1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کاتالان لیڈر کا اعلان، ہسپانوی حکومت کی خصوصی میٹنگ طلب

عابد حسین
11 اکتوبر 2017

کاتالونیا کے علاقائی صدر کی جانب سے آزادی کے اعلان کو مؤخر کرنے کے بعد ہسپانوی حکومت کی خصوصی میٹنگ آج بدھ کو ہو گی۔ دوسری جانب کاتلان لیڈر کے اعلان سے یورو زون کی کرنسی یورو کی قدر میں اضافہ ہوا ہے۔

Spanien Parlament in Barcelona Carles Puigdemont
تصویر: Getty Images/D. Ramos

کاتالونیا کے صدر کارلیس پوج ڈیمونٹ نے منگل 10 اکتوبر کی شام اپنی علاقائی پارلیمنٹ میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کے اُس مینڈیٹ کو قبول اور تسلیم کرتے ہیں جس میں عوام نے کاتالونیا کی آزادی کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ اُن کی مراد پہلی اکتوبر کے آزادی ریفرنڈم میں ڈالے گئے ووٹوں کے نتائج تھے جس میں 90 فیصد سے زائد ووٹرز نے کاتالونیا کی آزادی کے حق میں ووٹ دیا تھا۔ اس ریفرنڈم کو اسپین کی مرکزی حکومت اور سپریم کورٹ نے انعقاد سے قبل ہی کالعدم قرار دے دیا تھا۔

ممکنہ آزادی کے بعد کاتالونیا کا یورپی یونین میں مستقبل

کاتالان رہنماؤں کی مذاکرات کی دعوت اسپین نے مسترد کر دی

کاتالونیا کے رہنما ’غیرذمہ داری‘ کا مظاہرہ کر رہے ہیں، ہسپانوی بادشاہ

ہسپانوی پولیس کے ’اقدامات‘ غیر منصفانہ ہیں، کاتالونیا حکومت

ہسپانوی وزیراعظم ماریانو راخوئے کا کہنا ہے کہ وہ اپنا ہر اختیار استعمال کرتے ہوئے کاتالونیا کی آزادی کو روکنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے اس نیم خود مختار علاقے میں میڈرڈ حکومت کی براہ راست حکمرانی قائم کرنے کے امکان کا اشارہ بھی دیا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اگر راخوئے نے کاتالونیا میں ’ڈائریکٹ رُول‘ کا نفاذ کیا تو اس سے سیاسی انتشار میں اضافہ ہو گا۔ اس سلسلے میں ہسپانوی حکومت کی خصوصی بحرانی میٹنگ بھی آج بدھ گیارہ اکتوبر کو طلب کر لی گئی ہے۔

علاقائی پارلیمان کی عمارت کے باہر ہزاروں افراد کاتالونیا کے جھنڈے لہراتے ہوئےتصویر: picture-alliance/AP Photo/F. Seco

منگل دس اکتوبر کی شام کو کاتالونیا کے صدر کارلیس پوج ڈیمونٹ نے اپنے خطاب کے بعد علاقائی پارلیمنٹ کی منظور کردہ آزادی کے اعلان کی دستاویز پر دستخط کیے۔ تاہم ایک حکومتی ترجمان کے مطابق اس کی حیثیت علامتی ہے۔ پوج ڈیمونٹ جب اپنی پارلیمنٹ میں خطاب کر رہے تھے، اُس وقت علاقائی پارلیمان کی عمارت کے باہر ہزاروں افراد کاتالونیا کے جھنڈے لیے جمع تھے۔ یہ لوگ زور دار نعرے بازی بھی کر رہے تھے۔

دوسری جانب میڈرڈ حکومت کا واضح ردِ عمل سامنے نہیں آیا ہے لیکن راخوئے حکومت بار بار کہہ چکی ہے کہ آزادی کے معاملے پر کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔ نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پوج ڈیمونٹ اور اُن کے اتحادیوں نے آزادی کی دستاویز پر دستخط پارلیمنٹ چیمبر کے باہر کیے اور پھر مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے لیے اُسے آخری وقت پر معطل کر دیا۔

’آزادی ریفرنڈم‘، کاتالونیا میں جھڑپیں

01:31

This browser does not support the video element.

اسپین کے علاوہ کاتولونیا کے بعض سیاسی رہنماوں اور کئی یورپی ملکوں کے رہنماؤں نے بھی کاتالونیا کی اسپین سے علییحدگی اختیار کرنے کی مخالفت کی ہے۔ ملکی سیاسی رہنماؤں نے فرانکو کی آمریت کے بعد شروع ہونے والے جمہوری دور کے دوران اسپین کی موجودہ سیاسی صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

کاتالونیا کی آزادی کے اعلان کو کاتلان لیڈر کی جانب سے آخری وقت پر معطل کرنے پر عالمی منڈیوں پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ آج بدھ گیارہ اکتوبر کو ایشیائی مالی منڈیوں میں تیزی دیکھی گئی اور یورو زون کی کرنسی یورو کی قدر میں اضافہ بھی دیکھا گیا۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں