1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کابل شادی ہال میں خودکش حملہ، تریسٹھ ہلاک 

18 اگست 2019

کابل میں ایک خودکش حملہ آور نے ہفتے کی شب شادی کی خوشیوں کو ماتم میں بدل دیا۔ اس حملے میں ساٹھ سے زائد انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔ اس حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کرنے کا اعلان کیا ہے۔

Afghanistan Explosion bei Hochzeitsfeier in Kabul
تصویر: Reuters/M. Ismail

افغان دارالحکومت کابل کے شادی ہال پر کیے گئے حملے کی ذمہ داری افغان عسکری گروپ داعش یا اسلامک اسٹیٹ نے قبول کر لی ہے۔ قبل ازیں طالبان نے اس حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی تھی۔

یہ حملہ مغربی کابل میں دارلامان روڈ پر ہوا، جہاں زیادہ تر شیعہ ہزارہ آبادی رہتی ہیں۔ حکام کے مطابق، خودکش حملہ آور نے ہفتے کی شب ساڑھے دس بجے کے بعد دھماکے سے خود کو اڑایا۔ عینی شاہدین کے مطابق، اس وقت وہاں عورتوں اور بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

تصویر: AFP/W. Kohsar

افغان طالبان نے حملے ملوث ہونے کی تردید کی ہے لیکن اتوار کے روز ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں افغان صدر اشرف غنی نے اس تازہ حملے کی سخت مذمت کی اور کہا کہ طالبان خود کو االزامات سے بری الذمہ قرار نہیں دے سکتے کیونکہ وہ دہشتگروں کو پلیٹ فارم مہیا کرتے رہے ہیں۔

ہفتے کی شب واٹس ایپ پر جاری کیے گئے ایک بیان میں افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ اس طرح کے حملوں نے خواتین اور بچوں کا نشانہ بنانا بلاجواز ہے اور وہ اس کی مذمت کرتے ہیں۔ افغانستان میں جاری اٹھارہ برس کی لڑائی میں طالبان نے لاتعداد بار ایسے حملوں کی ذمہ داری لی ہے جن میں عام افغان شہری مارے جاتے رہے ہیں۔

حالیہ برسوں میں کابل سمیت افغانستان میں کئی حملوں کی ذمہ داری داعش بھی  لیتی رہی ہے۔ 

   

کابل میں صرف اس سال کا یہ سترواں حملہ ہے۔ افغانستان میں پرتشدد واقعات ایک ایسے وقت میں جاری ہیں جب افغان طالبان اور امریکا کے درمیان دوحہ قطر میں جنگ بندی سے متعلق مذاکرات کے آٹھ دور مکمل ہو چکے ہیں۔

اسی دوران، افغانستان کے شمالی صوبے بلخ سے اطلاعات ہیں کہ اتوار کی صبح سڑک کنارے ایک بم دھماکے میں کم از کم دس لوگ مارے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ دھماکہ علی الصبح تُرکمانستان کے ساتھ واقع سرحدی ضلع دولت آباد میں پیش آیا جب مزار شریف سے آتی ہوئی ایک گاڑی اس کا نشانہ بنی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں