کرغزستان میں قیدیوں کی بھوک ہڑتال، سینکڑوں نے ہونٹ سی لیے
28 جنوری 2012خبر رساں ادارے روئٹرز نے بشکیک حکومت کے ذرائع سے بتایا ہے کہ جیلوں میں بھوک ہڑتال کا یہ سلسلہ اس وقت شروع ہوا، جب خصوصی سکیورٹی فورسز نے دارالحکومت کی سینٹرل جیل کے اندر چھاپہ مار کر گینگسٹرز کے خلاف کارروائی کی۔
پولیس کے بقول بشکیک کی سینٹرل جیل میں مخلتف گینگسٹرز کی غیر قانونی کارروائیوں کی اطلاع کے بعد خصوصی یونٹ نے وہاں چھاپہ مارا تھا۔ جیل ذرائع کے مطابق اس چھاپے کے دوران قیدیوں نے اپنے موبائل فون توڑ دیے اور خود کو دانستہ طور پر زخمی کر لیا۔
بتایا گیا ہے کہ اس واقعے کے بعد ملک بھر کی مختلف جیلوں میں کم ازکم ساڑھے سات ہزار قیدی بھوک ہڑتال پر چلے گئے جبکہ ایک ہزار 175 قیدیوں نے احتجاج کرتے ہوئے اپنے ہونٹ سی لیے ہیں۔ روئٹرز نے بتایا ہے کہ ان قیدیوں نے موبائل فون کے ذریعے ملک بھر کی جیلوں میں بھوک ہڑتال کرنے کی کال دی، جس پر انہیں مثبت جواب دیا گیا۔ قیدیوں نے یہ موبائل فون غیر قانونی طور پر جیل میں درآمد کیے تھے۔
بھوک ہڑتال کرنے والے قیدیوں کا مطالبہ ہے کہ بشکیک جیل کے اعلیٰ حکام مستعفی ہو جائیں۔ دارالحکومت بشکیک میں اعلیٰ خاتون حکومتی اہلکار Eleonora Sharshenaliyeva نے جمعے کو تصدیق کی ہے کہ مجموعی طور پر چھ ہزار چار سو قیدی بھوک ہڑتال پر ہیں جبکہ ایک ہزار سے زائد نے اپنے ہونٹوں کو سی لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان میں سے دو سو قیدیوں نے بعد ازاں طبی مدد طلب کی تاکہ ان کے ہونٹوں پر لگائے جانے والے ٹانکوں کو کھول دیا جائے۔
وسطی ایشیا کی سابق سوویت ریپبلک ریاستوں میں جیلوں میں قید گینگسٹرز کے مابین اکثر جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہوتی ہیں۔ گزشتہ برس جولائی میں کرغزستان کی ہمسایہ ریاست قزاقستان کی پولیس نے ایک جیل میں ہونے والی بغاوت کو کچل دیا تھا، جس کے نتیجے میں چھ قیدی مارے گئے تھے۔ کرغزستان میں 2005ء میں بھی ایک سینڑل جیل میں قیدیوں کے مابین لڑائی کے نتیجے میں متعدد قیدی ہلاک ہو گئے تھے۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: شامل شمس