کرکٹ: ٹیسٹ میچوں میں بھارتی ٹیم کا گھریلو قلعہ بھی منہدم
26 نومبر 2025
جنوبی افریقہ کی ٹیم نے بدھ کے روز گوہاٹی میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھارت کو 408 رنز سے بڑی شکست سے دو چار کیا اور اس طرح 25 سالوں میں پہلی بار بھارت کے ہوم گراؤنڈ پر پہلی ٹیسٹ سیریز جیتی۔
کھیل کے چوتھے روز جنوبی افریقہ نے بھارت کو 549 کا بڑا ہدف دیا تھا اور اس کے تعاقب میں بھارتی ٹیم پانچویں روز محض 140 رن بنا کر ڈھیر ہو گئی۔
جنوبی افریقہ نے جس فرق سے بھارت پر فتح حاصل کی ہے وہ بھی ایک سنگ میل ہے اور وہ بھارت کو اپنے ہی گھر میں ٹیسٹ میچ میں 408 رنز سے شکست دینے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔
یہ تیسرا موقع ہے جب کسی ٹیم نے بھارت کو ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کیا ہے۔ 40 سالوں میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ بھارت کو مسلسل دوسرے سال بھی ہوم سیریز میں شکست ہوئی ہے۔
اس سے قبل کولکتہ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھی جنوبی افریقی ٹیم نے بھارت کو بڑی شکست سے دو چار کیا تھا اور میچ تیسرے دن ہی جیت لیا تھا۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی فاتح جنوبی افریقہ نے کولکتہ میں 30 رنز سے اور گوہاٹی میں دوسرے میچ میں 408 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز 2-0 سے جیت لی۔
549 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے، بھارت نے منگل کو چوتھے دن 27 رن پر ہی دو وکٹیں کھو دی تھیں اور پانچویں دن تو وکٹیں تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئیں۔
سائمن ہارمر اور سینورن متھوسمی جیسے کھلاڑیوں نے بھارتی بیٹنگ یونٹ کے گرد ایک جال سا بچھایا اور انہیں دوسری اننگز میں 140 رنز پر آؤٹ کیا۔
جنوبی افریقہ کی طرف سے آف اسپنر سائمن ہارمر نے محض 37 رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کیں، جب کہ کیشو مہاراج، متھوسامی اور مارکو جانسن نے بالترتیب دو اور ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
گوہاٹی ٹیسٹ سے پہلے بھارت کی بدترین شکست 2004 میں اس وقت ہوئی تھی جب آسٹریلیا نے میزبان ٹیم کو ناگپور ٹیسٹ میں 342 رنز سے شکست دی تھی۔
دوسری طرف بھارت میں جنوبی افریقہ کو سب سے بڑی جیت 1996 کی سیریز میں ملی تھی۔
اس شکست سے بھارتی ٹیم کے کوچ گوتم گمبھیر پر دباؤ بڑھے گا، جن کی نگرانی میں بھارتی ٹیم مسلسل دوسری ہوم سیریز ہاری ہے۔ گزشتہ برس نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بھی بھارت کو تین صفر سے شکست دی تھی۔
البتہ اس سال کے شروع میں انگلینڈ میں بھارتی ٹیم سیریز ڈرا کرنے میں کامیاب رہی تھی، جس سے ان کی ساکھ کچھ بہتر ہوئی تھی۔ لیکن جنوبی افریقہ سے یہ شکست ٹیسٹ کوچ کے طور پر ان کے لیے پریشانی کا باعث بن سکتی ہے۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم کے کپتان ٹیمبا باوما، ہینسی کرونئے کے بعد بھارت میں سیریز میں کلین سویپ کرنے والے دوسرے جنوبی افریقی کپتان بن گئے ہیں۔ باوما نے ٹیسٹ کپتان کی حیثیت سے شکست کا سامنا کیے بغیر مسلسل سب سے زیادہ جیت کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا ہے۔ بین اسٹوکس کے 10 کی تعداد کو پیچھے چھوڑتے ہوئے انہوں نے 12 میں سے 11ٹیسٹ میچ جیتے ہیں۔
آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا فائنل جیتنے کے بعد جنوبی افریقی ٹیم نے گزشتہ ماہ پاکستان میں سخت مقابلے والی سیریز ڈرا کر دی تھی۔
ادارت: جاوید اختر