کرکٹ ورلڈ کپ جیت، بھارت میں جشن کا سماں
2 اپریل 2011سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 274 رنز بنائے تھے جبکہ بھارت کی اننگز کی ابتدا انتہائی بری رہی کیونکہ سری لنکا کے بولر ملنگا نے پہلے چار اوورز ہی میں بھارت کے دونوں اوپنر بیٹسمین آؤٹ کر دیے۔
پہلے دو کھلاڑیوں کے آؤٹ ہو جانے کے بعد گوتم گمبھیر نے 97 رنز کی خوبصورت اننگز کھیلی۔ انہوں نے مہیندرسنگھ دھونی کے ساتھ چوتھی وکٹ کی شراکت میں 118 گیندوں پر 109 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔
ممبئی کے وینکھڈے اسٹیڈیم میں اس فتح کے ساتھ ہی بھارتی ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈ پر چیمپئن بننے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ جیت کے بعد اسٹیڈیم میں فتح کا جشن مناتے ہوئے بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں نے سچن تندولکر کو کندھوں پر اٹھا لیا۔ سچن تندولکر نے پہلے ہی اعلان کر دیا تھا کہ وہ ورلڈ کپ آخری مرتبہ کھیل رہے ہیں۔
جیت کے بعد بھارت کے متعدد شہریوں میں عوام قومی پرچموں کے ہمراہ سٹرکوں پر نکل آئے اور ٹیم کے حق میں نعرے بازی کی۔ حکمران جماعت کانگریس پارٹی کی سربراہ سونیا گاندھی بھی نئی دہلی میں عوام کے ایک جشن مناتے ہوئے اجتماع میں شامل ہو گئیں۔ اس موقع پر وہ بھی اپنے ہاتھ سے ’وکٹری‘ کا نشان بلند کر رہی ہیں۔
میچ کے بعد اپنے انٹرویو میں بھارتی کپتان مہیندرسنگھ دھونی نے کہا کہ ان کے لیے اس ورلڈ کپ کے گزشتہ 35 روز نہایت خوبصورت اور خوشگوار تھے۔
’’یہ ایک اچھی فتح ہے۔ میں پوری طرح کھیل میں محو تھا۔ میرے لیے یہ 35 دن ہمیشہ یادگار رہیں گے، جو میں نے منزل پانے کے لیے اپنی ٹیم کے ساتھ گزارے۔‘‘
رپورٹ: عاطف توقیر
ادارت: مقبول ملک