1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرکٹ: ’پاکستان بمقابلہ سری لنکا، مڈل آرڈر بيٹنگ کی جنگ‘

عاصم سليم6 اگست 2014

پاکستان اور سری لنکا کے مابين دو ٹيسٹ ميچوں اور تين بين الاقوامی ايک روزہ ميچوں کی سيريز کا آغاز چھ اگست سے ہو رہا ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم سری لنکن سرزمين پر 2006ء کے بعد اپنی پہلی ٹيسٹ سیریز جيتنے کی متمنی ہے۔

تصویر: Karim Sahib/AFP/Getty Images

سيريز ميں پاکستان اور سری لنکا کے درميان دو ٹيسٹ ميچز کھيلے جائيں گے۔ پہلا ميچ چھ اگست سے ساحلی شہر گال ميں شروع ہو رہا ہے اور عام طور پر يہی مانا جاتا ہے کہ ميزبان ٹيم کے ليے يہ ’ہنٹنگ گراؤنڈ‘ کی حيثيت رکھتا ہے يعنی سری لنکن ٹيم پوری کوشش کرتی ہے کہ گال کی نتيجہ خيز وکٹ کا فائدہ اٹھاتے ہوئےکہ مخالف ٹيم کو آغاز ہی ميں ڈھير کر دے۔

اس سيريز کے آغاز پر دونوں ٹيميں خاصی مختلف پوزيشنوں ميں ہيں۔ پاکستانی کھلاڑيوں نے رواں برس جنوری سے ٹيسٹ کرکٹ کا مزہ نہيں چکھا جبکہ ميزبان ٹيم سال کے آغاز ہی سے لگاتار ايکشن ميں رہی ہے۔

پاکستانی کپتان مصباح الحقتصویر: T. Saeed

يہ ٹيسٹ سيريز اس ليے بھی اہميت کی حامل ہے کيونکہ سری لنکا کے مايہ ناز بلے باز مہيلا جے وردھنے کی آخری سيريز ہے۔ جےوردھنے سيريز کے اختتام پر ٹيسٹ کرکٹ کو خيرباد کہنے والے ہيں۔ انہوں نے اپنے ملک کے ليے 147 ٹيسٹ ميچ کھيل کر 11,671 رنز بنا رکھے ہيں اور وہ کرکٹ کی تاريخ ميں سب سے زيادہ رنز بنانے والوں کی فہرست ميں چھٹے نمبر پر ہيں۔

يہ امر اہم ہے کہ پاکستانی ٹيم 2012ء ميں انگلينڈ کو شکست سے دوچار کرنے کے بعد سے کسی بھی ٹيسٹ سيزيز ميں کاميابی حاصل کرنے سے قاصر رہی ہے جبکہ سری لنکا اور پاکستان کے درميان رواں برس جنوری ميں متحدہ عرب امارات ميں کھيلی جانے والی سيريز ايک ايک سے برابر رہی تھی۔ پاکستانی ٹيم کے کپتان مصباح الحق نے بتايا کہ ٹيم 2006ء کے بعد سری لنکا ميں پہلی ٹيسٹ سيريز جيتنے کے ليے کافی پر عزم ہے۔

سری لنکن کپتان اينجيلو ميتھيوز نے کرکٹ سے وقفہ نہ ملنے پر فکر کا اظہار کيا اور بتايا کہ فاسٹ بالر سرنگا لکمال جنوبی افريقہ کے خلاف حاليہ سيريز کے دوران آنے والی انجری کے سبب سيريز ميں شرکت نہيں کر پائيں گے۔ ان کا مزيد کہنا تھا، ’’پاکستان کو اچھا آرام ملا ہے جبکہ ہم لگاتار کرکٹ کھيلتے آئے ہيں۔ يہ ہميشہ اچھا ہوتا ہے کہ کچھ آرام ملے اور ہم اپنے جسم و دماغ کو توانا کر سکيں۔‘‘

پاکستان کے سابق بیٹسمین اور جونیئر چیف سلیکٹر باسط علی نے ابھی حال ہی ميں کہا تھا کہ پاکستان اور سری لنکا برابر کی ٹیمیں ہیں ليکن یہ سیریز دراصل مڈل آرڈر بیٹنگ کی جنگ ثابت ہوگی۔

پاکستان اور سری لنکا کے درميان پہلا ٹيسٹ چھ تا دس اگست گال ميں کھيلا جائے گا۔ دوسرا ٹيسٹ ميچ دارالحکومت کولمبو ميں چودہ تا اٹھارہ اگست کھيلا جائے گا۔ بعد ازاں دونوں ٹيميں تين بين الاقوامی ايک روزہ ميچز بھی زور آزمائيں گی۔ پہلا ون ڈے تيئس اگست، دوسرا ستائيس اگست جبکہ تيسرا اور آخری ون ڈے ميچ تيس اگست کو کھيلا جائے گا۔

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ سیکشن پر جائیں

ڈی ڈبلیو کی اہم ترین رپورٹ

ڈی ڈبلیو کی مزید رپورٹیں سیکشن پر جائیں