کرکٹ ورلڈ کپ: پاکستان کوارٹر فائنل میں
15 مارچ 2015آسٹریلوی شہر ایڈیلیڈ میں پاکستان اور آئرلینڈ کا میچ دس ہزار کے قریب شائقین نے دیکھا اور اِن میں زیادہ تر پاکستانی باشندے تھے۔ آئرلینڈ کے کپتان ولیم پوٹر فیلڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ آج کے میچ میں پاکستان کی بالنگ خاصی نپی تلی رہی۔ ابتدا سے وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ آئرش ٹیم کو تیزی سے اسکور کرنے سے بھی روکا گیا۔ اِس کی ایک وجہ وقفے وقفے سے آئرش کھلاڑیوں کی وکٹوں کا گرنا تھا۔ ولیم پوٹرفیلڈ سینچری بنانے میں کامیاب رہے۔ وہ 107 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے تیز بالروں وہاب ریاض، احسان عادل، راحت علی اور سہیل خان نے عمدہ بالنگ کا مظاہرہ کیا اور چاروں نے آٹھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سب سے زیادہ وکٹیں وہاب ریاض نے حاصل کی اور انہوں نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ حارٹ سہیل بھی ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ آئر لینڈ کی ساری ٹیم پچاسویں اوور کی آخری گیند پر 237 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ پوٹر فیلڈ کے علاوہ کوئی اور کھلاڑی بڑی اننگز نہیں کھیل سکا۔
پاکستان کے اوپننگ بیٹسمینوں احمد شہزاد اور سرفراز احمد نے افتتاحی شراکت میں 120 رنز بنائے۔ اِس طرح دونوں نے انتہائی ذمہ دارانہ اننگز کا مظاہرہ کیا۔ احمد شہزاد 63 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ حارث سہیل صرف تین رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے 39 رنز بنا کر وکٹ پر اپنا پاؤں مار لیا اور اس طرح وہ آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے دو چھکے بھی مارے۔ پاکستانی ٹیم کی اننگز کا خاص پہلُو سرفرار احمد کی شاندار بیٹنگ تھی۔ سرفراز احمد نے اپنی ایک روزہ میچوں میں پہلی سینچری مکمل کی۔ جاری ورلڈ کپ میں یہ کسی بھی پاکستان بیٹسمین کی پہلی سینچری ہے۔ وہ 101 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ انہیں مین آف دی میچ بھی قرار دیا گیا۔
کرکٹ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میچوں کا سلسلہ بدھ سے شروع ہو رہا ہے۔ پہلا میچ سڈنی میں کھیلا جائے گا اور یہ میچ سری لنکا اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں کھیلیں گی۔ دوسرا میچ میلبورن میں بھارت اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ تیسرا کوارٹر فائنل جمعے کے روز ایڈیلیڈ شہر میں کھیلا جائے گا اور یہ میچ پاکستان اور میزبان آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان ہو گا۔ چوتھا اور آخری کوارٹر فائنل شریک میزبان نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ولنگٹن میں کھیلا جائے گا۔