کرکٹ ورلڈ کپ: بھارت نے جنوبی افریقہ کو ہرا دیا
22 فروری 2015آسٹریلیا کے شہر میلبورن کے وسیع و عریض اسٹیڈیم میں بھارتی کرکٹ ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ بھارتی ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلے کیا۔ بھارتی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں سات کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے پر 307 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ اِس میں اوپنر شیکھر دَھوّن کے شاندار سینچری بھی شامل ہے۔ دَھوّن نے 137 رنز بنائے۔ دَھوّن کے علاوہ ریحانے بھی 79 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ پاکستان کے خلاف سینچری بنانے والے ویراٹ کوہلی 46 رنز بنا پائے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے سب سے کامیاب تیز بالر ڈیل اسٹین رہے، جو دو وکٹیں حاصل کر سکے۔
جنوبی افریقی ٹیم کا ٹارگٹ کی جانب آغاز قطعاً اچھا نہیں تھا۔ وکٹ کیپر بیٹسمین کوک جلدی آؤٹ ہو گئے۔ ہاشم املا بھی صرف 22 رنز بنا سکے۔ اے بی ڈیویلیئر اور ڈیوڈ ملر نے اننگز سنبھالنے کی کوشش کی لیکن تیز رفتاری سے رنز بنانے کی کوشش میں دونوں رن آؤٹ ہو گئے۔ ڈی ویلیئر 30 اور مِلر 22 رنز بنا سکے۔ فاف پلیسِس نصف سینچری بنانے میں کامیاب رہے۔ وہ اپنی ٹیم میں سب سے زیادہ اسکور کرنے والے تھے۔ پلیسِس نے 55 رنز بنائے۔ جنوبی افریقی ٹیم کے کھلاڑی بھارتی اسپنرز کے سامنے بے بس ہو گئے۔ ایشوِن نے چار اور جڈیجا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ٹارگٹ کے حصول میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 177 کے اسکور پر آؤٹ ہو گئی۔ بھارتی ٹیم نے یہ میچ 130 رنز سے جیتا۔
نیوزی لینڈ کے شہر ڈونیڈن میں سری لنکا کی ٹیم کو افغانستان کے خلاف میچ جیتنے میں محنت کرنا پڑی۔ سری لنکن ٹیم کے کپتان میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ افغانستان کی ٹیم پچاسویں اوور میں 232 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اِس اسکور میں مڈل آرڈر بیٹسمین سمیع اللہ شنواری کے 38 اور اصغر اسٹانکزئی کے 54 رنز شامل ہیں۔ افغان ٹیم کے مجموعی اسکور میں اصغر اسٹانکزئی نے سب سے زیادہ رنز بنائے۔ سری لنکن بالر ملنگا نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور اپنی ٹیم کے سب سے کامیاب بالر رہے۔
سری لنکن ٹیم کا ٹارگٹ حاصل کرنے کا عمل قطعاً شاندار نہیں تھا۔ ابتدائی چار کھلاڑی صرف 51 کے اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔ اوپنر تھریمانے کو اننگز کی پہلی گیند پر دولت زدران نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا اور وہ ابھی کوئی رنز نہیں بن پائے تھے۔ اگلے اوور کی پہلی گیند پر تلکرتنے دلشن بھی شاپور زدران کی گیند پر کیچ دیے بیٹھے۔ اٹھارہ کے اسکور پر سنگاکارا اور اکاون کے اسکور پر کارونا رتنے آؤٹ ہو گئے۔ اِس کے بعد تجربہ کار مہیلا جے وردھنے اور کپتان میتھیوز کے درمیان 126 رنز کی شراکت قائم ہوئی اور یہی میچ جیتنے کا سبب بنی۔ مہیلا نے سیچری بناتے ہوئے 100 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ میتھیوز نے 44 اسکور کیا۔ سری لنکا نے ٹارگٹ انچاسویں اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔