کرکٹ بورڈ کے سربراہ مستعفی ہو جائیں، بھارتی سپریم کورٹ کا مطالبہ
25 مارچ 2014سپریم کورٹ کے اس مطالبے کا مقصد اس چھان بین کی غیر جانبدارانہ تکمیل کو ممکن بنانا ہے جو ملکی کرکٹ میں غیر قانونی سٹے بازی کے خلاف کی جا رہی ہے۔ نئی دہلی سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق سپریم کورٹ کے دو ججوں پر مشتمل بینچ نے یہ بھی کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر این سری نیواسن کا اپنے عہدے سے دستبردار ہونے سے اب تک کا انکار بدمزگی کی وجہ بنا ہوا ہے۔
نیوز ایجنسی اے ایف پی نے لکھا ہے کہ BCCI کے صدر این سری نیواسن کو کرکٹ کی دنیا کی سب سے طاقتور شخصیت سمجھا جاتا ہے۔ دو رکنی پینل نے آج عدالتی کارروائی کے دوران یہ بھی کہا کہ اگر ملکی کرکٹ بورڈ کے موجودہ صدر اپنے عہدے سے رضاکارانہ طور پر دستبردار نہ ہوئے تو ان کی اس عہدے سے علیحدگی کا باقاعدہ عدالتی حکم بھی جاری کیا جا سکتا ہے۔
اس بینچ کے رکن جسٹس اے کے پٹنائک نے عدالتی کارروائی کے دوران کہا، ’’جب تک بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا کے صدر اپنے عہدے سے علیحدگی اختیار نہیں کرتے، کوئی شفاف چھان بین ممکن ہی نہیں ہے۔ یہ ایک ایسی صورت حال ہے کہ انسان کو متلی ہونے لگتی ہے۔‘‘ جسٹس پٹنائک نے این سری نیواسن کے بارے میں کہا، ’’اگر آپ اپنے عہدے سے دستبردار نہ ہوئے، تو پھر عدالت باقاعدہ حکم جاری کر دے گی۔‘‘
عدالت کے مطابق این سری نیواسن بی سی سی آئی کے صدر کے طور پر مسلسل اس چھان بین کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں جس میں ان کا داماد بھی ملوث ہے۔ بھارتی سپریم کورٹ کا یہ بینچ اس وقت ایک ایسی رپورٹ کا جائزہ لے رہا ہے، جس کی تیاری کا حکم اس نے گزشتہ برس دیا تھا۔ یہ رپورٹ بھارتی کرکٹ ٹورنامنٹ انڈین پریمیئر لیگ IPL کے بارے میں ہے۔
اس تحقیقاتی رپورٹ کی تیاری کا حکم غیر قانونی طور پر شرطیں لگانے اور اسپاٹ فکسنگ کے اس اسکینڈل کے سامنے آنے کے بعد دیا گیا تھا، جس نے بھارت میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے اس ٹورنامنٹ کی بنیادیں ہلا کر رکھ دی تھیں۔
اس بارے میں گزشتہ ماہ فروری میں جاری کی گئی تحقیقاتی رپورٹ میں یہ نتیجہ اخذ کیا گیا تھا کہ بی سی سی آئی کے صدر این سری نیواسن کے داماد گروناتھ مائی یپّن آئی پی ایل میں وسیع پیمانے پر غیر قانونی سٹے بازی میں ملوث ہو سکتے ہیں۔
یہ پیش رفت سری نیواسن کے لیے اس لیے بہت بڑا دھچکا ہے کہ وہ اس سال جولائی میں بین الاقوامی کرکٹ کونسل آئی سی سی کے صدر کے طور پر اپنی ذمے داریاں سنبھالنے والے ہیں۔