1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کراچی میں تشدد کی تازہ لہر، دس افراد ہلاک

1 فروری 2012

کراچی میں ایک مرتبہ پھر پر تشدد کارروائیوں کی لہر دیکھی گئی ہے۔ تازہ ترین واقعات میں کم از کم دس افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

تصویر: dapd

پاکستان کے جنوب میں واقع بندرگاہی شہر کراچی میں فرقہ وارانہ اور نسلی نوعیت کی پر تشدد کارروائیوں میں کم از کم دس افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔ پاکستانی پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں صوبہ بلوچستان کے ایک رکن صوبائی اسمبلی کی اہیلہ اور ان کی نوعمر بیٹی بھی شامل ہیں۔

پولیس افسر رحیم اللہ کے مطابق مذکورہ افراد رات گئے ایک شادی کی تقریب سے گھر لوٹ رہے تھے جب دو موٹر سائکل سواروں نے ان پر فائرنگ کی۔ فائرنگ سے رکن صوبائی اسمبلی کا ڈرائیور بھی ہلاک ہوا۔

صوبہ سندھ کی وزارت داخلہ کے اہلکار شریف الدین میمن نے بھی تصدیق کی ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کراچی میں ہونے والی ٹارگٹ کلنگ میں کم از کم دس افراد ہلاک ہوئے۔ ان کا کہنا تھا، ’’ان میں چند افراد فرقہ وارانہ بنیادوں پر نشانہ بنائے گئے ہیں۔‘‘

محتلف سیاسی جماعتیں ٹارگٹ کلنگز کی ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈالتی ہیںتصویر: picture alliance / dpa

ایک اور حکومتی اہلکار کے مطابق کراچی میں ایک ہفتے کے دوران کم از کم پچیس افراد مارے گئے ہیں، جن میں زیادہ اموات فرقہ وارانہ نوعیت کی تھیں۔

ایک افسر کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں تین وکلاء اور دو ڈاکٹر بھی ہیں، جن کو ان کے ایک خاص فرقے سے تعلق رکھنے کی بنا پر مارا گیا ہے۔

پاکستان کے غیر سرکاری انسانی حقوق کے کمیشن کی چیئرپرسن زہرہ یوسف کا کہنا ہے کہ ان کا ادارہ شواہد اکھٹے کر رہا ہے، تاہم ان کی اطلاعات کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران پاکستان کی معیشت کی شہ رگ سمجھے جانے والے شہر کراچی میں پینتیس سے چالیس افراد کو موت کے گھاٹ اتارا گیا ہے۔

پاکستان کی انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق گزشتہ برس پر تشدد واقعات اور ٹارگٹ کلنگز میں ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے، جن میں صرف اکتوبر کے ایک ہفتے میں سو افراد کو جان سے ہاتھ دھونے پڑے تھے۔

محتلف سیاسی جماعتیں ٹارگٹ کلنگز کی ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈالتی ہیں۔

رپورٹ: شامل شمس ⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: عدنان اسحاق

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں