1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کامن ویلتھ گیمز، خالی سٹیڈیمز منتطمین کے لئے پریشانی

6 اکتوبر 2010

نئی دہلی میں جاری کامن ویلتھ گیمز کے منتظمین نے کہا ہے کہ جیسے ہی بھارتی اورآسٹریلوی ایتھلیٹس کامیابیاں سمیٹنا شروع کریں گے تو خالی سٹیڈیمز تماشائیوں سے بھر جائیں گے۔

اتھلیٹس سوئمنگ مقابلوں کی تیاری کے دورانتصویر: UNI

ان کھیلوں کے دوسرے دن کم تماشائیوں کی تعداد منتظمین کے لئے ایک اہم مسئلہ بن گئی ہے۔ بھارت میں دولت مشترکہ کھیلوں کے سربراہ سریش کلمادی کے مطابق تماشائیوں کی کم تعداد کی وجہ سٹیڈیمز کے باہر ٹکٹ بوتھز کا قائم نہ ہونا تھا۔ کھیلوں کے دوسرے دن کے اختتام پر نئی دہلی میں منعقد کی گئی ایک نیوز کانفرنس میں کلمادی نے کہا کہ سٹیڈیمز کے باہر ٹکٹ بوتھز لگانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے تاکہ اس وجہ سے شائقین کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

دوسری طرف کامن ویلتھ گیمز فیڈریشن کے سربراہ مائیکل فینل نے کہا ہے کہ ابتدائی دنوں میں مشکلات ہونا ناگزیر ہیں،’اگر بہترین منتظمین بھی ہوں، تو بھی بڑے ایونٹس کے دوران ایسے مسائل ہوتے ہی ہیں۔‘ انہوں نے کہا کہ اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ ان مسائل سے آنکھیں چرا رہے ہیں بلکہ وہ ان مسائل کے حل کے لئے فوری اقدامات کر رہے ہیں۔

ابھنیو بندرا اور گگن نارنگ کی جوڑیتصویر: AP

سخت سکیورٹی کے انتطامات تلے بھارت میں جاری دولت مشترکہ کھیل ممکنہ دہشت گردی، بدعنوانی، تعمیراتی کاموں میں تاخیر اور ڈینگی وائرس کی وجہ سے پہلے ہی پریشانیوں کا شکار تھے کہ اب یہ نیا مسئلہ آن پہنچا ہے۔

دریں اثناء ان کھیلوں کے دوسرے دن کے اختتام پر میڈل ٹیبل پرآسٹریلیا کے کھلاڑی پہلی جبکہ بھارتی اتھلیٹس دوسری جگہ سنبھالے ہوئے ہیں۔ پہلے دن کے اختتام پر آسٹریلیا نے مجموعی طور پر 23 میڈل حاصل کئے ہیں، جن میں سے نو سونے کے ہیں جبکہ اتنے ہی چاندی کے اور پانچ کانسی کے میڈل شامل ہیں۔ بھارت نے اب تک پانچ سونے کے، چار چاندی کے اور دو کانسی کے میڈل اپنے نام کئے ہیں۔ انگلش کھلاڑیوں کا دستہ مجموعی طور پر بارہ میڈل جیت چکا ہے، جس میں دو سونے کے جبکہ چھ چاندی اور چار کانسی کے شامل ہیں۔

بھارت کی طرف سے پہلا گولڈ میڈل دس میٹر ایئر رائفل کی کیٹیگری میں ابھنیو بندرا اور گگن نارنگ کی جوڑی نے جیتا۔ جس کے بعد انیسہ سید اور راہی سرنوبت کی جوڑی نے پچیس میٹر پِسٹل کا مقابلہ اپنے نام کیا۔

آسٹریلوی سائیکلسٹ آنا میرستصویر: AP

ہاکی مقابلوں میں پاکستان نے اپنا پہلا میچ سکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلا ، جو اس نے ایک آسان مقابلے کے بعد تین صفر سے جیت لیا۔ پاکستان اب اپنا آئندہ میچ بدھ کو ملائیشیا کے خلاف کھیلے گا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں
ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں