ڈیٹنگ کا بندوبست کرکے شادی کی شرح بڑھاؤ
12 اگست 2010غیر معمولی رومانوی کشش رکھنے والے ملک سنگاپور کے نوجوان نہایت شرمیلے اور غیر رومانوی ہیں اور اسی لیے وہاں شادی اور پیدائش کی شرح بھی کم ہے۔ سنگاپور کی حکومت اس مسئلے کے حل کے لیے اکثر نوجوان لڑکے لڑکیوں کو ایک دوسرے سے ملوانے کے لیے نت نئی مہمات متعارف کراتی رہتی ہے۔
سنگا پور کی معاشرتی ترقی ، کھیل اور نوجوانوں کے امور کی وزارت نے اس مد میں اسی ماہ ایک اور ٹینڈر جاری کیا ہے جس میں نوجوان لڑکے لڑکیوں کو ایک دوسرے سے سماجی رابطے بڑھانے اور خاندانوں کی بنیاد رکھنے پر زور دینے کے لیے نئی مہم کے بارے میں اشتہاری ایجنسیوں کے خیالات مانگے گئے ہیں۔
اس ٹینڈر کو جیتنے والی اشتہاری ایجنسی 20 سے 35 سال کےمردوں اور عورتوں کو ایک دوسرے سے ملنے ، پسند کرنے اور شادی کے لیے ایک اشتہاری مہم تیار کرے گی۔ اس قسم کے حکومتی اقدامات 5 ملین کے آبادی والے سنگاپور میں شادیوں اور پیدائش کی شرح میں کمی کے بعد شروع کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم لی سیئن لونگ Lee Hsien Loong کے مطابق سنگاپور میں شرح پیدائش نچلی ترین سطح پر پہنچ چکی ہے ۔ 2008ء میں شرح ِ پیدائش 1.28 بچہ فی خاتون تھی مگر2009 ء میں یہ شرح گر کر 1.23 بچہ فی خاتون ہوگئی جو کہ کسی بھی ملک میں مستحکم آبادی کی سطح سے بہت نیچے ہے۔1999ء میں سنگاپور میں ایک ہزار میں سے ہر 8 واں شہری شادی کے بندھن میں بندھتا تھا مگر 2009 ء میں شہری حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق یہ شرح گر کر 6.6 فی ہزار شہری ہوگئی ۔
اس تازہ حکومتی مہم کے بارے میں سنگاپور کے شہریوں کے ملے جلے تاثرات ہیں۔ ایک پچیس سالہ نوجوان کو ’ہون کیات‘ کے مطابق یہ مہم کسی حد تک احمقانہ ہے ۔ جب اس سے مزید پوچھا گیا کہ کیا یہ مہم اس کو کسی لڑکی سے ملنے یا شادی کرنے پر آمادہ کرے گی تو اس کا جواب منفی تھا۔
سنگاپور کے لڑکے لڑکیوں کو ایک دوسرے سے ملوانے کے لیے حکومت کی طرف سے ماضی میں کئے گئے اقدامات کا شرح ِ پیدائش پر کوئی خاص اثر نہیں پڑا تھا۔
رپورٹ: سمن جعفری
ادارت: کشور مصطفیٰ