کرغستان میں عبوری حکومت قائم
8 اپریل 2010سابق سوویت جمہوریہ اور وسطی ایشیائی ملک کرغزستان کا سیاسی بحران انتہائی نازک مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ اپوزیشن کی جانب سے یہ اعلان سامنے آیا ہے کہ اس نے حکومت کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ اپوزیشن کی طرف سے صدر سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
کرغستان کے صدر کُرمان بیک باکییو نے ایک تازہ بیان میں کہا ہے کہ اس کے باوجود کہ انہیں ملکی دارالحکومت سے نکلنا پڑا ہے وہ اپنے عہدہ صدارت سے استعفیٰ نہیں دیں گے۔
اپوزیشن رہنما روزا اوتُن بایے وا نے کرغستان کی پارلیمنٹ تحلیل اور عبوری حکومت قائم کرتے ہوئے یہ اعلان کیا ہے کہ وہ ملک کی قائم مقام سربراہ ہیں۔ اوتُن بایے وا کے مطابق عبوری حکومت آئندہ چھ ماہ تک کام کرے گی، جس کے بعد ملک میں نئے انتخابات کرائے جائیں گے۔ اوتن بایے وا کرغستان کی سابق وزیر خارجہ بھی رہ چکی ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے اپنی حکومت کی ترجیحات بتائیں، "ملکی سیکیورٹی ادارے اور وزارت داخلہ اس وقت ایک نئی قیادت کے زیر انتظام ہیں۔ یہ فیصلہ اس لئے ضروری تھا کیونکہ ملک میں سلامتی اور امن کی کی بحالی ہماری اولین ترجیحات ہیں۔"
تاہم اوتُن بایے وا نے خبردار کیا ہے کہ صورتحال مزید خراب بھی ہوسکتی ہے، "ملکی صورتحال مزید خراب ہونے کا امکان ہے۔ صدر ملک کے جنوبی حصے میں ہیں۔ لہذا اس حصے میں مزاحمت جاری رہے گی۔ ہم فوج سے اپیل کرتے ہیں کہ تشدد نہ کرے جبکہ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ مزید ہنگامہ آرائی نہ کرے۔"
کرغستان میں غربت، قیمتوں میں اضافے اور بڑھتی ہوئی بدعنوانی کے خلاف مارچ کے ابتدا سے ہی عوامی احتجاج جاری تھا۔ تاہم بدھ کے روز یہ احتجاج پرتشدد کارروائیوں میں تبدیل ہوگیا۔ مظاہرین نے جلاؤ گھیراؤ کے علاوہ پتھراؤ کیا جبکہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے آنسو گیس کے استعمال کے علاوہ فائرنگ کی گئی۔
اپوزیشن کی طرف سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 100 افراد ہلاک جبکہ ایک ہزار سے زائد زخمی ہیں۔ تاہم بشکیک کی ہیلتھ منسٹری نے ان پرتشدد واقعات میں 75 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں ملک کے وزیر داخلہ بھی شامل ہیں۔
روسی وزیراعظم ولادیمیر پوٹن نے عبوری حکومت کی سربراہ کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے جبکہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے اپنا خصوصی مندوب کرغستان روانہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
رپورٹ : افسر اعوان
ادارت : عدنان اسحاق