1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرپشن اور خون خرابے پر قابو پانا ہوگا، کرزئی کا خصوصی خطاب

22 جون 2012

افغانستان کے صدر حامد کرزئی نے ملکی پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے اپنے خصوصی خطاب میں کہا ہے کہ ملک کے اندر بد امنی کے واقعات اور انتہا کی حد کو چھوتی ہوئی بدعنوانی پر قابو پانا ناگزیر ہے۔

Hamid Karzai Präsident Kabul Ansprache Parlament
تصویر: AP

صدر کرزئی نے گزشتہ روز دارالحکومت کابل میں پارلیمان کے مشترکہ خصوصی اجلاس سے خطاب کیا۔ پارلیمان سے ان کے اس خطاب کو 2014ء میں غیر ملکی افواج کے انخلاء کے بعد سلامتی اور سیاسی صورتحال کے تناظر میں اہمیت دی جا رہی ہے۔ بعض تجزیہ کاروں کے مطابق صدر کرزئی جولائی کی ٹوکیو ڈونر کانفرنس سے قبل اپنی حکومت پر امدادی ممالک کا اعتماد بحال کرنا چاہتے ہیں، جس پر بدعنوانی سے متعلق سنگین الزامات سامنے آ رہے ہیں۔

صدر کرزئی نے بدعنوانی کے خاتمے میں اراکین پارلیمان سے مدد طلب کی۔ انہوں نے کہا کہ قوم پرستی اور اقربا پروری حکومتی نظام کی ناکامی کا سبب بن رہے ہیں۔ انہوں نے سرکاری زمینوں پر قبضوں اور با اثر افراد کو ملنے والے استثنا کا بھی ذکر کیا۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کرزئی حکومت نے گزشتہ دس برسوں کے دوران بدعنوانی کے کسی ایک بھی بڑے معاملے میں کسی کو بے نقاب نہیں کیا، اگرچہ افغانستان کو بدعنوانی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شمار کیا جاتا ہے۔

افغانستان گزشتہ قریب چار دہائیوں سے بدامنی کی لپیٹ میں ہےتصویر: picture-alliance/dpa

کئی دیگر سابق جنگی سرداروں کے ساتھ ساتھ خود کرزئی خاندان پر بھی بدعنوانی میں ملوث ہونے کے الزامات لگ رہے ہیں۔ صدر کرزئی نے انسداد بدعنوانی کا عزم ظاہر کرتے ہوئے واشنگٹن حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ افغانستان کے مرکزی بینک کے سابق گورنر عبد القادر فطرت کو کابل کے حوالے کرے۔ عبد القادر نے 2010ء میں کابل بینک اسکینڈل کے موقع پر واشنگٹن جا کر استعفے کا اعلان کر دیا تھا۔ صدر کرزئی کے بقول فطرت نے انہیں مرکزی بینک کے امور سے متعلق اندھیرے میں رکھا جبکہ فطرت کا مؤقف ہے کہ انہیں لاکھوں ڈالر کے اسکینڈل کی بات عام کرنے کی سزا دی جا رہی ہے۔ افغانستان کے مرکزی بینک کے مطابق ملکی معیشت کی بحالی کے لیے ہر سال چھ تا سات ارب ڈالر کی امداد درکار ہو گی۔

سلامتی کی صورتحال سے متعلق کرزئی کا کہنا تھا کہ ہر روز 20 تا 25 نوجوان افغان سکیورٹی اہلکار ملک کے مستقبل کی خاطر جان کی قربانی دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کو بیرونی امداد سے یا اس کے بغیر ہر حالت میں اپنی سکیورٹی فورسز تشکیل دینا ہوں گی۔ انہوں نے ملک کے اندر نجی ملیشیاؤں اور اسلحے کی نمائش پر بھی تنقید کی۔

افغان امور کے ماہر عبد الوحید وفا کے بقول صدر کرزئی نے اپنے خطاب کے ذریعے عوام کو مزید خون خرابے کے خطرے سے ہوشیار کیا ہے۔ اپنی حکومت کی کارکردگی بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مغربی دُنیا کے ساتھ ساتھ ایران، پاکستان، چین اور روس کے ساتھ بھی تعلقات میں نمایاں بہتری لائی گئی ہے۔

(sks/ aa (Reuters, AFP

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی ٹاپ اسٹوری

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں