کاز ساز کمپنيوں کو اعتماد بحال کرنا پڑے گا، انگيلا ميرکل
عاصم سلیم
14 ستمبر 2017
جرمن چانسلر انگيلا ميرکل نے عالمی شہرت يافتہ فرينکفرٹ انٹرنيشنل موٹر شو کا افتتاح کرتے ہوئے جرمن گاڑيوں کی صنعت کی اہميت پر بھی بات کی اور چند حاليہ اسکينڈلز کے تناظر ميں متعلقہ کار ساز کمپنيوں پر تنقيند بھی کی۔
اشتہار
جرمن چانسلر انگيلا ميرکل نے کہا ہے کہ جرمنی کی معروف کار ساز کمپنيوں کو صارفين ميں اپنا کھويا ہوا اعتماد بحال کرنا ہو گا۔ انہوں نے يہ بيان فرينکفرٹ انٹرنيشنل موٹر شو کے افتتاح کے موقع پر آج 14ستمبر کو ديا۔ ميرکل نے يہ بيان چند بڑی جرمن کار ساز کمپنيوں کی گاڑيوں ميں دھوئيں کے اخراج سے متعلق پچھلے چند سالوں ميں سامنے آنے والے اسکينڈلز کے تناظر ميں ديا۔
جرمنی ميں چوبيس ستمبر کو عام انتخابات ہو رہے ہيں۔ گاڑيوں کی پيداوار سے متعلق صنعت حاليہ چند اسکينڈلز کے سبب اس بار اليکشن ميں اہم موضوع بنی ہوئی ہے۔ اس صنعت کے حوالے سے نرم رويہ رکھنے کے سبب چانسلر ميرکل کو ايک موقع پر ’کار چانسلر‘ کے نام سے بھی مخاطب کيا جاتا رہا ہے۔
تاہم حاليہ عرصے ميں انہوں نے بڑی کار ساز کمپنيوں کے سربراہان کے بارے ميں سخت بيانات بھی ديے ہيں۔ جرمن شہر فرينکفرٹ ميں آئی اے اے کے افتتاح کے موقع پر انہوں نے کہا، ’’آٹو انڈسٹری بڑے پيمانے پر ريگوليشن ميں موجود خاميوں کا فائدہ اٹھاتی آئی ہے۔ اس سے نہ صرف اس صنعت کی ساکھ متاثر ہوئی ہے بلکہ اس سے صارفين بھی مايوس ہوئے ہيں۔‘‘
اسکينڈلز کے تناظر ميں تنقيد کے ساتھ ساتھ چانسلر ميرکل نے البتہ اس صنعت کی اہميت پر بھی بات کی۔ انہوں نے کار ساز کمپنيوں کی صنعت کو جرمن برآمدات کے ليے ايک اہم صنعت قرار ديا، جس سے تقريباً نو لاکھ افراد کی روزی روٹی منسلک ہے۔ ان کے بقول اس صنعت کو کھويا ہوا اعتماد بحال کرنا پڑے گا۔
جرمنی ميں ڈيزل گيٹ کا اسکينڈل سن 2015 ميں اس وقت منظر عام آيا تھا، جب اس سال کا فرينکفرٹ انٹرنيشنل موٹر شو جاری تھا۔ فوکس ويگن نامی جرمن کمپنی نے يہ اعتراف کيا تھا کہ گاڑيوں سے دھوئيں کے اخراج کو کم دکھانے کے ليے کمپنی نے گيارہ ملين گاڑيوں میں ايسا سافٹ ويئر لگايا تھا جو اس مقصد کے ليے کام آتا تھا۔
کاروں کا سب سے بڑا عالمی میلہ
جرمنی کا شہر فرینکفرٹ ایک مرتبہ پھر ’آئی اے اے کار نمائش‘ کی میزبانی کر رہا ہے۔ اس میں 39 ملکوں کے گیارہ سو نمائش کنندگان حصہ لے رہے ہیں جبکہ دو سو دس نئے ماڈل متعارف کروائے جائیں گے۔
تصویر: Getty Images/D. Roland
روز مرہ زندگی کے لیے
اصل میں اس کار کو ابھی تک مارکیٹ میں ہونا چاہیے تھا لیکن آوڈی کی ٹیم اس اے فور ماڈل میں نئی تبدیلیاں کر رہی ہے۔ مڈل کلاس کی یہ پسندیدہ کار جدید ترین ٹیکنالوجی کے علاوہ ڈیجیٹل کاک پٹ سے مزین ہے۔
تصویر: Audi
مستقبل کے لیے
اوپل کپمنی میں آسٹرا ماڈل کار کی وہی اہمیت ہے، جو گولف ماڈل کی فولکس ویگن کمپنی میں ہے۔ اوپل کار ساز ادارہ اس سلسلے میں پانچویں نسل کی کار پیش کر رہا ہے۔ یہ ماڈل نہ صرف جدید ترین ہے بلکہ اس کے ٹائروں میں وائی فائی ہاٹ سپاٹ بھی موجود ہیں۔ نیٹ ورکنگ اہم حصہ بنتی جا رہی ہے۔
تصویر: GM Corp
اب تک معلومات خفیہ
فرینکفرٹ کے اس کار میلے میں فولکس ویگن کمپنی اپنے ٹیگوان ماڈل کی دوسری جنریشن متعارف کروانے جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ ابھی تک تمام تر معلومات خفیہ رکھی گئیں ہیں۔ مزید معلومات کے لیے اس ماڈل کے باقاعدہ افتتاح کا انتظار کرنا ہو گا۔
تصویر: Volkswagen
لمبی سیر کے لیے
ان دو کاروں میں پوری ایک جنریشن کا فرق ہے۔ پیچھے والی کار مرسڈیز بینز ڈبلیو ٹرپل ون ہے جبکہ سامنے والی ایس کلاس کی لگثری ترین ٹاپ لیس کار ہے۔ اسے گزشتہ چوالیس برسوں کی آرام دہ ترین کار سمجھا جا رہا ہے۔
تصویر: Daimler AG
یو کے اوپن
اگر رولس روئس کی بات کی جائے تو برطانیہ کی یہ کار بھی بغیر چھت کے سامنے آ رہی ہے۔ اس کار کو امراء کی کار بھی کہا جاتا ہے جبکہ اس نئے ماڈل کا نام ’ڈان‘ رکھا گیا ہے۔ اس میں 630 ہارس پاور کا انجن لگایا گیا ہے۔
تصویر: Rolls Royce
بی ایم ڈبلیو کی سیون سیریز
جرمن کار ساز ادارہ بی ایم ڈبلیو فرینکفرٹ میں اپنی سیون سیریز ماڈل کی کار پیش کرنے جا رہا ہے۔ یہ ادارہ اس انتہائی آرام دہ کار میں جدید ترین ٹیکنالوجی کا حامل آپریٹنگ سسٹم متعارف کروانے جا رہا ہے۔ گاڑی انسانی چہرے کے تاثرات کو بھی سمجھے گی۔
تصویر: BMW
ایس یو وی کی مانگ
شکل و صورت کیسی بھی ہو، ایس یو وی کاروں کی فروخت میں اضافہ ہو رہا ہے اور ہر کار ساز ادارہ اس سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ فرینکفرٹ کار میلے میں جگوار کپمنی بھی اپنی ایس یو وی کار پیش کرنے جا رہی ہے لیکن جو اسے خریدنا چاہتا ہے، اسے آئندہ موسم گرما تک کا انتظار کرنا ہو گا۔
تصویر: Jaguar
جی، بینٹلے بھی
کار ساز ادارہ بینٹلے بھی دوڑ میں شریک ہے۔ اس کپمنی کی ایس یو وی کاریں سب سے آگے ہیں۔ اس ادارے کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ان کے کسٹمرز اوسطاﹰ چھ کاریں رکھتے ہیں اور ان میں سے دو ایس یو وی ہوتی ہیں اور وہ بھی زیادہ تر انہی کی کمپنی کی۔ اس دو ٹن وزنی کار میں چھ سو ہارس پاور کا انجن ہے۔
تصویر: Bentley
سرخ گیولیا
یہ کار اپنے سرخ رنگ کی وجہ سے پہلے ہی لیجنڈز میں شامل ہوتی ہے۔ ادارہ الفا رومیو اپنی کار گیولیا کے ساتھ بی ایم ڈبلیو تھری سیریز کا مقابلہ کرنا چاہتا ہے۔ 510 ہارس پاور کی یہ کار تقریباﹰ چار سیکنڈز میں 100 کی سپیڈ تک پہنچ جاتی ہے۔
تصویر: Alfa Romeo
ایک نئی کلاسک
سن 1963ء تک جرمن شہر بریمن میں بورگ وارڈ نامی کار ساز کمپنی تھی، جو اب شاید کسی کو بھی یاد نہیں۔ اس کا سب سے مشہور ماڈل ایزا بیلا تھا، جسے اب دوبارہ پیش کیا جا رہا ہے۔ یہ ادارہ ایس یو وی کار بھی پیش کرنے جا رہا ہے، جس کی تیاری چین میں ہو گی۔