ژاپوریژیا میں روسی میزائل حملہ، تیئیس یوکرینی شہری مارے گئے
30 ستمبر 2022یوکرین کے جنوبی شہر ژاپوریژیا کے مضافات میں شہری گاڑیوں کے قافلے کو نشانہ بنانے والے روسی میزائل کے حملے میں کم از کم 23 افراد ہلاک اور 28 زخمی ہو گئے۔ ایک عینی شاہد نے نیوز ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ شہر کی وسیع و عریض اوریخوو کار مارکیٹ میں لاشیں زمین پر یا ابھی گاڑیوں میں ہی پڑی ہوئی ہیں۔ گاڑیوں کی دو قطاروں کے قریب گرنے والے میزائل نے زمین میں ایک گڑھا بنا دیا تھا۔
ژاپوریژیاکے علاقائی گورنر آلیکسانڈر ستاروخ کے مطابق، '' اس حملے میں اب تک 23 افراد ہلاک اور 28 زخمی ہو ئے ہیں اور یہ تمام عام شہری تھے۔‘‘ پولیس اور ایمرجنسی ورکرز جائے وقوعہ پر پہنچ گئے تھے۔ میزائل حملے کی وجہ سے گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا اور ان کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ حملے کا نشانہ بننے والی گاڑیاں مسافروں کے گھریلو سامان سے بھری ہوئی تھیں۔
ہلاک ہونے والے افراد کی لاشیں بکھری پڑی تھیں اور ان میں سے بعض گاڑیوں میں ہی مارے گئے تھے۔ نتالیہ نامی ایک خاتون نے بتایاکہ وہ اپنے خاوند کے ساتھ ژاپوریژیا میں اپنے بچوں سے ملنے آئیں تھیں۔ اپنی کار کے نزدیک کھڑے انہوں نے کہا، ''ہم اپنی 90 سالہ ماں کی طرف لوٹ رہے تھے۔ ہمیں بچا لیا گیا ہے۔ یہ ایک معجزہ ہے۔‘‘
روس 24 فروری کو یوکرین پر فوجی حملے کے بعد وہاں عام شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کے الزامات کی تردید کرتا آیا ہے تاہم روسی حملوں نے یوکرین کے متعدد شہروں اور قصبوں کو تباہ کر دیا ہے۔ روس کی جانب سے یہ تازہ میزائل حملہ ایک ایسے موقع پر کیا گیا ہے جب روسی صدر ولادیمیر پوٹن آج جمعے کی سہ پہر ماسکو میں منعقد ہونےوالی ایک تقریب میں یوکرین کے چار مقبوضہ علاقوں کے روس میں باقاعدہ انضمام کی دستاویزات پر دستخط کریں گے۔ پوٹن کریملن میں منعقدہ تقریب کے اختتام پر ایک اہم خطاب بھی کریں گے۔ اس کے بعد وہ مشرقی اور جنوبی یوکرین کے روس نواز علیحدگی پسندوں کے زیر کنٹرول ان علاقوں کے مقامی رہنماؤں سے بھی ملیں گے۔ یہ چار یوکرینی علاقے ڈونیٹسک، خیرسون، لوہانسک اور ژاپوریژیا ہیں۔
ش ر ⁄ م م (روئٹرز)