کرکٹ کی گیند سے امپائر ہلاک
30 نومبر 2014اسرائیل کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر ناور گُڈکر نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ ہفتے کے روز جو میچ جاری تھا وہ قومی کرکٹ لیگ کا حصہ تھا۔ گیند لگنے سے ہلاک ہونے والے امپائر کا نام ہِلل آسکر ہے۔ اُس کی عمر پچپن برس تھی۔ اسرائیلی نیشنل لیگ کا میچ جنوبی ساحلی شہر اشدود میں کھیلا جا رہا تھا۔ ناور گُڈکر نے امپائر کی ہلاکت پر شدید افسوس کا اظہار کرنے کے علاوہ اُن کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین بھی پیش کیا گیا۔ ہِلل آسکر امپائرنگ سے قبل اسرائیل کی قومی کرکٹ کے رُکن اور کپتان بھی رہ چکے ہیں۔
ہِلل آسکر کو گیند لگنے کے فوری بعد اشدود کے کرکٹ میدان کے نزدیک ہی ہسپتال پہنچایا گیا لیکن وہ چوٹ سے جانبر نہ ہو سکے۔ ہسپتال کے ڈاکٹر نے امپائر کا معائنہ کرنے کے بعد اُس کی ہلاکت کی تصدیق کر دی۔ اسرائیل کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر کے مطابق ہِلل آسکر ایک انٹرنیشنل امپائر تھے اور وہ یورپی کرکٹ چیمپیئن شپ کے میچوں کی نگرانی بھی کر چکے تھے۔ ہفتے کے روز جس میچ میں آسکر کو چوٹ لگی، وہ اسرائیلی نیشنل لیگ کرکٹ سیریز کا آخری میچ تھا۔
بیٹسمین کی لگائی ہوئی زور دار شاٹ کے نتیجے میں گیند اسرائیلی امپائر ہِلل آسکر کے سر پر لگی۔ ناور گُڈکر کے مطابق آسکر نے تیز رفتار گیند سے بچنے کی پوری کوشش کی لیکن وہ مکمل طور پر گیند کے راستے سے ہٹ نہیں سکے اور گیند لگنے کے بعد وہ میدان میں گر پڑے۔ اشدود کرکٹ ٹرسٹ کے اویتال فیلکس کے مطابق بالرز اینڈ پر کھڑے آسکر کو گیند وکٹوں کو ٹکرانے کے بعد سیدھی گردن پر لگی۔ آسکر کی بیوی جینی کے مطابق یہ حادثہ فِل ہیُوز کے موت کے سوگ میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کے فوری بعد رونما ہوا۔ اسرائیل کے وزیر کھیل لیمور اِونات نے انکوائری کا حکم جاری کیا ہے۔ امپائر کی ہلاکت کی تفتیش کا باقاعدہ آغاز پولیس نے کر دیا ہے۔ اسرائیلی پولیس نے کھیل کے دوران فاؤل پلے کو خارج از امکان قرار دیا ہے۔
دوسری جانب اسرائیل کرکٹ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پوری تنظیم اور تمام کرکٹرز اِس افسوسناک واقعے پر افسردہ و غمزدہ ہونے کے علاوہ جاں بحق ہونے والے امپائر کے سوگ میں سر جھکائے ہوئے ہیں۔ اُن کی تدفین کی رسومات بدھ کو ادا کی جائیں گی۔ یہ امر اہم ہے کہ چند روز قبل آسٹریلیا میں جنوبی آسٹریلیا اور نیو ساؤتھ ویلز کے درمیان کھیلے جانے والے آسٹریلوی قومی کرکٹ لیگ کے ایک میچ میں تیز بالر شین ایبٹ کے شارٹ پچ گیند سے بیٹسمین فِل ہیُوز کی موت واقع ہو چکی ہے۔ ہیُوز کو گیند سر کی پچھلی جانب گردن کے اُوپری حصے میں لگی اور اندرونی ورید کے پھٹنےاور دماغ میں خون جمع ہو جانے سے وہ دم توڑ گئے تھے۔