کرکٹ ورلڈ کپ: بھارت کی ایک اور جیت
6 مارچ 2015ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ یہ فیصلہ کوئی مناسب ثابت نہ ہوا۔ بھارتی تیز بولروں نے نپی تُلی بولنگ کی اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے ابتدائی کھلاڑی جلد آؤٹ ہوتے چلے گئے۔ ویسٹ انڈیز کی سات وکٹیں صرف 85 کے اسکور پر گر گئیں۔ ان میں اوپنر اسمتھ اور مارلن سیموئلز بھی کوئی بڑا اسکور نہیں کر سکے۔ تجربہ کار بیٹسمین کرِس گیل اور اپنا آٹھواں ایک روزہ میچ کھیلنے والے جوناتھن کارٹر اکیس اکیس رنز بنا سکے۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے کپتان جیس ہولڈر نے اپنی گرتی ہوئی ٹیم کی اننگز کو اپنی نصف سنچری سے سنبھالا۔ ہولڈر کی بیٹنگ کی وجہ سے اُن کی ٹیم کا اسکور 182 تک پہنچ پایا۔ وہ 57 رنز بنا سکے۔ سابق کپتان اور تیز بولر ڈیرن سیمی نے بھی 26 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم پینتالیسویں اوور میں 182 کے اسکور پر آؤٹ ہو گئی۔ بھارت کی جانب سے محمد شامی نے تین وکٹیں حاصل کی۔ تیز بولر اُمیش یادو اور اسپنر جڈیجہ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ماہرین کے خیال میں مضبوط بیٹنگ لائن اپ کی بنیاد پر بھارتی ٹیم 183 کا ٹارگٹ آسانی سے حاصل کر لے گی۔ لیکن پرتھ کی قدرے تیز پچ پر سوئنگ کرتی اور اٹھتی گیندوں پر بھارتی بیٹسمینوں کو ابتدا ہی سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دونوں اوپنر روہت شرما اور شیکھر دھوّن جلد آؤٹ ہو گئے۔ ویسٹ انڈیز کے تیز گیند بازوں نے خاصی ہمت سے بولنگ کروائی۔ اِن فارم بیٹسمین ویراٹ کوہلی 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ایجنکے رہانے اور سریش رائنا بھی کچھ دیر وکٹ پر ٹھہرے اور اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا مگر رہانے 17 اور رائنا 22 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
بھارت کی ایک روزہ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی اور آل راؤنڈر روندر جڈیہ نے ٹیم کو سنبھالنے کی بھرپور کوشش کی۔ دونوں کھلاڑیوں نے ویسٹ انڈیز کے تیز گیندوں کا ہمت سے سامنا کیا مگر جڈیجہ تیرہ کے اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔ دھونی نے ایک مرتبہ پھر انتہائی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ اُن کا ساتھ رویچندرن ایشون نے خوب نبھایا۔ بھارتی ٹیم چالیس ویں اوور میں ٹارگٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ دھونی 45 اور ایشوِن 16 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ ویسٹ انڈیز کے جیروم ٹیلر اور اندرے رسل دو دو وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ دوسرے تیز بولر خمار روچ، رسل اور اسمتھ ایک ایک کھلاڑی آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔
محمد شامی کو تین وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
کل ہفتے کے روز پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں ایک دوسرے کے مدِ مقابل ہوں گی۔