، ايک بھارتی، ايک امريکی اور دو مقامی بنگلہ ديشی شہری شامل تھے۔ حملے کے دوران جوابی کارروائی ميں دو پوليس اہلکار بھی مارے گئے تھے۔ بعد ازاں فوجی کمانڈوز کی کارروائی گيارہ گھنٹوں تک جاری رہی۔ آپريشن ميں پانچ شدت پسندوں اور ان کی معاونت کرنے والے ايک فرد کو ہلاک کر ديا گيا تھا۔
استغاثہ نے عدالتی کارروائی کے دوران بتايا کہ شدت پسند اپنے اس حملے کے ذريعے يہ ثابت کرنا چاہتے تھے کہ بنگلہ ديش ميں 'اسلامک اسٹيٹ‘ايک مضبوط گروپ ہے۔ عبداللہ ابو کے مطابق يہ ايک منظم اور سوچی سمجھی کارروائی تھی جس کا مقصد عالمی سطح پر بنگلہ ديش کی ساکھ متاثر کرنا تھا۔ شدت پسندوں کا تعلق جماعت المجاہدين بنگلہ ديش (JMB) سے ہے۔
اس حملے ميں مجموعی طور پر اکيس شدت پسند ملوث تھے اور پانچ ماہ تک اس کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔ اس دوران غير ملکيوں کو نشانہ بنانے کی حکمت عملی ترتيب دی گئی تھی تاکہ دنيا ميں بنگلہ ديش کی ساکھ منفی طور پر متاثر ہو۔ تاہم حملے ميں ملوث صرف آٹھ افراد پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔ تيرہ ديگر ملزمان کو حملے کے بعد ملک گير سطح پر کيے گئے انسداد دہشت گردی کے آپريشنز ميں مار ديا گيا تھا۔ بنگلہ ديش ميں اس بڑے حملے کے بعد کی گئی کارروائيوں ميں ايک سو سے زائد مشتبہ شدت پسندوں کو ہلاک کر ديا گيا تھا۔
2019 میں دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ دس ممالک
سن 2019 کے ’گلوبل ٹیررازم انڈیکس‘ کے مطابق گزشتہ برس پاکستان میں دہشت گردانہ حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد سن 2013 کے مقابلے میں 81 فیصد کم رہی۔ اس انڈیکس کے مطابق دنیا بھر میں سب سے زیادہ دہشت گردی کے شکار ممالک یہ رہے۔
تصویر: Reuters/E. Su
1۔ افغانستان
دنیا بھر میں دہشت گردی سے متاثر ممالک میں افغانستان اس برس سر فہرست رہا۔ سن 2018 کے دوران افغانستان میں 1443 دہشت گردانہ واقعات ہوئے جن میں 7379 افراد ہلاک اور ساڑھے چھ ہزار افراد زخمی ہوئے۔ 83 فیصد ہلاکتیں طالبان کے کیے گئے حملوں کے سبب ہوئیں۔ طالبان نے پولیس، عام شہریوں اور حکومتی دفاتر کو نشانہ بنایا۔ داعش خراسان کی دہشت گردانہ سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوا۔ افغانستان کا جی ٹی آئی اسکور 9.60 رہا۔
تصویر: Getty Images/AFP/S. Marai
2۔ عراق
عراق دہشت گردی کے شکار ممالک کی فہرست مسلسل تیرہ برس سے سر فہرست رہنے کے بعد دوسرے نمبر پر آیا۔ رواں برس کے گلوبل ٹیررازم انڈیکس کے مطابق 2018ء کے دوران عراق میں دہشت گردی کے 1131 واقعات پیش آئے جو اس سے گزشتہ برس کے مقابلے میں 57 فیصد کم ہیں۔ گزشتہ برس کے مقابلے میں ہلاکتوں میں 75 فیصد کمی دیکھی گئی۔ دہشت گرد تنظیم داعش نے سب سے زیادہ دہشت گردانہ کارروائیاں کیں۔ عراق کا جی ٹی آئی اسکور 9.24 رہا۔
تصویر: picture-alliance/AP
3۔ نائجیریا
دہشت گردی سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں جی ٹی آئی اسکور 8.59 کے ساتھ نائجیریا تیسرے نمبر پر ہے۔ اس افریقی ملک میں 562 دہشت گردانہ حملوں میں دو ہزار سے زائد افراد ہلاک اور 772 زخمی ہوئے۔ سن 2001 سے اب تک نائجیریا میں 22 ہزار سے زائد افراد دہشت گردی کے باعث ہلاک ہو چکے ہیں۔
تصویر: Reuters/Stringer
4۔ شام
جی ٹی آئی انڈیکس کے مطابق خانہ جنگی کا شکار ملک شام دہشت گردی سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے۔ شام میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں زیادہ تر داعش، حیات تحریر الشام اور کردستان ورکرز پارٹی کے شدت پسند ملوث تھے۔ شام میں سن 2018 کے دوران دہشت گردی کے 131 واقعات رونما ہوئے جن میں 662 انسان ہلاک جب کہ سات سو سے زائد زخمی ہوئے۔ جی ٹی آئی انڈیکس میں شام کا اسکور 8.0 رہا۔
تصویر: Getty Images/AFP
5۔ پاکستان
پاکستان اس فہرست میں پانچویں نمبر پر ہے جہاں گزشتہ برس 366 دہشت گردانہ واقعات میں 537 افراد ہلاک اور ایک ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔ گزشتہ برس دہشت گردی کی زیادہ تر کارروائیاں داعش خراسان اور تحریک طالبان پاکستان نے کیں۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں دہشت گردی کے باعث ہلاکتوں کی تعداد سن 2013 کے مقابلے میں 81 فیصد کم رہی۔
تصویر: Getty Images/AFP/A. Hassan
6۔ صومالیہ
دہشت گردی سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں صومالیہ چھٹے نمبر پر رہا جہاں الشباب تنظیم سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے نوے فیصد سے زائد حملوں کی ذمہ داری قبول کی۔ صومالیہ میں دہشت گردی کے 286 واقعات ریکارڈ کیے گئے جن میں 646 افراد ہلاک ہوئے۔ جی ٹی آئی انڈیکس میں شام کا اسکور 7.8 رہا۔
تصویر: picture alliance/dpa/AAS. Mohamed
7۔ بھارت
اس برس کے عالمی انڈیکس میں بھارت آٹھویں سے ساتویں نمبر پر آ گیا۔ بھارت میں دہشت گردی کے قریب ساڑھے سات سو واقعات میں 350 افراد ہلاک جب کہ 540 زخمی ہوئے۔ بھارت کے مشرقی حصے میں ہونے والی زیادہ تر دہشت گردانہ کارروائیاں ماؤ نواز باغیوں نے کیں۔ 2018ء کے دوران کشمیر میں 321 دہشت گردانہ حملوں میں 123 افراد ہلاک ہوئے۔ کشمیر میں دہشت گردانہ حملے حزب المجاہدین، جیش محمد اور لشکر طیبہ نے کیے۔
تصویر: Getty Images/AFP/N. Seelam
8۔ یمن
یمن میں متحارب گروہوں اور سعودی قیادت میں حوثیوں کے خلاف جاری جنگ کے علاوہ اس ملک کو دہشت گردانہ حملوں کا بھی سامنا ہے۔ مجموعی طور پر دہشت گردی کے 227 واقعات میں 301 افراد ہلاک ہوئے۔ دہشت گردی کے ان واقعات میں حوثی شدت پسندوں کے علاوہ القاعدہ کی شاخ AQAP کے دہشت گرد ملوث تھے۔ تاہم سن 2015 کے مقابلے میں یمن میں دہشت گردی باعث ہلاکتوں کی تعداد 81 فیصد کم رہی۔
تصویر: Reuters/F. Salman
9۔ فلپائن
فلپائن نویں نمبر پر رہا جہاں سن 2018 کے دوران دہشت گردی کے 424 واقعات پیش آئے جن میں قریب تین سو شہری مارے گئے۔ سن 2001 سے اب تک فلپائن میں تین ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ رواں برس جی ٹی آئی انڈیکس میں فلپائن کا اسکور 7.14 رہا۔
تصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Favila
10۔ جمہوریہ کانگو
تازہ انڈیکس میں دسویں نمبر پر جمہوریہ کانگو رہا جہاں الائیڈ ڈیموکریٹک فورسز اور دیگر گروہوں کے دہشت گردانہ حملوں میں اٹھارہ فیصد اضافہ نوٹ کیا گیا۔ ان گروہوں کے حملوں میں زیادہ تر عام شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔