کرسمس کی خصوصی دعائيہ تقريب ميں مہاجرين کی مدد پر زور
عاصم سلیم
25 دسمبر 2017
پاپائے روم فرانسس کيتھولک مسيحيوں کے مذہبی تہوار کرسمس کے موقع پر اپنا روايتی خطاب کرنے والے ہيں۔ گزشتہ رات انہوں نے اپنے خطاب ميں ايک مرتبہ پھر پناہ گزينوں کی حالت زار پر بات کی اور ان کے ليے کچھ کيے جانے پر زور ديا۔
اشتہار
پوپ فرانسس نے اپنے خطاب ميں بی بی مريم اور حضرت يوسف کے بيت اللحم سے نکلنے کے موجودہ وقت ميں پناہ گزينوں کی ہجرت سے موازنہ کيا۔ سينٹ پيٹرز براسيلاکا ميں اتوار چوبيس دسمبر کی رات اپنے خطاب ميں پوپ فرانسس نے دنيا بھر کے 1.3 بلين کيتھولک مسيحيوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ انہيں مہاجرين کو نظر انداز نہيں کرنا چاہيے، جنہيں ’اپنے رہنماؤں کی خون بہانے پر رضامندی کی وجہ سے ان کے گھروں سے نقل مکانی کرنی پڑی۔ انہوں نے کہا، ’’بی بی مريم اور حضرت يوسف کے قدموں کے نشانات ميں کئی ملين افراد کے قدموں کے نشانات چھپے ہيں۔‘‘
اکياسی سالہ پاپائے روم فرانسس جن کے والدين بھی اطالوی مہاجرين ہی تھے، مہاجرين کے ليے اکثر اپنی آواز بلند کرتے آئے ہيں۔ کرسمس کے موقع پر انہوں نے بالخصوص سياسی رہنماؤں پر تنقيد کی۔ انہوں نے کہا، ’’رہنما طاقت کی ہوس اور اپنی دولت بڑھانے کے ليے خون بہانے ميں ذرا نہيں کتراتے۔‘‘
پوپ فرانسس نے امن اور اميد کی يہ پکار ايک ايسے وقت دی ہے، جب امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے يروشلم کو اسرائيلی دارالحکومت تسليم کيے جانے کے رد عمل ميں مشرق وسطی بدامنی کی ايک تازہ لہر کی لپيٹ ميں ہے۔ ٹرمپ کے اعلان کے بعد گوٹيمالا کے صدر نے بھی اعلان کر ديا ہے کہ وہ يروشلم کو اسرائيلی دارالحکومت مانتے ہوئے سفارت خانہ تل ابيب سے وہاں منتقل کر ديں گے۔ ٹرمپ کی جانب سے چھ دسمبر کو سامنے آنے والا يہ فيصلہ دنيا بھر ميں احتجاجی مظاہروں کا سبب بنا جو اب بھی جاری ہيں۔ فسادات کی لہر بيت اللحم ميں بھی جاری رہی جہاں گزشتہ رات کيتھولک مسيحيوں نے حضرت عيسی کا يوم پيدائش منايا۔
یورپ کی خوبصورت ترین کرسمس مارکیٹیں
یورپ بھر میں رنگ برنگے اسٹالز پر مشتمل کرسمس مارکیٹوں کو عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ یورپ کی خوبصورت ترین کرسمس مارکیٹوں کا تصویری سفر کیجیے۔
تصویر: Stadt Nürnberg/B. Fuder
کولون، جرمنی
کولون کے مشہور زمانہ کیتھیڈرل کے سامنے لگنے والی اس کرسمس مارکیٹ میں ہر سال کم از کم چالیس لاکھ افراد شرکت کرتے ہیں۔ اس کا شمار جرمنی کی پسندیدہ ترین کرسمس مارکیٹوں میں ہوتا ہے۔ خریداری اور کھانے پینے کے اسٹالز کے علاوہ ایک سو سے زائد اسٹیج تقریبات کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔
تصویر: imago
کراکوف، پولینڈ
یہ کرسمس مارکیٹ پولستانی شہر کراکوف کے پرانے حصے (اولڈ سٹی) میں لگائی جاتی ہے۔ اگر کسی کا دل وہاں کے رومانوی ماحول سے گرم نہیں ہوتا تو وہ پولش ووڈکا سے مدد لیتا ہے۔ اس مارکیٹ میں کرسمس کی کہانی 1937ء سے چھوٹے چھوٹے مجسموں کے ذریعے بیان کی جاتی ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/J. Dabrowski
ویانا، آسٹریا
یہ کرسمس مارکیٹ ویانا کے تاریخی کلیسا کے ارد گرد سجتی ہے۔ چھیالیس میٹر طویل اسٹیج پر کرسمس کہانی مجسموں اور لکڑی کے بنے چھوٹے چھوٹے گھروں کے ذریعے بیان کی جاتی ہے۔ یہاں دستکاری کے اعلیٰ نمونے دیکھنے کو ملتے ہیں۔
تصویر: picture-alliance/dpa
بازل، سوئٹزرلینڈ
بازل کی کرسمس مارکیٹ سوئٹزرلینڈ کی سب سے بڑی کرسمس مارکیٹ ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ روشنیوں کی مدد سے سجائی جانے والی یورپ کی طویل ترین سڑک بھی اسی مارکیٹ کا حصہ بنتی ہے۔
تصویر: Basel Tourismus
سٹراسبرگ، فرانس
رواں برس اس یورپی شہر کی کرسمس مارکیٹ 446 ویں مرتبہ سجائی گئی ہے۔ اسے فرانس کی قدیم ترین کرسمس مارکیٹ قرار دیا جاتا ہے۔ سٹراسبرگ کے تاریخی گرجا گھر کے اردگرد لکڑی سے بنے اسٹالز لگائے جاتے ہیں لیکن بھیڑ کی وجہ سے یہ اسٹال شہر کے دیگر حصوں تک پھیل جاتے ہیں۔
تصویر: Sebastan Hengy
بروگے، بلیجیم
جب بروگے کو کرسمس کی روشنیوں سے سجایا جاتا ہے تو ایسے لگتا ہے جیسے آپ قرون وسطیٰ میں واپس چلے گئے ہوں۔ کرسمس مارکیٹ کے ارد گرد پرانی طرز کی بگھیاں کھڑی ہوتی ہیں، جن میں بیٹھ کر شہر کی سیر کی جا سکتی ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/F.P.Tschauner
میڈرڈ، اسپین
میڈرڈ کی کرسمس مارکیٹ ’پلازہ میئر‘ کے مقام پر سجتی ہے اور یورپ کی دیگر مارکیٹوں کے برعکس یہ چھ جنوری کو اپنے جوبن پر ہوتی ہے۔ ہر سال ہزاروں سیاح یہ عوامی تہوار دیکھنے کے لیے آتے ہیں اور اس موقع پر ہونے والی پریڈ ٹیلی وژن پر لائیو دکھائی جاتی ہے۔
تصویر: picture-alliance/dpa/H.C. Hidalgo
لندن، برطانیہ
کہا جاتا ہے کہ جرمن کرسمس مارکیٹ کی نقل دیکھنی ہو تو لندن کی کرسمس مارکیٹ کو دیکھا جائے اور لندن کے ہائیڈ پارک میں ’وِنٹر وَنڈر لینڈ‘ اس کا بہترین ثبوت ہے۔ اس مارکیٹ میں وہ تمام لوازمات موجود ہوتے ہیں، جو جرمنی میں کرسمس مارکیٹوں کا حصہ ہیں۔
تصویر: picture-alliance/dpa/Kerimokten
گوتھن برگ، سویڈن
گوتھن برگ کی مارکیٹ سویڈن کی سب سے بڑی کرسمس مارکیٹ ہے اور اسے ’جادوئی‘ بھی سمجھا جاتا ہے۔ اس کرسمس مارکیٹ کو سجانے کے لیے پچاس لاکھ روشنیوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔
تصویر: Gören Assner
نیورمبرگ، جرمنی
نیورمبرگ کی کرسمس مارکیٹ کا شمار دنیا کی قدیم ترین کرسمس مارکیٹوں میں ہوتا ہے۔ تاریخی شواہد کے مطابق یہ مارکیٹ چار صدیوں سے بھی زائد عرصہ قبل 1610ء میں بھی لگائی جاتی تھی۔