1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرنٹ بطور نصیحت

عدنان اسحاق3 نومبر 2014

بری عادت سے چھٹکارا پانا کوئی آسان کام نہیں ہے۔ اب ایک امریکی ادارہ کلائی پر باندھنے والا ایک ایسا آلہ بنانے میں کامیاب ہو گیا ہے، جو لوگوں کو ان کی بری عادات سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

Symbolbild Armbanduhr
تصویر: Minerva Studio/Fotolia

امریکی ادارے کی جانب سے تیار کیے گئے اس بینڈ میں بجلی موجود ہے اور جیسے ہی اسے باندھنے والا کوئی شخص اپنے پرانے راستے پر چلنے کی کوشش کرے گا تو اسے ایک کرنٹ لگے گا۔ یعنی یہاں کرنٹ نصیحت کا کام سر انجام دے رہا ہے۔ کلائی پر باندھنے والا یہ بینڈ بوسٹن کمپنی نے تیار کیا ہے اور اسے پیولوک ’Pavlok ‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس میں ایک بلیو ٹوتھ ریڈیو بھی ہے، جس کا رابطہ اسمارٹ فون کے ایک ایپ سے ہے۔

اس سلسلے میں صارف کو پہلے اس ایپ کے ذریعے یہ بتانا ہو گا کہ وہ کون کون سے کام اور کس وقت انجام دینا چاہتا ہے۔ مثال کے طور پر اگر صارف وقت پر آفس یا جم نہیں پہنچتا تو یہ ایپ اسے یاد دہانی کرائے گا۔ پیولوک بنانے والی کمپنی کا دعوی ہے کہ یہ ایک ایسی ایجاد ہے، جو رویوں کو تبدیل کر سکتی ہے۔

اس کے لیے اسے بینڈ کو استعمال کرنے والے شخص کو پہلے اپنی اُس عادت کا انتخاب کرنا ہو گا، جس سے وہ چھٹکارا حاصل کرنا چاہتا ہے۔ اس کے علاوہ اُسے اپنے لیے سزا کا انتخاب بھی خود کرنا ہے۔ یعنی اسے تین سو وولٹس تک کا کرنٹ بھی لگ سکتا ہے، یا وقت پڑنے پر اسے وائبریشن کے ذریعے بھی خبردار کیا جا سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق ہر انسان اپنی زندگی کا چالیس فیصد وقت اپنی عادتوں کو پورا کرنے میں گزار دیتا ہے۔ ان میں بہت سی ایسی عادات بھی ہوتی ہیں، جو صرف وقت اور توانائی کا ضیاع ہوتی ہیں۔ ماہرین کہتے ہیں کہ اپنی بری عادتوں کو تبدیل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ان کی جگہ صحت مند اور مثبت رویے اپنائے جائیں۔

یہ آلہ خاص طور پر ان افراد کے لیے ایجاد کیا گیا ہے، جو معاملات کو ٹالنے یا دیر کرنےکے علاوہ سست اور کاہل ہوتے ہیں۔ مثال کے طور پر پیولوک کے صارف نے ایپ کے ذریعے یہ بتایا ہے کہ وہ صبح آٹھ بجے اٹھے گا اور آلارم بجنے پر وہ سوتا رہا یا اس نے آلارم بند کر دیا۔ تو ایسی صورتحال میں پیولوک متحرک ہو جائے گا اور صارف کو سزا کے طور پر ایک کرنٹ لگے گا تاکہ وہ فوراً بستر چھوڑ کر اپنے کام کرے۔ اسی طرح اسی وقت پر فٹنس اسٹوڈیو پہنچنے یا امتحانوں کی تیاری کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

یہ بینڈ اگلے برس اپریل سے مارکیٹ میں دستیاب ہو گا اور کمپنی نے بتایا ہے کہ انہیں ابھی سے ایک ہزار پیولوک کے آرڈرز مل گئے ہیں۔

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں