کرکٹ کے دیس میں فٹبال کا میچ
31 اگست 2011ان دونوں جنوبی امریکی حریف ٹیموں کے درمیان اس دوستانہ میچ کی منظوری فیفا نے دی ہے۔ بھارت، جہاں ایک عرصے سے کرکٹ کا راج ہے، میں اب تک کا یہ سب سے بڑا فٹبال میچ ہوگا۔
کولکتہ میں فٹبال مینجمنٹ گروپ کے بھاشور گوسوامی کا کہنا ہے، ’’یہ کولکتہ کے لیے ایک یادگار دن ہو گا۔ رواں برس بہترین کارگردگی دکھانے والے کھلاڑی یہاں کے اسٹیڈیم پر آمنے سامنے ہوں گے۔‘‘
بدھ کے روز دنیا کے مشہور فٹبالرمیسی کی آمد پر ان کے ہزاروں شائقین کولکتہ ہوائی اڈے پر جمع تھے لیکن سکیورٹی وجوہات کی بنا پر کسی کو پتہ چلے بغیر ان کو وہاں سے نکال لیا گیا۔
اس میں کوئی شک نہيں کہ بھارتی دل و جان سے کرکٹ کے ساتھ محبت کرتے ہیں لیکن 1.2بلین افراد پر مشتمل اس ملک کو فٹبال کی ممکنہ بڑی مارکیٹ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ بھارت میں مڈل کلاس سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد سٹیلائٹ کے ذریعے فٹبال میچ دیکھتی ہے۔ انگلش پریمئر لیگ کا فٹبال کلب بلیک برن اب بھارتی ملکیت ہے جبکہ لیور پول کلب اکتوبر میں نئی دہلی کے مضافات میں ایک فٹبال کوچنگ اکیڈمی کھولے گا۔
گزشتہ برس جرمن فٹبال کلب بائرن میونخ نے بھی ایک چیرٹی میچ مقامی ٹیم ایسٹ بنگال کے ساتھ کھیلا تھا۔ جرمن فٹبال ٹیم کی طرف سے دو برسوں کے دوران بھارت میں کھیلا جانے والا یہ دوسرا میچ تھا۔ لیکن اس کے باوجود یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ بارسلونا سپراسٹارز میسی اور جیویر ماشیرانو بھارتی سر زمین پر کھیل رہے ہیں۔ گزشتہ سال عالمی کپ کے دوران میسی کو صرف ایک مرتبہ کپتانی کے فرائض سونپے گئے تھے لیکن رواں سیزن میں کپتنانی کے فرائض مکمل طور پر ان کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔ میسی کو کپتانی کے فرائض سونپتے وقت اس ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ Julian Camino کا کہنا تھا، ’’میسی کے دنیا بھر میں کروڑوں مداح ہیں، جو اس سے محبت کرتے ہیں۔‘‘
یاد رہے کہ سالٹ لیک اسٹیڈیم بھارت کی سب سے عمارت بھی ہے۔
رپورٹ: امتیاز احمد
ادارت: عابد حسین